30 ستمبر 2026
رپورٹ: شوکت کورائی
کراچی: دنیا بھر کے صحافی اور سماجی رابطوں کی ویب گاہوں پر مواد شائع کرنے والے افراد اب خواتین کے بارے میں لکھتے ہوئے باعزت، مناسب اور حساس الفاظ کے انتخاب میں مصنوعی ذہانت سے مدد لے سکتے ہیں۔
غیر سرکاری تنظیم ’’عکس‘‘ کی ایک تحقیق کے مطابق بہت سے صحافی اور سوشل میڈیا صارفین غیر ارادی طور پر بھی خواتین کے لیے ایسے الفاظ استعمال کر جاتے ہیں جو نامناسب یا غیر حساس ہوتے ہیں۔ اسی ضرورت کے پیشِ نظر تنظیم نے خواتین کے حقوق اور صنفی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک منصوبہ شروع کیا ہے۔
پلیٹ فارم کیسے کام کرتا ہے؟
’’عکس‘‘ کی ایگزیکیوٹو ڈائریکٹر تسنیم احمر کے مطابق صارفین کو پہلے پلیٹ فارم پر خود کو رجسٹر کرنا ہوگا، جس کے بعد وہ مصنوعی ذہانت کے مختلف ٹولز استعمال کر سکیں گے۔ صحافی اپنی تیار کردہ خبر پلیٹ فارم پر موجود خانے میں شامل کریں گے تو چند سیکنڈ میں انہیں بتایا جائے گا کہ کون سے الفاظ یا جملے صنفی حساسیت کے اعتبار سے نامناسب ہیں، اور ساتھ ہی ان کے متبادل بھی تجویز کیے جائیں گے۔ یہ نظام صنفی تعصبات اور دقیانوسی تصورات سے جڑے الفاظ اور جملوں کی بھی نشاندہی کرے گا۔ اگر کوئی صارف لکھتے ہوئے کسی مقام پر اٹک جائے تو اس کے پاس مصنوعی ذہانت سے سوال پوچھنے کا آپشن بھی موجود ہوگا۔
تسنیم احمر کا کہنا ہے کہ منصوبے میں ایک سے زیادہ ذرائع شامل ہیں جنہیں صحافی اور سماجی کارکن اپنی ضرورت کے مطابق استعمال کر سکتے ہیں، اور اسے دونوں طبقات کی جانب سے مثبت ردعمل مل رہا ہے۔
’’ہم چاہتے ہیں کہ اس پلیٹ فارم کو جامعات اور خبر رساں اداروں کے نیوز رومز میں متعارف کرایا جائے اور صحافت کے طلبہ اور دیگر متعلقہ شعبوں سے وابستہ افراد تک پہنچایا جائے۔ بدقسمتی سے یہ چیزیں نہ جامعات میں باقاعدہ سکھائی جاتی ہیں اور نہ اکثر خبر رساں اداروں میں اس حوالے سے تربیت دی جاتی ہے۔ میں یہ بات اپنے تجربے کی بنیاد پر کہہ رہی ہوں، کیونکہ میں نے دونوں جگہوں پر کام کیا ہے۔‘‘
’’جیسے کوئی ساتھی کان میں کہہ رہا ہو‘‘
روزنامہ ڈان سے وابستہ سینئر نامہ نگار شازیہ حسن نے وائس پی کے سے گفتگو میں کہا کہ انگریزی ذرائع ابلاغ میں ایسے الفاظ کے استعمال میں نسبتاً زیادہ احتیاط نظر آتی ہے، جبکہ اردو ذرائع ابلاغ میں نامناسب الفاظ کا استعمال زیادہ نمایاں ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ خود بھی اس کوتاہی سے مبرا نہیں۔ ’’میں اکثر ’سروائیور‘ کے بجائے ’وکٹم‘ کا لفظ استعمال کر دیتی ہوں۔ جنسی زیادتی کے مقدمے میں ’سروائیور‘ جیسے الفاظ استعمال ہونے چاہییں۔ نور مقدم کے معاملے میں بھی میں انہیں ’وکٹم‘ ہی کہتی رہی۔ جب کسی خاتون کے ساتھ زیادتی یا کوئی سنگین جرم ہوتا ہے تو ذہن میں فوراً یہی لفظ آتا ہے۔‘‘
