04 اکتوبر 2026
رپورٹ: اسلام گل
لنڈی کوتل: طورخم سرحد سے چند کلومیٹر دور، خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں افغان مہاجرین کے لئے قائم عارضی قیام اور قانونی کارروائی کا مرکز چند ہفتے پہلے تک ہزاروں افراد کی آمد و رفت کا محور تھا۔ یہاں اتنا رش ہوتا تھا کہ پاؤں رکھنے کی جگہ نہیں ملتی تھی۔ اب اسی مرکز میں غیر معمولی خاموشی ہے۔
مرکز کے سامنے اور دائیں جانب کے وسیع میدان، جہاں پہلے بے شمار گاڑیاں اور لوگ موجود ہوتے تھے، اب خالی پڑے ہیں۔ حکام کے مطابق اگست کے بعد سے واپس جانے والوں کی تعداد میں واضح کمی آئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس وقت لنڈی کوتل مرکز سے روزانہ دو سے ڈھائی سو افراد، جن میں بچے، بوڑھے، خواتین اور مرد شامل ہیں، افغانستان بھیجے جا رہے ہیں۔ پہلے یہاں روزانہ تین سے پانچ ہزار افراد رجسٹریشن کے بعد سرحد پار جاتے تھے۔ حکام کے بقول صوبے کے پانچ مراکز سے طورخم کے راستے روزانہ دس ہزار سے زیادہ مہاجرین واپس جاتے تھے، مگر اب یہ تعداد بمشکل پانچ سو تک پہنچتی ہے۔
حکام نے اس کمی کی وجوہات پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا۔ تاہم واپس جانے والے مہاجرین کے مطابق ایک طرف پاکستان میں قیام مشکل ہو گیا تھا، تو دوسری طرف افغانستان میں شدید سردی اور رہائش کے لئے گھروں کی عدم دستیابی نے لوگوں کو واپسی سے روک رکھا ہے۔
“خوف کے سائے میں زندگی”
پشاور کے علاقے پشتخرہ کے رہائشی سبیل خان اپنی بیوی اور بچوں کے ہمراہ لنڈی کوتل مرکز پہنچے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مزید قیام انتہائی مشکل ہو چکا تھا اور وہ خوف کے سائے میں زندگی گزار رہے تھے۔
“واپسی کا فیصلہ اس لئے کیا کہ حکومت ہمیں چھوڑ نہیں رہی تھی۔ ایک جگہ گرفتاری ہوتی تھی اور دوسری جگہ رہائی ملتی تھی۔ پیسے قرض لے کر اور بہت سے مسائل کے ساتھ واپس اپنے ملک جا رہے ہیں۔ عارضی رہائش کے لئے چچا سے ایک کمرہ دینے کو کہا ہے۔ جب حکومت زمین دے گی تو اپنا گھر تعمیر کریں گے۔ موجودہ وقت میں افغانستان میں شدید سردی کی لہر شروع ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے ہمیں اندیشہ ہے کہ ہمارے مسائل میں اضافہ ہو گا۔”
واپس جانے والے خاندانوں کے لئے سب سے بڑا مسئلہ افغانستان پہنچنے کے بعد رہائش کا بندوبست ہے۔ موسمِ سرما کی شدت بھی واپسی کے فیصلے پر اثر انداز ہو رہی ہے، اور بعض علاقوں میں سردی کی لہر آئندہ سال اپریل تک برقرار رہتی ہے۔ یہی عوامل مہاجرین کی واپسی میں بڑی رکاوٹ سمجھے جاتے ہیں۔
علاج کے بعد واپسی
لنڈی کوتل مرکز میں موجود تیس سالہ محمد عمر علاج مکمل کرنے کے بعد اپنے خاندان کے ساتھ افغانستان جا رہے ہیں۔ وہ کینسر کے مریض رہے ہیں اور ان کے دو آپریشن ہو چکے ہیں۔ ان کا خاندان پہلے ہی افغانستان جا چکا ہے، جبکہ وہ علاج کی غرض سے پاکستان میں رکے ہوئے تھے۔
“میں خود بیمار تھا اور میرے دو آپریشن ہوئے۔ اب الحمدللہ صحت بہتر ہو چکی ہے۔ باقی خاندان پہلے افغانستان جا چکا ہے۔ شدید موسم اور گھروں کے مسائل ہیں، اور ہر ملک میں ایسے مسائل ہوتے ہیں۔ اب افغانستان میں حالات قدرے بہتر ہیں۔”
محمد عمر کا خاندان ان افغان خاندانوں میں شامل ہے جنہیں پاکستان میں قیام کے دوران علاج، روزگار اور بچوں کے مستقبل سے متعلق مسائل کا سامنا رہا، اور جو اب افغانستان میں نئے سرے سے زندگی شروع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
