16 فروری 2026


تحریر: عصمت اللہ نیازی

پاکستان میں اقلیتیں روزِ اول سے ہی نہ صرف شدید سماجی دباؤ بلکہ غیر انسانی سلوک اور جبر کا شکار رہی ہیں، باوجود اس کے کہ قومی پرچم، جسے ہم سبز ہلالی پرچم کہتے ہوئے فخر محسوس کرتے ہیں، اس میں شامل سفید رنگ کی پٹی اقلیتوں کی نمائندگی کرتی ہے اور اس کے بغیر پرچم کی تکمیل ممکن نہیں۔ مگر سوال یہ ہے کہ کیا ہم نے بحیثیتِ قوم ان اقلیتوں کے وجود کو حقیقی معنوں میں تحفظ فراہم کیا، یا ان کے بنیادی انسانی حقوق کو یقینی بنایا؟ اس لیے کہ نہ صرف آئینِ پاکستان اس کی واضح ضمانت دیتا ہے بلکہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے قیامِ پاکستان سے چند روز قبل کراچی میں قانون ساز اسمبلی سے اپنی تاریخی گیارہ اگست کی تقریر میں دوٹوک الفاظ میں اس امر کی وضاحت کی تھی کہ نئے ملک میں ہر شہری کو اپنے عقیدے کے مطابق زندگی بسر کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہوگی۔ ان کے مشہور الفاظ تھے، ’’آپ آزاد ہیں، آپ اپنے مندروں میں جانے کے لیے آزاد ہیں، آپ اپنی مسجدوں میں جانے کے لیے آزاد ہیں یا ریاستِ پاکستان میں کسی بھی دوسری عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔‘‘

انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کا کسی بھی شہری کے ذاتی عقیدے سے کوئی تعلق نہیں۔ ریاست کی نظر میں تمام شہری برابر ہوں گے۔ کوئی تفریق نہیں۔ ذات پات، رنگ، نسل یا عقیدے کی بنیاد پر کسی کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا۔ اس تقریر کے بعض حصوں کو بعد میں ریاستی بیانیے میں نمایاں جگہ نہ مل سکی، اور اس کی تشہیر اور حوالہ دینے کے انداز پر بحث ہوتی رہی ہے۔

قیام پاکستان کے وقت ہونے والے دنگے فساد میں اِدھر ہندو اور سکھ تشدد کا نشانہ بنے جب کہ نئی سرحد کے اس پار مسلمانوں پر بھی ظلم ہوا۔ البتہ قیامِ پاکستان کے بعد کے واقعات کی بات کریں، تو 1953 کے لاہور فسادات کو اقلیتوں (خاص طور پر احمدیہ کمیونٹی) کے خلاف تشدد کا پہلا بڑا اور منظم واقعہ تسلیم کیا جاتا ہے۔ 1953 کے لاہور فسادات فروری اور مارچ میں برپا ہوئے تھے۔ مبینہ طور پر ان کا بنیادی مقصد احمدیہ کمیونٹی کو غیر مسلم قرار دلوانا اور اس وقت کے وزیرِ خارجہ سر ظفر اللہ خان (جو کہ احمدی تھے) کو ان کے عہدے سے ہٹوانا تھا۔ ان فسادات میں بڑے پیمانے پر لوٹ مار، قتل و غارت اور جلاؤ گھیراؤ ہوا۔ البتہ ہلاکتوں کے اعداد پر اختلاف پایا جاتا ہے۔ سرکار نے ہلاک ہونے والوں کی کم تعداد رپورٹ کی جبکہ غیر سرکاری اندازوں کے مطابق سیکڑوں لوگ ہلاک ہوئے۔ اس تشدد کو روکنے کے لیے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار 6 مارچ 1953 کو لاہور میں مارشل لاء لگایا گیا تھا۔

اس کے بعد 1963 کا ٹھیری (خیرپور) کا واقعہ رونما ہوا جو شیعہ کمیونٹی کے خلاف تشدد کا ایک بڑا واقعہ تھا، جہاں ایک عاشورہ کے جلوس پر حملہ کیا گیا اور لگ بھگ سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ مسیحی برادری کے خلاف بڑے پیمانے پر منظم تشدد کے واقعات نسبتاً بعد کے ادوار جیسے 1990 اور 2000 کی دہائی میں زیادہ نمایاں ہوئے۔

