30 اکتوبر 2026

رپورٹ: محمد دانیال


پشاور: خیبرپختونخوا کے ایمرجنسی سے متاثرہ 12 اضلاع میں امن و امان کی بحالی اور بنیادی انفراسٹرکچر کی تعمیر و ترقی کے لیے قائم کردہ ‘ایریا ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈیولپمنٹ کونسل’ (اے آر ڈی سی) کے فوکل پرسن محمود جان بابر نے واضح کیا ہے کہ عسکریت پسندوں کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے، بلکہ انہیں صرف ہتھیار ڈالنے یا علاقہ چھوڑنے کا حتمی پیغام دیا جا رہا ہے۔

وائس پی کے کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ ماضی میں عسکریت پسندوں کے ساتھ کیے جانے والے مذاکرات کے کوئی خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہوئے۔ “دہشت گردوں نے ماضی میں جنگ بندی اور بات چیت کے مواقع کا فائدہ اٹھا کر افغانستان سے پاکستان میں دوبارہ داخل ہونے اور بدامنی پھیلانے کی کوشش کی۔”

محمود جان بابر کے مطابق اے آر ڈی سی کو دو بنیادی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں:

1.ترقیاتی ضروریات کا تعین

متاثرہ اضلاع میں ان تمام معطل یا زیر التوا منصوبوں کی نشاندہی اور سفارشات تیار کرنا جو بدامنی کے باعث شروع نہیں ہو سکے۔

2. مقامی رابطہ و انتباہ

قبائلی عمائدین اور مقامی آبادی کے تعاون سے ان خاندانوں تک پہنچنا جن کے افراد مبینہ طور پر شدت پسندی میں ملوث ہیں اور انہیں غیر مشروط سرنڈر یا علاقہ چھوڑنے کی تنبیہ کرنا۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس عمل کے دوران دہشت گردوں کو کوئی ضمانت، شرائط یا مراعات پیش نہیں کی جائیں گی۔ “یہ کوئی مذاکرات نہیں بلکہ اخلاقی و علاقائی انتباہ ہے۔ اگر متعلقہ افراد اس پیغام پر عمل نہیں کرتے تو سکیورٹی فورسز، پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری قانون کے مطابق سخت کارروائی کریں گی۔”

انہوں نے مزید کہا کہ اس حکمت عملی کا ایک اہم مقصد کارروائیوں کے دوران عام شہریوں، بالخصوص خواتین اور بچوں کو ممکنہ نقصان سے بچانا ہے۔ ماضی میں بڑے پیمانے پر ملٹری آپریشنز سے قبل پوری آبادی کو نقل مکانی کرنا پڑتی تھی، تاہم نئے طریقہ کار کا مقصد مقامی آبادی کو اپنے گھروں میں محفوظ رکھتے ہوئے ریاست کی عمل داری قائم کرنا ہے۔

گورنر ایڈوائزری کونسل اور اے آر ڈی سی میں فرق

محمود جان بابر نے وضاحت کی کہ دونوں کونسلوں کے دائرہ کار میں واضح فرق ہے۔ گورنر ایڈوائزری کونسل کا قیام صوبے کے ان 25 اضلاع کا احاطہ کرتی ہے جہاں انتظامی امور اور روزمرہ کی زندگی نسبتاً معمول کے مطابق جاری ہے۔اے آر ڈی سی (ARDC) کا مقصد یہ خصوصی طور پر ان 12 اضلاع پر مرکوز ہے جو امن و امان کی نازک صورت حال کے باعث ایمرجنسی کا سامنا کر رہے ہیں۔

جنوبی وزیرستان کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہاں کی مقامی انتظامیہ اور سرکاری مشینری اس وقت ٹانک سے امور انجام دے رہی ہے، جس کے باعث مقامی شہریوں کو عدالتوں اور دیگر سرکاری کاموں کے لیے طویل سفر کرنا پڑتا ہے۔ اے آر ڈی سی ان علاقوں میں حکومتی نظام اور عوامی سہولیات کو ان کی اصل جگہوں پر بحال کرائے گی۔

متاثرہ اضلاع کے لیے ترقیاتی اور معاشی پیکج

محمود جان بابر کا کہنا تھا کہ متاثرہ اضلاع کو مرکزی دھارے میں لانے کے لیے جامع منصوبے تیار کیے گئے ہیں، جن میں آئی ٹی پارکس (IT Parks) اور دانش اسکولز کا قیام، سڑکوں کے شبکے کی تعمیر و مرمت، پاور سپلائی اور سولرائزیشن کے جدید منصوبے، اور نوجوانوں (لڑکوں اور لڑکیوں) کے لیے روزگار اور معاشی مواقع کی فراہمی شامل ہیں۔

خیبرپختونخوا حکومت نے امن و امان کی بحالی اور پائیدار ترقی کے لیے 12 اضلاع کے لیے 48 رکنی ‘ایریا ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈیولپمنٹ کونسل’ کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ صوبائی مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ ثمر ہارون بلور کے مطابق اس کونسل کا مقصد مقامی شرکت کے ذریعے گورننس کی بہتری اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

کونسل کا دائرہ کار میں ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، لکی مروت، بنوں، باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اپر، اور جنوبی وزیرستان لوئر شامل ہیں۔ کونسل کے چیئرمین سابق گورنر خیبرپختونخوا شوکت اللہ خان ہیں اور اسکی مدت ابتدائی طور پر 6 ماہ ہوگی۔ کونسل میں تمام 12 اضلاع سے نامور قبائلی عمائدین اور سیاسی شخصیات کو شامل کیا گیا ہے، جن میں باجوڑ سے شہاب الدین خان، مہمند سے ملک فیاض خان، خیبر سے ملک عبد الرزاق، کرم سے منیر حسین بنگش، اور بنوں سے بازمحمد خان شامل ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here