20 فروری 2026

حفیظ اللہ ستوری شیرانی


اسلام آباد

سپریم کورٹ آف پاکستان نے ماتحت عدلیہ کے ججوں کے لیے سخت اخلاقی معیارات مقرر کرتے ہوئے ایک اہم فیصلہ جاری کیا ہے، جس کے تحت کسی جج کی شہرت داغدار ہونے یا اس پر عوامی اعتماد مجروح ہونے کی صورت میں اسے ملازمت سے برطرف کرنا قانوناً جائز قرار دیا گیا ہے۔

جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ، جس میں جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس محمد شفیع صدیقی شامل تھے، نے پنجاب سبارڈینیٹ جوڈیشری سروس ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ ٹربیونل نے 17 جنوری 2025 کو میلسی، ضلع وہاڑی کے ایک ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی برطرفی کی سزا کو لازمی ریٹائرمنٹ میں تبدیل کر دیا تھا۔ ٹربیونل کے مطابق کرپشن کے الزامات ثابت کرنے کے لیے شواہد ناکافی تھے، اگرچہ جج کی خراب شہرت کا الزام برقرار رکھا گیا تھا۔

لاہور ہائی کورٹ کے رجسٹرار نے اس نرمی کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی، جبکہ متعلقہ عدالتی افسر نے اپنی مکمل بحالی کی استدعا کر رکھی تھی۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ جج کا منصب عام سول سرونٹ سے مختلف ہوتا ہے اور اس پر فائز شخص کا ہر قسم کے شک و شبہ سے بالاتر ہونا ضروری ہے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ جب کسی عدالتی افسر کی دیانت داری پر عوام کا اعتماد ختم ہو جائے تو قانون کی حکمرانی کا پورا ڈھانچہ متاثر ہوتا ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ خراب شہرت کے حامل جج کو مراعات کے ساتھ ریٹائر کرنا احتساب کے مقصد کو ناکام بنا دیتا ہے، جبکہ ایسے عناصر کو عدالتی نظام سے الگ کرنا ادارے کی صحت کے لیے ناگزیر ہے۔ فیصلے میں مثال دیتے ہوئے کہا گیا کہ عدالتی ادارے کی تطہیر ایسے ہی ہے جیسے جسم سے کسی رسولی (ٹیومر) کو کاٹ کر الگ کر دیا جائے۔ عدالت نے اسلامی اصولوں کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ بدعنوان یا نااہل افراد کو عہدوں پر برقرار رکھنا الٰہی امانت میں خیانت کے مترادف ہے۔

اس فیصلے کے عملی اثرات اور عدالتی نظام کی مجموعی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد کے نوجوان وکیل اور عدالتی و سیاسی امور پر گہری نظر رکھنے والے ایڈووکیٹ حبیب کریم نے وائس پی کے کو متبادل نقطۂ نظر پیش کرتے ہوئے کہا، “پہلے بھی سپریم کورٹ کے ایک جج ماتحت عدلیہ کے دورے کرتے تھے لیکن ان کی اپنی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ اس ملک میں جوڈیشل ایکٹوزم کی تاریخ نئی نہیں۔ اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں سے لے کر میڈیا میں جج صاحبان کی نمایاں موجودگی تک مختلف شکلوں میں یہ رجحان جاری رہا ہے۔ البتہ جس احتساب کی ضرورت اپنے ہی ادارے کے اندر تھی، اس پر کم توجہ دی گئی”۔

انہوں نے بتایا کہ “حال ہی میں اسلام آباد بار کونسل نے پریس کانفرنس میں ضلعی عدالتوں اور حتیٰ کہ ہائی کورٹ میں بھی بدعنوانی سے متعلق شکایات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ اس مخصوص کیس میں بھی اصل سوال یہ ہے کہ جج کے خلاف الزامات کی نوعیت کیا تھی اور ان کے ثبوت کیا تھے۔ کرپشن صرف ماتحت عدلیہ کا مسئلہ نہیں، اگر اوپر سے نظام کمزور ہو تو نیچے بھی جوابدہی کا خوف ختم ہو جاتا ہے۔”

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر ایڈووکیٹ ریاست علی نے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے عدالتی نظام کی مجموعی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، “ججوں کے خلاف رشوت یا سفارش کے براہِ راست ثبوت اکثر دستیاب نہیں ہوتے، لیکن ان کا عمومی طرزِ عمل اور پیشہ ورانہ شہرت ہی ان کی ساکھ کا تعین کرتی ہے۔ اگر کسی جج کی شہرت خراب ہو تو یقیناً اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے”۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ “اس فیصلے سے میں اتفاق کرتا ہوں کیونکہ عدلیہ کا کام لوگوں کو انصاف فراہم کرنا ہے۔ تاہم ملک میں حالیہ آئینی ترامیم کے بعد عدلیہ کے حوالے سے بھی سنجیدہ سوالات پیدا ہوئے ہیں۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور عوامی شکایات میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے باوجود میرا مؤقف یہی ہے کہ جن ججوں کی ساکھ اور کردار پر سنجیدہ سوالات ہوں، ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہونی چاہیے۔”

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد قانونی حلقوں سمیت سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔

سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ماتحت عدلیہ کے ججوں کے طرزِ عمل، احتساب کے نظام اور اعلیٰ عدلیہ کے مجموعی کردار پر قانونی ماہرین، وکلا تنظیموں اور بار کونسلز کے اندر ایک وسیع بحث جاری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس فیصلے کو بعض حلقے عدالتی احتساب کی جانب اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں، جبکہ بعض اسے عدالتی نظام میں موجود وسیع تر مسائل کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here