11 اگست 2026

نور علی خان


وانا

خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل میں پاک افغان سرحدی علاقے آنگور اڈہ کے قریب 45 سالہ خاتون کو نامعلوم افراد نے پتھر مار کر بے دردی سے قتل کردیا۔ واقعے نے پورے علاقے کو سوگوار اور مقامی آبادی کو شدید تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔

واقعہ وانا سے تقریباً 57 کلومیٹر دور آنگور اڈہ کے علاقے کے کے چوک، زیڑہ لیٹہ کے مقام پر پیش آیا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق مقتولہ بدامہ بی بی، زابت خان ولد عزیز خان کی اہلیہ تھیں اور ان کا تعلق خوجل خیل قبیلے سے تھا۔ اہل خانہ نے بتایا کہ وہ 6 اگست کو معمول کے مطابق صبح سویرے گھر کی بھیڑ بکریاں چرانے کے لئے قریبی پہاڑ پر گئیں، جہاں تقریباً 10 بجے نامعلوم افراد نے انہیں پتھر مار کر شدید زخمی کردیا۔ اطلاع ملنے پر اہل خانہ اور مقامی افراد نے دوپہر تقریباً 12 بجے ان کی لاش پہاڑ سے برآمد کی، جس کے جسم کے مختلف حصوں پر گہرے زخم موجود تھے۔ بعد ازاں لاش آبائی گھر منتقل کر دی گئی۔

خاندان کے ایک فرد نے وائس پی کے کو بتایا کہ بدامہ بی بی روزانہ مویشی چرانے کے لئے قریبی پہاڑوں پر جاتی تھیں اور عموماً دوپہر تک واپس گھر آجاتی تھیں۔ 6 اگست کو جب وہ مقررہ وقت پر واپس نہ آئیں تو تلاش شروع کی گئی، جس کے دوران پہاڑ پر ان کی لاش ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ خاندان کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں تھی اور واقعے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ اہل خانہ کے مطابق مقتولہ ایک محنت کش خاتون تھیں اور ان کے بچے بھی محنت مزدوری کرکے گزر بسر کرتے ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی خاندان نے قریبی پولیس چوکی اور مقامی سیکیورٹی فورسز یونٹ کو مطلع کیا۔ بعد ازاں مقتولہ کو آبائی گاؤں میں سپرد خاک کر دیا گیا، جہاں اہل خانہ اور بچوں نے شدید غم کے عالم میں اپنی والدہ کو الوداع کہا۔

“خاموشی کے بجائے آواز اٹھانے کی ضرورت”

خواتین کے حقوق کے لئے کام کرنے والی سماجی کارکن رضیہ محسود نے واقعے کو انتہائی افسوسناک اور ظالمانہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے ساتھ اس نوعیت کا غیرانسانی سلوک ناقابلِ برداشت ہے اور یہ قبائلی علاقوں کی خواتین کے لئے لمحۂ فکریہ ہے۔ انہوں نے سیاسی قیادت، اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ملوث افراد کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموش رہنے کے بجائے ان کے حق میں آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی رپورٹ درج کرلی گئی ہے اور تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، تاہم قتل کی وجوہات اور ملوث افراد کی شناخت کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی معلومات سامنے نہیں آئیں۔ ذرائع کے مطابق واقعہ آنگور اڈہ پولیس چوکی اور راغزئی تھانے کی حدود میں پیش آیا، جس کی تحقیقات کے لئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ مقامی سیکیورٹی فورسز یونٹ کے تعاون سے جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

مقتولہ کے خاندان کے ملک سلطان وزیر نے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا۔ ان کے مطابق زابت خان اور بدامہ بی بی کی کل 9 اولادیں ہیں، جن میں 5 بیٹیاں اور 4 بیٹے شامل ہیں، اور خاندان کا تعلق ایک غریب گھرانے سے ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کے ساتھ ساتھ متاثرہ خاندان کی مالی معاونت بھی کی جائے۔

وانا کے مختلف سیاسی و سماجی حلقوں نے واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو اس طرح نشانہ بنانا پشتون معاشرتی روایات کے بھی منافی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کرکے اصل حقائق سامنے لائے جائیں اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

مقامی حلقوں کے مطابق آنگور اڈہ اور ملحقہ علاقوں میں مواصلاتی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث واقعے کی بروقت اطلاع اور رابطوں میں مشکلات پیش آئیں، جس کی وجہ سے خبر منظرِ عام پر آنے میں بھی تاخیر ہوئی۔

“خواتین کے حقوق اور تعلیم پر مؤثر اقدامات ناگزیر”

پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی وزیرستان لوئر کے ضلعی جنرل سیکرٹری عمران مخلص کے مطابق علاقے میں خواتین کے حقوق، تعلیم اور بنیادی سہولیات کے حوالے سے اب بھی خاطر خواہ کام کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو ان کے بنیادی حقوق سے آگاہ کرنے اور تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لئے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق علاقے میں اس نوعیت کا واقعہ پہلی بار سامنے آیا ہے، جس کے باعث لوگوں میں شدید تشویش پیدا ہوگئی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here