15 اگست 2026
رپورٹ:اسلام گل
خیبر
وادیٔ تیراہ سے بے گھر ہونے والے خان سید اپنے بچوں کی مسلسل بیماریوں کے باعث سخت پریشان ہیں۔ اُن کی چھ سالہ بیٹی کے طبی معائنے کے بعد ڈاکٹر نے تشخیص کی کہ اُسے ملیریا ہو چکا ہے۔ ہسپتال کی جانب سے کچھ ادویات مفت فراہم کی گئیں جبکہ ایک سیرپ بازار سے خریدنے کے لیے لکھ دیا گیا۔
خان سید بتاتے ہیں: ”بچی کو پچھلے چار دن سے بخار تھا، اسی لیے علاج کے لیے باڑہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال لائے ہیں۔ بچوں کو ہر قسم کی بیماریوں کا سامنا ہے، کھانسی، خسرہ، ڈائریا اور اب ملیریا کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔ تیراہ میں اتنی بیماریاں نہیں تھیں، جبکہ یہاں آنے کے بعد روزانہ گھر میں کوئی نہ کوئی بچہ بیمار رہتا ہے۔“ ایک سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا: ”ہم حکومت سے کچھ نہیں مانگتے، بس ہمیں فوری طور پر اپنے گھروں کو واپس جانے کی اجازت دی جائے۔“
ہسپتال کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ خسرے سے اب تک دو بچوں کی موت واقع ہو چکی ہے، تاہم حکام نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔
نقل مکانی، دوسری بار
وادیٔ تیراہ سے رواں سال جنوری کے اوائل میں ممکنہ فوجی آپریشن کے خدشے کے پیش نظر 40 ہزار سے زائد خاندانوں نے دوسری بار نقل مکانی کی۔ یہ خاندان اب ضلع خیبر، پشاور اور نوشہرہ میں کرائے کے مکانات، خیموں اور دیگر عارضی رہائش گاہوں میں محدود وسائل کے ساتھ مشکل زندگی گزار رہے ہیں۔
نقل مکانی کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال باڑہ میں ماہانہ او پی ڈی مریضوں کی تعداد 9 ہزار سے بڑھ کر 18 ہزار تک جا پہنچی ہے، جن میں 24 فیصد بچے شامل ہیں۔ ایمرجنسی وارڈ میں پہلے ماہانہ آٹھ مریض آتے تھے، اب یہ تعداد 1500 سے تجاوز کر چکی ہے۔ محکمۂ صحت کے مطابق رواں سال اگست کے وسط تک بچوں میں خسرے کے 128 مشتبہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں سے 103 کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ گزشتہ پورے سال میں صرف 120 کیسز سامنے آئے تھے۔ طبی عملے کے مطابق اس اضافے کی بنیادی وجہ تیراہ سے بے گھر ہونے والے بچوں کی بروقت ویکسینیشن نہ ہونا ہے۔
تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال باڑہ کے ماہرِ اطفال ڈاکٹر محمد رفیق کہتے ہیں: ”تیراہ سے نقل مکانی کے بعد بچوں کو علاج کے لیے ہسپتال لانے کی تعداد کافی بڑھ گئی ہے۔ بے گھر بچوں میں جلد، پیٹ، ڈی ہائیڈریشن، ملیریا اور خسرے کی بیماریاں عام ہیں۔ تیراہ اور یہاں کے موسم میں کافی فرق ہے، یہاں درجۂ حرارت زیادہ ہونے کی وجہ سے یہ بیماریاں آسانی سے بچوں کو متاثر کرتی ہیں۔“ اُن کے مطابق بے گھر خاندان محدود وسائل کے ساتھ کرائے کے مکانات، رشتہ داروں، خیموں یا غاروں میں مقیم ہیں، جہاں بنیادی سہولیات کے فقدان اور حفظانِ صحت کے مسائل کے باعث بچے بیماریوں کا آسان شکار بن جاتے ہیں۔
”دس ماہ کی بچی خسرے کا شکار ہو گئی“
سید محمد کی دس ماہ کی بیٹی خسرے میں مبتلا ہو کر حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں چند دن زیرِ علاج رہی۔ سید محمد رواں سال جنوری کے اوائل میں اپنے آبائی علاقے سے نقل مکانی کے بعد ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے علاقے شنکو میں رشتہ داروں کے ہاں مقیم ہیں۔
