شوکت کورائی
کراچی
بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے بلوچستان میں انسانی حقوق کی صورتحال پر سالانہ رپورٹ پیش کرنے کے لیے طے شدہ پریس کانفرنس کو انتظامیہ نے روک دیا۔ اتوار کے روز کراچی پریس کلب کی جانب جانے والے تمام راستوں پر کنٹینرز اور گاڑیاں کھڑی کر کے داخلہ بند کر دیا گیا۔
یہ دوسرا موقع ہے جب پریس کلب کو اس طرح گھیرے میں لیا گیا ہے۔ گذشتہ ماہ بھی عورت مارچ کی جانب سے بلوچستان میں خواتین کی گرفتاریوں کے خلاف پریس کانفرنس کے اعلان پر اسی طرح کی کارروائی کی گئی تھی۔
پریس کلب تک رسائی روک دی گئی
صبح سے ہی پولیس نے کراچی پریس کلب کی طرف جانے والے تمام داخلی راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی مرکزی رہنما سمیع الدین بلوچ، فوزیہ بلوچ، لاپتہ نسرین بلوچ کے اہل خانہ اور عورت مارچ کے نمائندے جب پریس کلب پہنچے تو انہیں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔
بی وائی سی کراچی کی رہنما فوزیہ بلوچ نے وی او اے سے گفتگو میں بتایا: “جب ہم پریس کلب پہنچے تو پولیس والے ہمیں ٹالتے رہے۔ ہمیں کہا گیا کہ اس گیٹ سے نہیں، دوسرے گیٹ سے چلے جائیں۔ ہم نے ہر داخلی راستے سے جانے کی کوشش کی لیکن کافی بحث کے بعد ہمیں بتایا گیا کہ وہ ہمیں کلب کے اندر نہیں جانے دیں گے۔”
پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ انہیں اعلیٰ حکام کی جانب سے ہدایت ہے کہ کسی کو بھی پریس کلب میں داخل نہ ہونے دیں۔ ایک اہلکار نے بی وائی سی رہنماؤں سے بات چیت میں کہا کہ “وہ ان کی بہنوں کی طرح ہیں لیکن انہیں اجازت نہیں دی جا سکتی، وہ اس حوالے سے مجبور ہیں۔”
اس دوران پولیس نے بلوچی لباس میں ملبوس ایک خاتون کو پریس کلب کے سامنے سے گرفتار بھی کر لیا۔
نامعلوم مقام پر پریس بریفنگ
پریس کلب میں داخلے سے روکے جانے کے بعد بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں نے نامعلوم مقام پر پریس بریفنگ دی۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما سمیع الدین بلوچ نے کہا: “ریاست نے بات کرنے بھی نہیں دینی۔ ہم نے پریس کانفرنس کے لیے پریس کلب میں بکنگ کروائی تھی لیکن ہمیں جانے نہیں دیا گیا۔ ہم جو رپورٹ میڈیا کے سامنے رکھنا چاہتے تھے، مجبوراً ہمیں مقام تبدیل کرنا پڑا۔”
بلوچستان: انسانی حقوق کی پامالی کا بدترین سال
سمیع الدین بلوچ نے رپورٹ کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا: “سال 2025 بلوچستان میں انسانی حقوق کے حوالے سے بدترین سال رہا۔ گذشتہ برسوں کی نسبت 2025 میں بہت زیادہ انسانی حقوق کی پامالی ہوئی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا: “بلوچستان میں صرف جبری گمشدگیوں کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ ٹارگٹ کلنگ، صحت و تعلیم کی سہولیات کا فقدان، روڈ حادثات اور کینسر جیسے امراض سے بڑھتی ہوئی اموات جیسے مسائل کا لوگ سامنا کر رہے ہیں۔ ریاست اور اس کی مافیا منظم سیاسی قوت کو ابھرنے نہیں دے رہے۔”
جبری گمشدگیوں کے اعداد و شمار
رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے دوران 1223 افراد لاپتہ ہوئے۔ ان میں سے 348 کو ظاہر کیا گیا، جن میں سے 43 افراد کو جعلی مقابلوں میں قتل کیا گیا یا تشدد کے بعد ان کی لاشیں پھینک دی گئیں۔
جبری گمشدگیاں بلوچستان کے 27 اضلاع سے رپورٹ ہوئیں۔ سب سے زیادہ واقعات ضلع کیچ سے سامنے آئے جہاں 339 افراد لاپتہ ہوئے۔ اس کے بعد آواران سے 114، گوادر سے 91، پنجگور سے 92، ڈیرہ بگٹی سے 91 اور کوئٹہ سے 81 افراد جبری طور پر لاپتہ کیے گئے۔
گذشتہ برس جبری گمشدہ افراد میں 18 خواتین اور 75 کم عمر افراد شامل ہیں۔ لاپتہ افراد میں طلبا اور اساتذہ کا تناسب 40 فیصد ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری نے 652 لوگوں کو جبری طور پر لاپتہ کیا، سی ٹی ڈی نے 211، ایم آئی نے 173، ریاستی حمایت یافتہ ڈیتھ اسکواڈ نے 35 اور آئی ایس آئی نے 28 افراد کو جبری طور پر اٹھایا۔
نسرین بلوچ کیس
لاپتہ نسرین بلوچ کی کزن وسیمہ بلوچ نے کہا: “نسرین بلوچ کو بے گناہ اٹھایا گیا ہے۔ اگر ان کے خلاف جرم ہے تو انہیں عدالت میں پیش کیا جائے۔ ہمیں کہا گیا کہ خاموش رہیں، نسرین بلوچ واپس آ جائے گی، لیکن تاحال وہ واپس نہیں آئیں۔”
خواتین کی آواز دبانے کی کوشش
عورت مارچ کی آرگنائزر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا: “ریاست نہیں چاہتی کہ عورت باہر نکلے اور جدوجہد میں حصہ لے۔ وہ عورت کی آواز کو دبانا چاہتے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا: “جو ان کے حق میں بول رہا ہے، اب اسے بھی سزائیں دی جا رہی ہیں۔ عورت مارچ میں شامل تمام تنظیمیں بلوچ خواتین کے ساتھ ہیں۔”
میڈیا بلیک آؤٹ اور انصاف کا فقدان
بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں میڈیا بلیک آؤٹ ہے اور عدالتوں میں انصاف نہیں مل رہا۔ ماہ رنگ بلوچ اور بی وائی سی کے رہنماؤں کو اگر کسی کیس میں ضمانت مل بھی جاتی ہے تو ان پر مزید کیسز بنا دیے جاتے ہیں۔