07 اکتوبر 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: منگل کے روز سپریم کورٹ میں چھبیسویں آئینی ترمیم کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں آٹھ رکنی آئینی بینچ نے کی۔
بینچ میں جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم افغان اور جسٹس شاہد بلال بھی شامل ہیں۔
عدالت نے فریقین کو پہلے ہی نوٹسز جاری کر رکھے تھے، جبکہ ان درخواستوں پر پہلی سماعت 27 جنوری 2025 کو ہوئی تھی۔ گزشتہ سماعت میں فل کورٹ بینچ بنانے اور سماعت کو براہ راست نشر کرنے کی درخواستیں دی گئی تھیں، جن پر عدالت نے نوٹس جاری کیے تھے۔
سماعت کے آغاز پر مصطفیٰ نواز کھوکھر کے وکیل شاہد جمیل روسٹرم پر آئے اور مؤقف اختیار کیا کہ فل کورٹ کی تشکیل سے متعلق ان کی درخواست پر اعتراضات لگائے گئے ہیں، جن کے خلاف چیمبر اپیل دائر کی گئی ہے۔ انہوں نے استدعا کی کہ پہلے چیمبر اپیل پر فیصلہ کیا جائے۔ جس پر بینچ نے مشاورت کے بعد درخواست پر نمبر لگانے کی ہدایت کر دی۔
بعد ازاں جسٹس (ر) جواد ایس خواجہ کے وکیل خواجہ احمد حسین روسٹرم پر آئے اور کہا کہ سب سے پہلے سماعت کو براہ راست نشر کرنے کا فیصلہ کیا جائے۔ اس موقع پر جسٹس امین الدین نے ریمارکس دیے کہ پہلے بینچ کی تشکیل کا معاملہ دیکھ لیتے ہیں تاکہ واضح ہو سکے کہ فل کورٹ بنے گا یا یہی بینچ سماعت کرے گا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ جب فل کورٹ کی درخواست پر فیصلہ ہو جائے گا تو وہ بینچ طے کرے گا کہ کیس لائیو نشر کرنا ہے یا نہیں۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ عوامی اہمیت کا کیس ہے، اس لیے لائیو اسٹریمنگ کی اجازت دی جائے تاکہ عوام خود دیکھ سکیں کہ فل کورٹ کی تشکیل پر کیا دلائل اور عدالتی ریمارکس دیے جا رہے ہیں۔ جسٹس امین الدین نے کہا کہ یہ فیصلہ عوام کے لیے نہیں بلکہ بینچ نے کرنا ہے۔
دورانِ سماعت جسٹس امین الدین نے ریمارکس دیے کہ ایسا نہ ہو کہ یہاں پانچ منٹ بحث ہو اور باہر جا کر بیس منٹ تک بحث جاری رہے۔ عدالت نے لائیو اسٹریمنگ سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا۔
اس موقع پر خیبرپختونخوا حکومت کے وکیل بیرسٹر صلاح الدین نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بینچ کے کسی رکن جج پر ذاتی حیثیت میں کوئی اعتراض نہیں، تاہم یہ کیس فل کورٹ کو سننا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ چھبیسویں آئینی ترمیم عوامی اہمیت کا معاملہ ہے، لیکن اس کا ڈرافٹ عوام کے سامنے نہیں رکھا گیا اور نہ ہی کوئی عوامی بحث ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ ترمیم رات کے اندھیرے میں منظور کی گئی، اس لیے کم از کم عدالتی کارروائی کو لائیو دکھایا جانا چاہیے تاکہ حقائق عوام کے سامنے آئیں۔ بیرسٹر صلاح الدین نے یاد دلایا کہ ماضی میں ذوالفقار علی بھٹو کیس، پریکٹس اینڈ پروسیجر کیس، مونال ریسٹورنٹ کیس، شوکت عزیز صدیقی کیس، ایف-9 پارک درختوں کی کٹائی کیس، بلے کے انتخابی نشان کیس اور مخصوص نشستوں کے کیس کی سماعتیں لائیو نشر کی جا چکی ہیں۔
جسٹس نعیم افغان نے ریمارکس دیے کہ آپ چاہتے ہیں دن کی روشنی میں سماعت کے ساتھ ساتھ لائیو اسٹریمنگ بھی ہو۔ اس پر وکیل نے کہا کہ چونکہ ترمیم رات کے اندھیرے میں پاس ہوئی، اس لیے عوام کے سامنے حقائق آنا ضروری ہیں۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان روسٹرم پر آئے تو جسٹس عائشہ ملک نے پوچھا کہ حکومت کا لائیو اسٹریمنگ سے متعلق کیا موقف ہے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ لائیو اسٹریمنگ ایک انتظامی معاملہ ہے، لہٰذا بینچ جو فیصلہ کرے گا حکومت اس پر عمل کرے گی۔
سماعت کے دوران جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ ہمارا المیہ ہے کہ ہم ہر چیز کا غلط استعمال کرتے ہیں۔ ہم نے لائیو اسٹریمنگ سے عوام کو تعلیم دینا چاہا تھا، مگر ہم خود اس سے ایکسپوز ہو گئے۔
بعد ازاں آئینی بینچ نے چھبیسویں آئینی ترمیم کیس کی سماعت کو براہ راست نشر کرنے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کر دی۔