وہ بتاتے ہیں، ”دو ہفتے پہلے بچی کے دانت نکلنے کے آثار ظاہر ہونے لگے تو ساتھ بخار، زکام اور پیٹ خراب ہونے کی شکایت بھی پیدا ہوئی۔ علاج کے لیے گاؤں کے ڈاکٹر کے پاس لے گئے، لیکن دوا دینے کے باوجود تیز بخار برقرار رہا اور آنکھوں سے مسلسل پانی آنا شروع ہو گیا، جس پر دوسرے دن ہم اسے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس لے گئے۔ وہاں اُس کی طبیعت کافی خراب تھی، کئی دن زیرِ علاج رہنے کے بعد بہتری آئی تو گھر واپس آئے۔“
سید محمد کی بچی کے علاج کے دوران محکمۂ صحت کے عملے نے نہ صرف اُن کے گھر کا دورہ کیا بلکہ بیماری کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے قریب کے تقریباً 15 بچوں کو بھی خسرے سے بچاؤ کی ویکسین لگائی۔
”بیٹی کی آنکھوں کا علاج، مگر پیسے نہیں“
رحیم شاہ نے بھی رواں سال جنوری میں اپنے آبائی علاقے تیراہ سے نقل مکانی کی۔ وہ پیشے کے اعتبار سے ڈرائیور ہیں اور شمالی وزیرستان میں ایک تعمیراتی کمپنی کے لیے ٹرک چلاتے ہیں۔ تین بھائیوں کے خاندان باڑہ بازار کے قریب ایک چھوٹے کرائے کے گھر میں رہائش پذیر ہیں۔
اُن کا کہنا ہے: ”نقل مکانی کے بعد میری بیٹی صفہ کی آنکھوں میں تکلیف پیدا ہوئی۔ معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے کہا کہ ڈیڑھ لاکھ روپے میں سرجری کروانا ہو گی، لیکن میرے پاس اتنے پیسے نہیں ہیں اور اُسے اب کچھ دکھائی نہیں دے رہا۔ باقی بچوں کے علاج کے لیے بھی لوگوں سے قرض لینا پڑا اور کئی مہینوں سے مسلسل علاج جاری ہے۔“ رحیم شاہ کے دو بھائیوں کے چار بچے بھی جلدی امراض میں مبتلا ہیں۔
خصوصی ویکسینیشن مہم
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر رفیق حیات کے مطابق رواں ماہ 10 سے 15 اگست تک تحصیل باڑہ، جمرود اور لنڈی کوتل کے اُن علاقوں میں، جہاں تیراہ سے بے گھر خاندان مقیم ہیں، خسرے سمیت 12 دیگر بیماریوں کی روک تھام کے لیے خصوصی ویکسینیشن مہم جاری ہے۔ اُن کا کہنا ہے: ”اس مہم سے ایک تو خسرے سے بچوں کا بچاؤ ممکن ہو سکے گا، اور دوسرا جو بچے اپنے علاقے سے نقل مکانی کے دوران معمول کی ویکسینیشن سے محروم رہ گئے تھے، اُنہیں بھی حفاظتی ٹیکے لگ سکیں گے۔ مہم میں 2,976 بچوں تک رسائی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور اس کے لیے 190 ویکسینیٹرز تعینات کیے گئے ہیں۔ کوشش ہے کہ سو فیصد رسائی حاصل کی جا سکے۔ دیگر اضلاع میں بھی تیراہ کے بے گھر بچوں تک رسائی کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ کام جاری ہے۔“
باڑہ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے اعداد و شمار کے مطابق باڑہ میں تیراہ کے 1,746 بچوں کو ویکسین دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، لیکن اب تک 20 سے زائد خاندانوں نے اپنے بچوں کو ویکسین دینے سے انکار کیا ہے۔ محکمۂ صحت کے ایک عہدیدار کے مطابق اس انکار کی بڑی وجہ اندراج اور حکومتی مالی معاونت کا حصول نہ ہونا ہے، تاہم محکمہ ان خاندانوں کو قائل کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ویکسین ضرور لگوائیں۔
