24 اکتوبر 2026

رپورٹ: عبدالرزاق


صوابی: خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی کے علاقے کرنل شیر گاؤں سے تعلق رکھنے والی عصمت بی بی کا کہنا ہے کہ ان کی 17 سالہ بیٹی خدیجہ کو ان کی بڑی بیٹی کے شوہر اور دیور نے مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں نشہ آور چیز دے کر قتل کر دیا۔ ان کے مطابق مقدمے میں نامزد ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں، تاہم انہیں خدشہ ہے کہ عدالتی کارروائی کے دوران ملزمان رہا ہو کر ان کے خاندان کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

وایس پی کے سے بات کرتے ہوئے خدیجہ کی والدہ عصمت بی بی نے بتایا کہ ان کی بیٹی اپنی شادی شدہ بڑی بہن سے ملنے کے لیے گھر سے نکلی تھی، لیکن واپس زندہ نہیں لوٹی۔ واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا:

“دن کے تین بجے میری بیٹی اپنی بہن کے گھر جانے کے لیے نکلی تھی۔ راستے میں، اس وقت یا شام کے وقت، یونس اور داود، جو آپس میں دونوں بھائی ہیں، میری بیٹی کو پکڑ کر یونس کی دوسری بیوی کے خالی گھر میں لے گئے۔ وہاں پہلے داود نے میری بیٹی کے ساتھ زیادتی کی اور اسے نشہ آور چیز پلائی۔ اس کے بعد رات کے وقت یونس نے بھی اس کے ساتھ زیادتی کی اور اسے نشہ آور چیز دے کر مار ڈالا۔”

کالو خان تھانے میں درج ایف آئی آر کے مطابق یہ واقعہ اکتوبر کی 17 تاریخ کو پیش آیا۔ پولیس نے نامزد ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

اس سے قبل 29 ستمبر کو صوابی ہی کے گاؤں لرین میں دو خواتین کو قتل کیا گیا تھا، جس کے ملزم کو بھی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

قانونی ماہرین کے مطابق ایف آئی آر میں قتل کی دفعہ 302، زیادتی کی دفعہ 376 اور نشہ آور مواد دینے سے متعلق دفعہ 337 جے شامل کی گئی ہے۔ جرم ثابت ہونے پر ملزمان کو عمر قید یا سزائے موت ہو سکتی ہے، بشرطیکہ پولیس کی تفتیش ہر لحاظ سے مکمل اور درست ہو۔

ملزمان کے خلاف ایف آئی آر میں درج دفعات کے بارے میں پشاور ہائی کورٹ کی وکیل مہوش محب کاکاخیل نے وایس پی کے کو بتایا کہ اگر انویسٹیگیشن صحیح طریقے سے کی گئی ہو تو ان دفعات کے تحت ملزمان کو سخت سزائیں دلوائی جاسکتی ہے۔

“اس کے لیے ضروری ہے کہ ان کے پاس مناسب ثبوت موجود ہوں، جیسے ڈی این اے رپورٹس، پوسٹ مارٹم رپورٹس، ڈیجیٹل ثبوت، سی ڈی آر، سی سی ٹی وی فوٹیجز اور ٹاکسیکالوجی رپورٹس۔ یہ ساری انویسٹیگیشن رپورٹ اور میڈیکولیگل رپورٹس عدالت میں آئیں گی، اور اسی بنیاد پر سزا دی جاتی ہے، جہاں یہ ثابت ہو جائے کہ جرم انہی نے کیا ہے۔”

خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ روایتی دباؤ کے باعث ایسے کئی واقعات کے مقدمات درج ہی نہیں ہوتے، جبکہ ناقص تفتیش اور قوانین پر کمزور عمل درآمد کے باعث متاثرہ خاندانوں کو انصاف کے حصول میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ ان کے مطابق ایسے عوامل ملزمان کے احتساب کو متاثر کر سکتے ہیں۔

مردان میں خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی سائبان نامی غیر سرکاری تنظیم کے سربراہ محمد عارف نے بتایا کہ معاشرے میں ایسے جرائم کی روک تھام کے لیے ضروری ہے کہ قوانین پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں جو ادارے بنائے گئے ہیں، انہیں سہولیات فراہم کی جائیں۔

“جو قوانین بنائے جاتے ہیں، وہ فائلوں میں بند ہو جاتے ہیں اور ان پر عمل درآمد بہت کم ہوتا ہے۔ عدالتوں میں مقدمات کا رش ہے اور فیصلے سنانے میں کئی کئی سال لگ جاتے ہیں۔ انصاف میں تاخیر کی وجہ سے لوگوں کے دلوں سے خوف اور ڈر ختم ہو گیا ہے۔ اگر ہمارا عدالتی نظام شفاف ہو جائے تو میرے خیال میں ایسے واقعات میں کافی کمی آ سکتی ہے۔”

پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال یکم جنوری سے 31 اگست تک ضلع صوابی میں خواتین پر تشدد کے 75 مقدمات رپورٹ ہوئے۔ ان میں اغوا کے 29، قتل کے 13، اقدامِ قتل کے 6، غیرت کے نام پر قتل کے 4، ریپ کے 5 اور گینگ ریپ کا ایک مقدمہ شامل ہے۔ ان مقدمات میں نامزد 120 ملزمان میں سے 92 کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here