لیکن اقلیتوں سے متعلق جو ایک بہت سنگین معاملہ سامنےآیا ہے وہ مذہب کی جبری تبدیلی اور کم عمر میں شادیوں کا ہے جو عالمی سطح پر بھی پاکستان کی بدنامی کا سبب بن رہا ہے۔ اس معاملے میں نہ صرف مرکزی بلکہ صوبائی حکومتیں بھی بے بس نظر آتی ہیں۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ بھی پاکستان پر زور دیتا رہا ہے کہ وہ مذہب کی جبری تبدیلیوں اور کم عمری کی شادیوں پرقابو پانے کے لیے نہ صرف کوششیں تیز کرے بلکہ قانون سازی بھی کرے۔ اس حوالے سے 2023 اور 2024 میں اقوام متحدہ کے ماہرین نے حکومتِ پاکستان پر ٹھوس اقدامات کرنے اور اپنے مقامی قوانین اور انسانی حقوق کے حوالے سے عالمی وعدوں کی پاسداری کرنے پر زور دیا۔ ماہرین نے تاکید کی کہ ان واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور ملوث عناصر کا مکمل احتساب یقینی بنایا جائے۔

مختلف غیر سرکاری تنظیموں جیسے موومنٹ فار سولیڈیرٹی اینڈ پیس کے مطابق پاکستان میں ہر سال تقریباً 1,000 سے زائد اقلیتی (ہندو اور مسیحی) لڑکیوں کو مبینہ طور پر جبری مذہب تبدیل کروا کر مسلمان مردوں سے بیاہ دیا جاتا ہے۔ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے عہدیداروں کے مطابق صرف سندھ میں ہر ماہ کم از کم 20 ہندو لڑکیوں کو جبری تبدیلیِ مذہب کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ان واقعات میں سے اکثریت (تقریباً 60% سے زائد) ان لڑکیوں کی ہے جن کی عمر 18 سال سے کم (نابالغ) ہوتی ہے۔ اکثر کیسز میں 12 سے 15 سال کی بچیوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ یہ وہ واقعات ہیں جو رپورٹ ہوتے ہیں تاہم اصل اعداد شمار اس سے کہیں زیادہ بتائے جاتے ہیں کیوں کہ اکثر کیسز میں یا تو متاثرین سامنے آنے سے ڈرتے ہیں یا پولیس ان واقعات کا اندراج ہی نہیں کرتی۔

سندھ اور بلوچستان کی صوبائی اسمبلیاں شادی کی کم سے کم عمر 18 سال مقرر کرنے کے قانون کی منظوری دے چکی ہیں۔ جبکہ پنجاب حکومت نے کم عمری میں شادیوں کی روک تھام کے لیے شادی کی کم سے کم عمر 18 سال مقرر کرنے کا آرڈیننس جاری کیا ہے۔ پنجاب کے جاری کیے گئے آرڈیننس کے تحت کم عمری کی شادی کو ناقابلِ ضمانت جرم قرار دیا گیا ہے۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو زیادہ سے زیادہ سات سال قید اور 10 لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ پنجاب میں ’پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ آرڈیننس 2026‘ نافذ ہونے کے بعد 1929 کا قدیم قانون اب مکمل طور پر ختم ہو گیا ہے۔ جس کے تحت مردوں کے لیے شادی کی کم از کم عمر 18 سال اور خواتین کے لیے 16 سال مقرر تھی۔

قومی اسمبلی بھی، اسلام آباد کی حد تک پہلے ہی 18 سال سے کم عمر بچوں کی شادی کو جرم قرار دینے کے لئے قانون سازی کر چکی ہے۔ تاہم جے یو آئی ف سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے اس قانون سازی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے شریعت کے خلاف قرار دیا۔ ایک رکن نے تو یہاں تک کہا کہ ان کا دوسری شادی کا کوئی ارادہ تو نہیں ہے، لیکن اگر انہیں غصہ آیا اور قانون توڑنا پڑا تو وہ 16 سالہ لڑکی سے شادی کرلیں گے۔ اس سب کے باوجود، ان قوانین سے امید تو ہے کہ کم عمر بچیوں کی جبری شادیوں کو کسی حد تک روکا جاسکے گا۔ تاہم اصل مسئلہ ان قوانین پر سختی سے عمل درآمد کا ہے۔

جبری مذہب تبدیلی اور کم عمری کی شادی کے واقعات میں تیزی کی ایک وجہ پنجاب اور سندھ کے نوجوانوں میں انتہا پسندی کے رجحان میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔ دیکھا گیا ہے کہ نوجوان مخالف سیاسی یا مذہبی رائے رکھنے والوں پر تشدد اور دہشت کے ذریعے اپنا نظریہ نافذ کرنا چاہتے ہیں، جنہیں پولیس اور عدلیہ کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ ان رویوں کا براہ راست شکار اقلیتیں بنتی ہیں حالانکہ کوئی بھی مذہب ہو، جبر اور تشدد کے بجائے رواداری کا درس دیتا ہے۔ مسائل تب پیدا ہوتے ہیں جب اکثریت اپنی سوچ کو دوسروں کے عقائد سے بالاتر سمجھنے لگے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here