ضلعی حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں 34 ہزار خاندانوں کا اندراج ہوا، جبکہ سکیورٹی اور ضلعی حکام کی ہدایت پر مقامی عمائدین کی تصدیق کے بعد دوسرے مرحلے میں 12 ہزار خاندانوں کی دستاویزات ضلعی حکام کو موصول ہو چکی ہیں۔ حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں 19 ہزار خاندانوں کی تصدیق کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے، جن کے لیے گاڑی کرائے کی مد میں دو لاکھ چالیس ہزار روپے اور دو ماہ کی معاونت کی مد میں 70 ہزار روپے ادا کر دیے گئے ہیں۔ دوسرے مرحلے میں چار ہزار خاندانوں کی فہرست جاری کر دی گئی ہے جن کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔ تاہم بے گھر خاندانوں میں بچوں کی تعداد سے متعلق مستند اعداد و شمار موجود نہیں ہیں۔
”ویکسین سے بچی صحت یاب ہوئی“
پچاس سالہ سعداللہ خان بھی وادیٔ تیراہ کے بے گھر افراد میں شامل ہیں۔ اُن کی گیارہ سالہ نواسی کو خسرہ ہوا، تاہم چونکہ اُسے پہلے سے خسرے سے بچاؤ کی ویکسین لگ چکی تھی، اس لیے 24 سے 30 گھنٹے کے شدید بخار اور منہ میں چھالوں کے بعد معمولی ادویات سے ہی اُس کی صحت بہتر ہونا شروع ہو گئی۔
سعداللہ خان بتاتے ہیں: ”محکمۂ صحت کی ٹیم آئی اور ہمارے قریب کے تقریباً 15 بچوں کو بھی خسرے سے بچاؤ کی ویکسین لگا دی۔“
”تین سال تک بچوں کو ویکسین نہیں مل سکی“
تحریکِ متاثرینِ وادیٔ تیراہ کے ترجمان صحبت خان آفریدی کہتے ہیں کہ نقل مکانی سے پہلے تقریباً تین سال تک بدامنی اور پُرتشدد واقعات کے باعث وادیٔ تیراہ میں بچوں کو پولیو اور دیگر بیماریوں سے بچاؤ کی باقاعدہ ویکسینیشن فراہم نہیں کی جا سکی۔ اُن کے بقول علاقے میں کوئی ہسپتال موجود نہیں تھا اور چھوٹے صحت مراکز بھی بدامنی کے باعث بند کر دیے گئے تھے۔
اُن کا دعویٰ ہے: ”تیراہ میں صرف ایک فیصد بچوں کو ویکسین لگ سکی تھی۔ نقل مکانی کے بعد بے گھر خاندان کم سہولیات، شدید گرمی اور خوراک کے ناقص انتظام کے باعث شدید مسائل کا شکار ہیں۔ تیراہ کے بے گھر خاندان بڑی تعداد میں ضلع خیبر، پشاور اور نوشہرہ کے ایسے علاقوں میں مقیم ہیں جو آفریدی قبائل کی بڑی آبادی کے لیے جانے جاتے ہیں، اس لیے محکمۂ صحت سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو بے گھر بچوں کی صحت اور دیگر سہولیات کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے چاہییں۔“
تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے اعداد و شمار کے مطابق نقل مکانی سے پہلے او پی ڈی میں ماہانہ 10 سے 11 ہزار مریض آتے تھے، جو اب بڑھ کر 18 ہزار تک جا پہنچے ہیں۔ اس ہسپتال میں پہلے ہی مقامی چھ لاکھ آبادی کے علاوہ ضلع اورکزئی اور پشاور کے مضافاتی علاقوں کے مریض بھی علاج کے لیے آتے تھے، اور اب تیراہ سے نقل مکانی کے بعد مریضوں کی تعداد میں مزید نمایاں اضافہ ہو چکا ہے۔ کٹیگری ڈی کے اس ہسپتال میں محکمۂ صحت کی جانب سے بچوں، گائناکالوجی، میڈیکل اور جنرل سرجری کے شعبوں کے لیے عملہ تعینات ہے، جبکہ محدود وسائل کے باوجود انتظامیہ جلد، امراضِ قلب، ناک، کان، گلہ، سینہ اور الٹراساؤنڈ کی سہولیات بھی فراہم کر رہی ہے۔ تاہم دستیاب معلومات کے مطابق نقل مکانی کے بعد بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہسپتال کو کوئی اضافی عملہ یا فنڈز مہیا نہیں کیے گئے۔
ویکسین سے انکار کی وجہ کیا؟
صحبت خان آفریدی ویکسین سے انکاری خاندانوں کے حوالے سے کہتے ہیں: ”حکومت نے لوگوں کے اندراج کے لیے پولیو کے ڈیٹا میں موجود ہونا لازمی قرار دیا، جبکہ بڑی تعداد میں خاندانوں کا اندراج اس لیے نہیں ہو سکا کہ اُن کا یہ ریکارڈ سرے سے دستیاب ہی نہیں تھا۔ اسی وجہ سے متاثرین یہ سمجھتے ہیں کہ مراعات کو پولیو کے ساتھ جوڑ دیا جاتا ہے اور ہمیں نہیں ملتیں، جبکہ دوسری جانب ویکسین کے لیے ٹیمیں پھر بھی بھیج دی جاتی ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ہم اپنے بچوں کو بیماریوں سے تحفظ چاہتے ہیں اور انکاری خاندانوں کی تعداد بہت کم ہے۔ اس کے باوجود اگر کہیں کوئی مسئلہ پیدا ہو تو تحریکِ متاثرین محکمۂ صحت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔“
