27 اکتوبر 2026

رپورٹ: عبدالرزاق


مردان: ضلع مردان کے دیہی علاقے بخشالی کے رہائشی بلال باچا نے زچگی کے لیے اپنی اہلیہ کو مردان میڈیکل کمپلیکس میں داخل کروایا ہے۔ گاؤں سے دور اس بڑے اسپتال کا انتخاب انہوں نے اس لیے کیا کہ ماں اور بچے کو بروقت طبی امداد مل سکے اور زچگی کی پیچیدگیوں کا خطرہ کم ہو۔

اپنے علاقے کے طبی مراکز کے بارے میں ان کا کہنا ہے، “ہمارے علاقے میں آر ایچ سی یعنی رورل ہیلتھ سینٹر بھی ہے اور پرائیویٹ اسپتال بھی، لیکن ان میں ضروری سہولیات نہیں ہیں۔ نہ آر ایچ سی میں اور نہ ہی پرائیویٹ اسپتالوں میں نومولود بچوں کے لیے نرسری ہے۔ اسی طرح ڈیلیوری کے وقت ماں کو خون کی ضرورت پڑ جائے تو اس کی سہولت بھی موجود نہیں۔ بڑے اسپتالوں میں خون بھی ملتا ہے اور نرسری بھی ہوتی ہے۔ اسی لیے ہم نے مریضہ کو یہاں داخل کروایا ہے۔”

یہ صرف بلال باچا کی کہانی نہیں۔ مردان کے دور دراز علاقوں کے علاوہ صوابی اور نوشہرہ کے دیہات سے بھی خواتین کو زچگی کے لیے مردان میڈیکل کمپلیکس لایا جاتا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق اس کی بڑی وجہ مقامی بی ایچ یوز اور آر ایچ سیز میں طبی سہولیات کی کمی ہے۔

محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ضلع مردان میں گزشتہ سال زچگی کے دوران خواتین کی اموات کی شرح 2.46 فیصد رہی، جبکہ رواں سال ستمبر تک یہ شرح بڑھ کر 5.48 فیصد ہو چکی ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق اموات کی بڑی وجوہات میں زیادہ خون بہنا، ہائی بلڈ پریشر اور انفیکشن شامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بی ایچ یوز اور آر ایچ سیز میں ضروری سہولیات فراہم کر کے ان اموات میں کمی لائی جا سکتی ہے۔

مردان میڈیکل کمپلیکس کی گائناکالوجسٹ ڈاکٹر سدرۃ المنتہیٰ اس مسئلے کا ایک اور رخ سامنے لاتی ہیں۔ ان کے مطابق عملہ موجود ہونے کے باوجود بعض مراکز مریضوں کو سنبھال نہیں پاتے۔ “کچھ سینٹرز کیٹیگری ڈی اسپتال ہیں۔ وہاں عملہ تو پورا ہوتا ہے، لیکن بلڈ بینک، لیبارٹری اور سپورٹنگ اسٹاف کی کمی کے باعث مریضوں کو ریفر کرنا پڑتا ہے۔ مردان میڈیکل کمپلیکس چونکہ اس علاقے کا ٹرشری کیئر اسپتال ہے، اس لیے زیادہ تر ریفر کیے گئے مریض یہیں آتے ہیں۔ اس سے اسپتال پر بوجھ بڑھتا ہے اور آئی سی یو بیڈز کی کمی بھی پیدا ہوتی ہے۔ ہمیں اپنے ریفرل نظام کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔”

محکمہ صحت کے مطابق ضلع مردان کی 27 لاکھ سے زیادہ آبادی کے لیے ایک میڈیکل ٹیچنگ اسپتال، ایک ڈی ایچ کیو اسپتال اور صحت کے 84 مراکز موجود ہیں۔ ان میں 47 بنیادی مراکزِ صحت، 8 رورل ہیلتھ سینٹرز اور باقی سول ڈسپنسریاں شامل ہیں۔

ڈی ایچ او آفس مردان میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر روبینہ ریاض کے مطابق صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کچھ اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ صوبائی حکومت بنیادی مراکزِ صحت کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے بتدریج کوششیں کر رہی ہے۔

“ہمارے بی ایچ یوز میں پہلے صرف صبح کی شفٹ میں مریضوں کو سہولیات ملتی تھیں، لیکن اب ایک منصوبے کے تحت 14 بی ایچ یوز میں 24 گھنٹے سہولیات دی جا رہی ہیں۔ بی ایچ یوز اور آر ایچ سیز میں الٹراساؤنڈ کی سہولت بھی موجود ہے۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز گھروں میں اور مراکز میں بھی خدمات فراہم کرتی ہیں، جبکہ انچارج میڈیکل آفیسر بھی تعینات ہوتا ہے۔ مقررہ تنخواہ پر ڈاکٹروں کی بھرتی سے عملے کی کچھ کمی پوری ہوئی ہے، تاہم سپورٹنگ اسٹاف کی کمی بعض مقامات پر اب بھی موجود ہے۔”

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق خیبر پختونخوا میں 2016 سے 2019 کے دوران زچگی کے دوران اموات کا تناسب ایک لاکھ زندہ پیدائشوں پر 165 رہا، جو دیگر صوبوں سے زیادہ ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے لیے وائس پی کے نے محکمہ صحت کے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا، تاہم معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here