عدالتی تحفظ: چند مخصوص مقدمات
پاکستان میں موجود تمام افغان شہریوں کی واپسی ایک جیسی نہیں رہی۔ بعض مخصوص مقدمات میں عدالتوں نے ملک بدری عارضی طور پر روکی ہے۔ پشاور ہائی کورٹ نے جولائی 2026 میں تقریباً 140 افغان خاندانوں اور افراد کے مقدمات وفاقی حکومت کو بھیجے، جنہوں نے افغانستان واپسی کی صورت میں ظلم و ستم یا جان کے خطرے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ عدالت نے حکومت کو ہدایت کی کہ ان کیسز کا فیصلہ عدمِ واپسی (نان رفولمنٹ) کے اصول کے تحت 60 دن میں کیا جائے، اور اس دوران ملک بدری روک دی۔
اسی طرح افغان فنکاروں اور خواجہ سراؤں کے بعض مقدمات میں بھی پشاور ہائی کورٹ ماضی میں ملک بدری کے خلاف عارضی تحفظ دے چکی ہے۔ دسمبر 2024 کے فیصلے میں عدالت نے وفاقی حکومت کو ہدایت کی تھی کہ متعلقہ درخواست گزاروں کے کیسز عدمِ واپسی کے اصول کے تحت دیکھے جائیں۔ تاہم 2026 میں تقریباً 108 افغان فنکاروں کی درخواست پر عدالت نے انہیں مستقل قیام کی اجازت نہیں دی، بلکہ ہدایت کی کہ وہ ویزا کے حصول کے لئے متعلقہ حکام سے رجوع کریں۔
کشیدہ تعلقات
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے افغان مہاجرین کے انخلا اور اس معاملے پر خیبر پختونخوا حکومت کے طرزِ عمل پر سخت بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین عزت کے ساتھ اپنے ملک چلے جائیں۔ ان کے مطابق واپسی کا عمل جاری ہے، اور جو شخص واپس بھیجے جانے کے بعد غیر قانونی طریقے سے دوبارہ پاکستان آیا، اسے گرفتار کر کے سزا دی جائے گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ صوبائی حکومت مہاجرین کو رعایت دے رہی ہے، جو ملک کے مفاد میں نہیں۔
پچھلے ایک سال سے اسلام آباد اور کابل کے تعلقات میں کشیدگی ہے، جس کے باعث طورخم، حرلاچی، علام خان، انگور اڈہ اور چمن کی پانچ سرحدی گزرگاہیں تجارت اور عام آمد و رفت کے لئے بند ہیں۔ تاہم پاکستان سے افغانستان جانے والے مہاجرین کو جانے کی اجازت ہے۔
نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ دوطرفہ اور ٹرانزٹ تجارت کے فروغ کے لئے مختلف سہولتیں اور مراعات دی ہیں اور وہ اقتصادی روابط جاری رکھنا چاہتا ہے۔ ان کے مطابق تجارت اور دیگر معاملات میں پیش رفت کے لئے سکیورٹی سے متعلق مسائل کا حل ضروری ہے، اور پاکستان چاہتا ہے کہ افغان سرزمین کسی ایسے گروہ کے استعمال میں نہ آئے جو پاکستان کے خلاف کارروائیوں میں ملوث ہو۔
گزشتہ چند روز سے پاکستان کی جانب سے افغانستان میں دوبارہ فضائی حملوں کے دعوے سامنے آ رہے ہیں، جن میں ان مسلح گروہوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی بات کی گئی ہے جو پاکستان میں کارروائیاں کر رہے ہیں۔ کابل انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ ان حملوں میں عام شہری نشانہ بن رہے ہیں۔ اس سے پہلے ایسے ہی حملوں میں شہریوں کی ہلاکت پر اقوامِ متحدہ کے بیان کو پاکستان نے یکطرفہ اور بے بنیاد قرار دیا تھا۔
لنڈی کوتل کے اس مرکز میں کم ہوتی بھیڑ ایک بڑے سوال کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ پاکستان سے واپسی کا عمل جاری تو ہے، لیکن جو خاندان اب بھی یہاں موجود ہیں، ان کے لئے افغانستان واپسی صرف پاکستان چھوڑنے کا فیصلہ نہیں، بلکہ نئے سرے سے گھر، روزگار اور تحفظ تلاش کرنے کا مسئلہ بھی ہے۔