بچاؤ کیسے ممکن ہے؟
ڈاکٹر محمد رفیق والدین کو مشورہ دیتے ہیں: ”بچوں کو بیماریوں سے بچانے کے لیے گھروں میں صفائی اور غذا کا خاص خیال رکھنا چاہیے تاکہ اُن کی قوتِ مدافعت مضبوط رہے۔ پانی اُبال کر پینا چاہیے، اور گھروں کے اندر و باہر کھڑے پانی کو ختم کرنا چاہیے تاکہ ملیریا پھیلانے والے مچھروں کی افزائش روکی جا سکے۔ بچوں کو موسم کی شدت سے بچانے کے لیے بھی مناسب اقدامات کرنے چاہییں۔“
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر رفیق حیات کہتے ہیں: ”خسرہ زیادہ تر اُن بچوں کو متاثر کرتا ہے جنہیں نو ماہ کی عمر میں پہلی اور 15 ماہ میں دوسری بار خسرے سے بچاؤ کی ویکسین نہ لگی ہو۔ متاثرہ بچے میں شدید بخار، زکام، آنکھوں کا سرخ ہونا اور پانی آنا، اور منہ میں چھالے پڑنا بنیادی علامات ہیں۔ علاج میں عام ادویات سے بخار قابو کرنا ہوتا ہے، اور صحت یابی میں ایک سے 21 دن تک کا وقت لگ سکتا ہے۔“ اُنہوں نے والدین پر زور دیا کہ بچوں کو بروقت ویکسین لگوائیں اور کسی بھی مسئلے کی صورت میں فوری طور پر قریبی صحت مرکز سے رجوع کریں۔
ملک بھر میں خسرے کی صورتحال
پاکستان میں گزشتہ چند برسوں کے دوران خسرے کے کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق رواں سال جون تک ملک بھر میں 20 ہزار سے زائد مشتبہ خسرہ کیسز رپورٹ ہو چکے تھے، جن میں 96 بچوں کی اموات ہوئیں۔ ان میں سندھ کے 53، خیبر پختونخوا کے 24، پنجاب کے 15 اور بلوچستان کے چار بچے شامل ہیں۔ عالمی سطح پر بھی خسرہ خصوصاً کم عمر بچوں کے لیے جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے اعداد و شمار کے مطابق 2023 میں پاکستان میں 17 ہزار 722 خسرہ کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ 2024 میں یہ تعداد بڑھ کر 24 ہزار 709 تک جا پہنچی۔ 2025 کے دستیاب سرویلنس اعداد و شمار کے مطابق 18 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے۔ ادارے کے مطابق متاثرہ بچوں کی اکثریت غیر ویکسین شدہ یا نامکمل ویکسینیشن والے پانچ سال سے کم عمر بچوں پر مشتمل تھی۔
محکمۂ صحت خیبر پختونخوا کے مطابق ضلع خیبر میں خسرے سمیت دیگر امراض سے بچاؤ کے لیے 43 ہزار 724 بچوں کو ویکسین لگائی گئی، جو کل ہدف کا 81 فیصد بنتا ہے۔ خیبر میں خسرے کے واقعات میں اضافے کے پیشِ نظر خیبر اور پشاور کے بعض علاقوں میں خصوصی مہم جاری ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق پشاور میں چھ لاکھ پچاس ہزار بچے موجود ہیں، جن میں سے دو لاکھ 17 ہزار 637 بچے محکمۂ صحت کے پاس ویکسینیشن کے لیے رجسٹرڈ ہیں۔ معلومات کے مطابق پشاور میں آخری مہم کے دوران 8 ہزار 798 بچوں کو ویکسین نہیں لگائی جا سکی، جبکہ ایک لاکھ آٹھ ہزار بچے ویکسین کی مقررہ مدت پوری ہونے کے باوجود اس سے محروم رہے۔
آخر میں، تیراہ سے بے گھر ہونے والے لوگوں کی مدد کے لیے غیر سرکاری امدادی اداروں کو حکومت کی جانب سے کام کرنے کی اجازت اب تک نہیں دی گئی، جس کے باعث بے گھر بچوں اور خواتین کے مسائل کم ہونے کے بجائے مسلسل بڑھ رہے ہیں۔