ان کے بقول یہ پروگرام اس حوالے سے بہت معاون ثابت ہوگا۔ ’’مجھے ایسا محسوس ہوگا جیسے کوئی ساتھی میرے ساتھ بیٹھا ہو اور کان میں کہہ رہا ہو کہ آپ نے یہاں یہ لفظ کیوں لکھا؟ ذرا دوبارہ دیکھیں، شاید اس کی جگہ کوئی زیادہ مناسب لفظ استعمال ہو سکتا ہے۔‘‘
شازیہ حسن کے مطابق نامہ نگار اکثر بہت تیزی سے لکھ رہے ہوتے ہیں اور بعض اوقات مناسب لفظ ذہن میں آتا ہی نہیں۔ ایسے میں یہ ٹول وقت بچانے کے ساتھ فوری نشاندہی بھی کرتا ہے۔ ’’یہ خود آپ کی تحریر تبدیل نہیں کرے گا، بلکہ بتائے گا کہ یہاں بہتر لفظ استعمال کیا جا سکتا ہے۔ حتمی فیصلہ آپ کا ہوگا۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے اس دور میں ایسے پروگراموں کا دائرہ خبروں تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ ’’ہمارے ڈراموں میں بھی بعض اوقات ایسے جملے ہوتے ہیں، مثلاً کسی خاتون کے بارے میں یہ کہنا کہ وہ ’سبزی والے کے ساتھ بھاگ گئی‘، یا کسی مخصوص طبقے یا پیشے کے فرد کو تعصب اور تحقیر کے انداز میں پیش کرنا۔ یہ مناسب نہیں۔‘‘
’’مقصد فیصلہ لینا نہیں، یاد دہانی ہے‘‘
فلم اور فنون کے شعبے سے وابستہ عائشہ گزدر کا کہنا ہے کہ خواتین سے متعلق جرائم کی رپورٹنگ اور تحریروں میں ایسی زبان ہونی چاہیے جو خواتین کو احترام اور حساسیت کے ساتھ پیش کرے۔ ’’میرے خیال میں اس کی بہت سخت ضرورت ہے، کیونکہ ہمارے ہاں اکثر صحافیوں اور نامہ نگاروں کو مناسب تربیت نہیں ملتی۔ ایسے ذرائع اور تربیتی طریقوں کا جتنا زیادہ استعمال ہوگا، صحافتی زبان اور رپورٹنگ کا معیار اتنا ہی بہتر ہوگا۔‘‘
ان کے مطابق اگر کسی رپورٹ میں یہ تاثر ملے کہ ’’خاتون رات کو گھر سے باہر کیوں نکلی؟‘‘، یا اس کے لباس، زبان یا طرزِ زندگی کو جرم کی وجہ ٹھہرانے کی کوشش کی گئی ہو، تو یہ نظام اس کی نشاندہی کرے گا اور بہتر متبادل تجویز کرے گا۔
’’اس کا مقصد صحافی کی جگہ فیصلہ لینا نہیں، بلکہ اسے یاد دلانا ہے کہ رپورٹنگ کرتے ہوئے ہماری زبان کہیں غیر محسوس طور پر متعصبانہ نہ ہو جائے۔ حتمی فیصلہ ہمیشہ نامہ نگار یا مدیر کا ہی ہوگا۔‘‘
اس منصوبے کے تحت ایک رہنما فہرست بھی تیار کی گئی ہے، جس میں خواتین کے لیے محفوظ اور مساوی ماحول کی فراہمی، باعزت زبان کے استعمال، ’’متاثرہ فرد‘‘ یا ’’زندہ بچ جانے والی‘‘ جیسے مناسب الفاظ اپنانے اور متاثرہ فرد کی شناخت محفوظ رکھنے جیسے اہم نکات شامل ہیں۔