10 اکتوبر 2026

رپورٹ: اسلام گل


باڑہ: وادیٔ تیراہ کے بے گھر افراد کی 10 اکتوبر کو متوقع واپسی مؤخر کیے جانے کی اطلاعات کے بعد باڑہ میں ہزاروں متاثرین اور قبائلی عمائدین کا بڑا جرگہ منعقد ہوا۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ انہیں مزید انتظار کیے بغیر اپنے گھروں کو جانے دیا جائے۔

متاثرین کے مطابق معاہدے کے تحت واپسی دو ماہ کے اندر ہونی تھی، لیکن نو ماہ گزرنے کے بعد جب 10 اکتوبر کی تاریخ کا اعلان ہوا تو نقل مکانی کی مشکلات ختم ہونے کی امید پیدا ہوئی۔ تاہم دو دن پہلے سکیورٹی فورسز اور ضلعی حکام نے مقامی عمائدین کی 24 رکنی کمیٹی کو تاریخ تبدیل کرنے سے آگاہ کیا، جس کے بعد یہ جرگہ طلب کیا گیا۔

“ہر صورت واپس جائیں گے”

تیراہ سے نقل مکانی کے امور نمٹانے کے لیے علاقے کے چھ قبائل کے نمائندوں پر مشتمل 24 رکنی کمیٹی بنائی گئی تھی۔ جرگے میں کمیٹی نے شرکاء سے پوچھا کہ وہ مزید انتظار کرنا چاہتے ہیں یا واپس جانا چاہتے ہیں۔ اس پر لوگ مشتعل ہو گئے اور کہا کہ وہ کسی صورت مزید انتظار نہیں کر سکتے۔ ہر قبیلے نے الگ مشاورت کے بعد بھی یہی موقف کمیٹی کے سامنے رکھا۔

کمیٹی کے اہم رکن ملک ظاہر شاہ آفریدی نے بتایا کہ واپسی کی تاریخ حکومت نے تین ماہ پہلے طے کی تھی اور واپس جانے والے خاندانوں کی فہرستیں بھی ضلعی انتظامیہ کے حوالے کر دی گئی تھیں۔ ان کا کہنا تھا:

“دو دن پہلے ہمیں بتایا گیا کہ مذکورہ تاریخ پر واپسی ممکن نہیں۔ آج آفریدی قبائل کے عمائدین کو مشاورت کے لیے بلایا گیا۔ سب اس بات پر متفق ہیں کہ ہر صورت اپنے گھروں کو جائیں گے۔ آج ہم حکومت سے بات کریں گے۔ اگر مزید تاخیر کی بات سامنے آئی تو 11 اکتوبر کو باڑہ میں بڑا مشاورتی جرگہ بلائیں گے، جس میں لوگ فیصلہ کریں گے کہ 11 اکتوبر سے واپسی شروع کرنی ہے یا ایک دو دن تیاری مکمل کر کے۔”

حکام کی جانب سے تاخیر کی وجہ ملک میں امن و امان کے مسائل بتائی گئی ہے۔

معاہدہ اب تک سامنے نہیں آیا

رواں سال جنوری کے اوائل میں ضلع خیبر کی دور افتادہ وادیٔ تیراہ کے مکینوں کو بدامنی اور مسلح گروہوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کے باعث دوسری بار نقل مکانی کرنا پڑی۔ یہ عمل سکیورٹی فورسز، ضلعی حکام اور 24 رکنی کمیٹی کے درمیان 30 سے زائد نکات پر مشتمل معاہدے کے تحت شروع ہوا۔ تاہم اس معاہدے اور انخلا کے نوٹیفکیشن کو اب تک عام نہیں کیا گیا، جس سے پورے عمل پر سوالات اٹھے ہیں۔ چند ہفتے پہلے کمیٹی نے اعلان کیا تھا کہ 10 اکتوبر کو ابتدائی دنوں میں 100 خاندان واپس بھیجے جائیں گے اور بعد میں تعداد بڑھائی جائے گی۔

بے گھر خاندانوں کے اندراج اور مالی معاونت سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے باڑہ پریس کلب کے سامنے گزشتہ چھ سات ماہ سے “تحریکِ متاثرین” کا دھرنا جاری ہے۔ تحریک کے ترجمان صحبت خان آفریدی نے کہا، “پہلے دن سے ہمارا مطالبہ ہے کہ نقل مکانی کا معاہدہ اور نوٹیفکیشن سامنے لایا جائے۔ واپسی کے بارے میں بھی ہمارا یہی موقف ہے۔”

انہوں نے 24 رکنی کمیٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ پچھلے نو ماہ میں کمیٹی نے متاثرین کے سامنے اصل صورتِ حال واضح نہیں کی۔ ان کے بقول واپسی کا اعلان حقیقت سے دور تھا اور اس کے ذریعے متاثرین کو ایک بار پھر دھوکا دیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واپسی باعزت اور فوری طور پر شروع ہو، لیکن یہ عمل شفاف ہو اور اس میں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

“ہمارے دل ٹوٹ چکے ہیں”

بے گھر خاندان کے سربراہ کریم آفریدی نے واپسی کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ تاریخ میں تبدیلی کی خبر نے ان جیسے ہزاروں خاندانوں کو مایوس کر دیا ہے۔ “ہم واپسی پر انتہائی خوش تھے اور پُرامید تھے کہ اپنے گھر جائیں گے۔ سردی کی لہر شروع ہونے والی ہے۔ برفباری اور شدید بارشوں سے گھروں کو اتنا نقصان پہنچے گا کہ ہمارے مسائل دوگنا ہو جائیں گے۔ جب سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو بیان دیکھا کہ 10 اکتوبر کو واپسی ممکن نہیں، تو ہم بہت مایوس ہوئے۔ ہمارے دل ٹوٹ چکے ہیں۔”

واپسی اور بے گھر افراد کے اعداد و شمار پر ضلع خیبر کے حکام سے بار بار رابطے کے باوجود ان کا کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق وادیٔ تیراہ سے اب تک 22,710 خاندانوں کی تصدیق مکمل ہو چکی ہے اور انہیں مالی معاونت فراہم کی جا چکی ہے۔ تاہم اندراج، مالی معاونت اور دیگر معاملات پر شکایات برقرار ہیں۔ گزشتہ مہینوں میں حکومت نے کئی نئے منصوبے بنائے، مگر شکایات میں کمی نہیں آئی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here