۲۰ اکتوبر 2026
ریحان پراچہ
لاہور
پشاور ہائی کورٹ نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف دائر درخواستوں پر اٹارنی جنرل اور وفاقی حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔ جسٹس اعجاز انور اور جسٹس فہیم ولی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت 10 نومبر تک ملتوی کر دی۔
دہشتگردی کا بہانہ بناکر گورنر راج لگایا گیا، ہم دہشتگردی کیخلاف ریاست کیساتھ ہیں: بیرسٹر گوہر
سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے عدالت سے استدعا کی کہ ایمرجنسی اور گورنر راج کو معطل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی دن گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کی گئی اور اسی دن ایڈوائزری کونسل بھی تشکیل دے دی گئی۔ ان کے مطابق 38 ڈپٹی کمشنر تبدیل کیے گئے، پارٹی کے 12 ارکانِ قومی اسمبلی اور 13 ارکانِ صوبائی اسمبلی کو حراست میں لیا گیا، پارٹی دفاتر مسمار کیے گئے اور ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تختیاں توڑی گئیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ دیگر جماعتوں کے منصوبوں کی تختیاں چھوڑ کر صرف پی ٹی آئی کی تختیاں کیوں توڑی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی سے عوامی مینڈیٹ چھین لیا گیا اور گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
یرسٹر گوہر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ریاست کے ساتھ ہیں اور اس پر کوئی دو رائے نہیں، تاہم دہشت گردی کو بہانہ بنا کر گورنر راج لگایا گیا۔ ان کے بقول ایک ٹولہ پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کر رہا ہے، جس سے نفرت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
صوبائی حکومت کی اجازت کے بغیر گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ نہیں کی جا سکتی: سلمان اکرم راجہ
پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے مؤقف اپنایا کہ صوبائی حکومت کی اجازت کے بغیر گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ نہیں کی جا سکتی۔ ان کے مطابق 11 اکتوبر کو جاری کی گئی ایمرجنسی کی پروکلیمیشن صوبائی خودمختاری اور جمہوریت پر حملہ ہے، جس میں صرف صوبے میں بدامنی کو جواز بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 232 کے تحت بدامنی کی بنیاد پر ایمرجنسی کے نفاذ سے قبل صوبائی اسمبلی کی قرارداد ضروری ہے، جو موجود نہیں تھی۔ اسی طرح آرٹیکل 234 کے تحت گورنر راج کے لیے لازم ہے کہ صوبائی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہو اور آئینی مشینری کام کرنا چھوڑ دے، جبکہ صوبے میں وزیراعلیٰ، کابینہ، اسمبلی، عدالتیں، پولیس اور انتظامیہ سب فعال تھے۔
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ پروکلیمیشن میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور کابینہ کے ارکان کو برطرف کرنے کا ذکر ہے، جس کی آئین اجازت نہیں دیتا۔ ان کے مطابق سہیل خان آفریدی آج بھی صوبے کے وزیراعلیٰ ہیں اور ان کی کابینہ موجود ہے۔
انہوں نے عدالت کو 3 نومبر 2007 کی پرویز مشرف کی ایمرجنسی بھی یاد دلائی، جس کے بعد اسے جائز قرار دلوانے کے لیے “فرمائشی” درخواستیں دائر کی گئی تھیں، اور خدشہ ظاہر کیا کہ اب بھی ایسا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے عدالت سے صوبے میں جمہوریت اور صوبائی حقوق کی بحالی کی استدعا کی۔
بیرسٹر سمیر کھوسہ نے کہا کہ آرٹیکل 232 اور 234 کے تقاضے پورے کیے بغیر ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کیا گیا۔ ان کے مطابق اسمبلی اور سپیکر کا دفتر برقرار تھا، وزیراعلیٰ کو اسمبلی اور کابینہ کا اعتماد حاصل تھا اور صوبہ آئین کے مطابق چل رہا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایمرجنسی کے بعد کی گئی کارروائیاں بدامنی کے مقررہ جواز سے مطابقت نہیں رکھتیں، بلکہ وزیراعلیٰ، سپیکر اور ارکانِ اسمبلی کو حفاظتی تحویل میں لے کر ایک سیاسی جماعت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
پشاور ہائی کورٹ میں درخواست گزار معظم بٹ ایڈووکیٹ نے بھی مؤقف اپنایا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی کا نفاذ غیر قانونی ہے۔ ان کے مطابق ایمرجنسی کے لیے صوبائی اسمبلی کی قرارداد ضروری ہے مگر منظوری نہیں لی گئی، اور جن آئینی شقوں کا سہارا لیا گیا ان کے تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر دہشت گردی میں اضافے کا جواز پیش کیا جا رہا ہے تو اس کے لیے ایپکس کمیٹی موجود ہے، جس میں صوبائی و وفاقی حکومتیں، گورنر اور سیکیورٹی اداروں کے افسران شامل ہوتے ہیں۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کی درخواستیں دو رکنی بینچ کے سامنے زیرِ سماعت تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی روزِ اول سے ان اقدامات کو غیر آئینی قرار دے رہی ہے اور دہشت گردی کی ہر شکل میں مذمت کرتی ہے، تاہم دہشت گردی کی آڑ میں ایک صوبائی حکومت پر دہشت گردوں کی سرپرستی کا الزام مسترد کرتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سلمان اکرم راجہ اور سمیر کھوسہ پی ٹی آئی کی جانب سے پیش ہوئے، جبکہ سمیر کھوسہ اچکزئی اور اختر مینگل کی نمائندگی بھی کر رہے تھے۔ علامہ راجہ ناصر اور شندانہ گلزار کی درخواستیں بھی زیرِ سماعت ہیں۔ ان کے مطابق عدالت سے استدعا کی گئی کہ کیس کی سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دیا جائے اور جلد فیصلہ سنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ وسائل کی کمی اور دہشت گردی کے ساتھ ساتھ مینڈیٹ چھن جانے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، سندھ، بلوچستان اور پنجاب میں دیگر جماعتوں کی حکومتیں ہیں، جبکہ صدر، چیئرمین سینیٹ اور دو گورنر بھی انہی کے ہیں، اور خیبر پختونخوا واحد صوبہ تھا جہاں پی ٹی آئی کا مینڈیٹ تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عدالت سے ریلیف ملے گا۔