27 جولائی 2026

رپورٹ:اسلام گل


باڑہ: خیبرپختونخوا حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے وعدے کے مطابق تیراہ میں بدامنی اور نقل مکانی کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو ایک کروڑ روپے اور زخمیوں کو پچیس لاکھ روپے کی مالی معاونت جلد از جلد یقینی بنائے۔

سترسالہ اول بادشاہ آج باڑہ میں منعقدہ اُس تقریب میں شریک ہوئے جس کا مقصد اپنے بیٹے اور دو نوجوان نواسوں کی جدائی کے دکھ کو کسی حد تک کم کرنا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت کی ادائیگی میں تاخیر پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال سات جنوری کو سہ پہر چار بجے، علاقے سے دوسری بار نقل مکانی کے دوران، گھر کا سارا سامان ایک چھوٹے ٹرک میں لاد کر وہ اپنے دو بیٹوں محمد شاہ اور انس خان، اور دو نواسوں — پندرہ سالہ قاری عنایت اللہ اور چودہ سالہ اسرافیل — کے ہمراہ سفر پر روانہ ہوئے۔ ان کے مطابق شدید برفباری، راستے میں زیادہ رش اور غیر یقینی صورتحال کے باعث رات دس بجے گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، جس میں محمد شاہ اپنے دونوں بیٹوں سمیت جاں بحق ہوگئے جبکہ انس خان شدید زخمی ہوئے۔

اول بادشاہ نے بتایا کہ محمد شاہ کے پیچھے چھ بچے اور ایک بیوہ رہ گئے ہیں جو انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا نے شہید کے لیے ایک کروڑ اور زخمی کے لیے پچیس لاکھ روپے امدادی پیکج کا اعلان کیا تھا، اسی وعدے کے مطابق لواحقین کو مالی معاونت فراہم کی جائے۔

یہ تقریب “تحریک متاثرین تیراہ” کی جانب سے شہداء کی یاد میں باڑہ میں منعقد کی گئی، جس میں بدامنی کی لہر کے دوران زخمی اور معذور ہونے والے افراد کے لواحقین نے بھی شرکت کی۔ تحریک کے مطابق 2023 سے جنوری 2026 تک وادیٔ تیراہ میں کشیدہ صورتحال اور نقل مکانی کے دوران 170 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 200 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

تحریک کے ترجمان صحبت خان آفریدی نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا فوری طور پر اپنے اعلان کردہ پیکج کے مطابق تمام جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کو مالی معاونت فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ شہید کے لیے ایک کروڑ اور زخمی کے لیے پچیس لاکھ روپے کا پیکج مختص کیا گیا ہے، تاہم ضلعی حکام کی جانب سے شہید کے لواحقین کو صرف دس لاکھ اور زخمی کو تیس سے پچاس ہزار روپے دیے جا رہے ہیں، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

تیراہ سے بے گھر ہونے والے خاندانوں کی واپسی کے لیے پہلے دس اپریل کی تاریخ مقرر کی گئی تھی، تاہم مقامی عمائدین کی چوبیس رکنی کمیٹی، سیکورٹی فورسز اور ضلعی حکام کے مابین حالیہ ملاقات میں واپسی کی نئی تاریخ دس اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔ اس کے باوجود بے گھر خاندانوں کے اندراج اور مالی معاونت کا عمل غیر معمولی طوالت اختیار کر چکا ہے اور تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔

ضلعی حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں 34 ہزار خاندانوں کا اندراج مکمل ہوا، جبکہ سیکورٹی فورسز اور ضلعی حکام کی ہدایت پر مقامی عمائدین کی تصدیق کے بعد دوسرے مرحلے میں مزید 12 ہزار خاندانوں کے دستاویزات ضلعی حکام کو موصول ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں 19 ہزار خاندانوں کی تصدیق کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور انہیں گاڑی کرائے کی مد میں دو لاکھ چالیس ہزار روپے، جبکہ دو ماہ کی ماہانہ معاونت کے طور پر ستر ہزار روپے ادا کیے جا چکے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے کے لیے چار ہزار خاندانوں کی فہرست جاری کی گئی ہے، جن کی تصدیق کا عمل باڑہ کے قریب لحاج مارکیٹ میں جاری ہے اور اب تک تقریباً تین ہزار خاندانوں کی تصدیق مکمل کی جا چکی ہے۔

متاثرین اور مقامی عمائدین نے انخلا کے وقت حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر تاحال عمل درآمد نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تقریب میں شریک باڑہ سیاسی اتحاد کے صدر ہاشم خان آفریدی نے کہا کہ نقل مکانی کے معاہدے کے تحت واپسی کا مرحلہ محض پہلا نکتہ تھا، جبکہ باقی چونتیس نکات میں سے ایک پر بھی عمل درآمد نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ حکام کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے مطابق نقل مکانی اور واپسی صرف اسی صورت میں ہوگی جب تیراہ پرامن اور ترقی یافتہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے کہ لوگ ایسے حالات میں واپس جائیں جہاں امن اور بنیادی سہولیات کے منصوبے تاحال مکمل نہیں ہوئے۔ انہوں نے میدانی علاقوں میں بگڑتی امن و امان کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے تحصیل باڑہ کے میدانی علاقوں میں سیکورٹی خدشات کے پیش نظر چیک پوسٹوں پر عام لوگوں کی آمد و رفت بند کر دی گئی ہے۔ کل شلوبر قمبرخیل کے علاقے ارجلی ندی میں سیکورٹی چیک پوسٹ کے سامنے عام شاہراہ بند کیے جانے کے خلاف مقامی نوجوانوں نے احتجاج کیا، تاہم حکومت کی جانب سے اس بارے میں تاحال کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here