04 اکتوبر 2026

رپورٹ: عبدالرزاق


صوابی: خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں خواتین کے تحفظ کے لیے قوانین اور ادارے موجود ہیں، مگر تشدد کے واقعات رکنے کا نام نہیں لے رہے۔ تازہ واقعہ گاؤں لیرن کا ہے، جہاں ٹک ٹاک ویڈیوز پر شروع ہونے والے جھگڑے میں ایک شخص نے اپنی بہن اور بھانجی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

پولیس کی ایف آئی آر کے مطابق واقعہ 29 ستمبر کو پیش آیا۔ 39 سالہ مسرت بی بی اپنی 19 سالہ بیٹی انم کے ساتھ گھر میں موجود تھیں کہ ان کا بھائی تاج بہادر گھر میں داخل ہوا اور فائرنگ کر کے دونوں خواتین کو قتل کر دیا۔ متعلقہ تھانے کی پولیس کے مطابق ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

رشتہ داروں کے مطابق تنازع اس بات پر شروع ہوا کہ مقتولہ کا کم عمر بیٹا ٹک ٹاک پر اپنی ویڈیوز کیوں اپلوڈ کرتا تھا۔ مقتولین کے قریبی رشتہ دار علی بہادر نے بتایا کہ ملزم نے اپنی بہن سے اعتراض کیا تھا۔ ان کے مطابق: “اس کا بیٹا ٹک ٹاک بناتا تھا۔ بھائی نے بہن سے کہا کہ آپ کا بیٹا ٹک ٹاک بناتا ہے، لوگ اس پر ہمیں طعنے دیتے ہیں اور یہ کام اچھا نہیں ہے۔ اس بات پر ماں اور بیٹی اس کے ساتھ لڑ پڑیں اور بتایا کہ تم اس کے باپ نہیں ہو، اس کا باپ موجود ہے۔ اس پر تکرار ہوئی اور اس نے طیش میں آ کر پستول سے فائرنگ کر دی۔”

اعداد و شمار کیا کہتے ہیں؟

پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق یکم جنوری سے 31 اگست تک ضلع صوابی میں خواتین پر تشدد کے 75 مقدمات رپورٹ ہوئے۔ ان میں اغوا کے 29، قتل کے 13، اقدامِ قتل کے 6، غیرت کے نام پر قتل کے 4، ریپ کے 5 اور گینگ ریپ کا ایک مقدمہ شامل ہے۔ ان مقدمات میں نامزد 120 ملزمان میں سے 92 کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

سزائیں کیوں نہیں ہو پاتیں؟

قانونی ماہرین کے مطابق اگر قتل کا پہلے سے ارادہ ثابت نہ بھی ہو، تب بھی ملزم کو عمر قید ہو سکتی ہے۔ تاہم ناقص تفتیش، قانونی پیچیدگیوں اور راضی نامے کے باعث اکثر ملزمان سزا سے بچ جاتے ہیں، جس سے ایسے واقعات کو شہ ملتی ہے۔

ایڈوکیٹ واجد عمران نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مقدمات میں ملزمان اکثر راضی نامے کی بنیاد پر بری ہو جاتے ہیں، جس کا معاشرے پر منفی اثر پڑتا ہے۔ ان کے مطابق: “مختلف وجوہات کی بنا پر ایسے مقدمات میں راضی نامے ہو جاتے ہیں۔ لوگ سماجی دباؤ اور رسم و رواج کے تحت راضی نامہ کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں، جس کے نتیجے میں ملزمان بری ہو جاتے ہیں۔ اگرچہ قانون راضی نامے کی اجازت دیتا ہے، لیکن اس کا منفی اثر خاص طور پر نوجوان نسل پر پڑ سکتا ہے، کیونکہ اس سے ایسے جرائم کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔”

قوانین موجود، عمل درآمد کمزور

خیبر پختونخوا اسمبلی خواتین کے تحفظ کے لیے متعدد قوانین منظور کر چکی ہے۔ ان میں گھریلو تشدد سے تحفظ، خواتین کے ملکیتی اور وراثتی حقوق، کام کی جگہ پر ہراسانی سے تحفظ اور صوبائی کمیشن برائے حقوقِ خواتین کے قیام سے متعلق قوانین شامل ہیں۔ اس کے باوجود صوبے میں خواتین کے قتل اور دیگر اقسام کے تشدد کے واقعات رپورٹ ہوتے رہتے ہیں۔ ماہرین اس کی بڑی وجوہات قوانین سے متعلق عوامی آگاہی کی کمی، حکومتی اداروں کی جانب سے مؤثر عمل درآمد نہ ہونا اور تحفظ کے لیے قائم اداروں میں سہولیات کی قلت قرار دیتے ہیں۔

عبدالولی خان یونیورسٹی کے شعبہ سوشیالوجی سے وابستہ ڈاکٹر سید راشد علی کے مطابق قوانین پر مؤثر عمل درآمد کے لیے متعلقہ اداروں کے اہلکاروں کی مناسب تربیت اور عوام میں آگاہی ناگزیر ہے۔ “جو ادارہ اس قانون کو لاگو کرنے کے لیے بنایا گیا ہے، کیا اس کے ملازمین خود اس قانون کو سمجھتے ہیں؟ کیا ان کی ایسی تربیت ہوتی ہے کہ وہ اسے سمجھیں اور پھر اس کی روح کے مطابق لاگو کر سکیں؟ قانون کی زبان اتنی تکنیکی ہوتی ہے کہ اسے سمجھنا مشکل ہے۔ دوسری بات یہ کہ عام لوگ بھی اس سے بے خبر رہتے ہیں، اور تیسری بات یہ کہ ادارے بہت کم ہیں اور ان میں ملازمین بھی بہت کم ہیں۔”

ماہرین کا کہنا ہے کہ خواتین کے تحفظ کے لیے بنائے گئے قوانین اور اداروں میں مقامی کمیونٹی کے ایسے افراد کو بھی شامل کیا جانا چاہیے جو خواتین کے مسائل سے باخبر ہوں اور انہیں حل کرنے کی مہارت رکھتے ہوں۔ ان کے مطابق اس سے خواتین کے لیے محفوظ اور مؤثر ماحول کو یقینی بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here