03 نومبر 2026
رپورٹ:اعتزاز ابراہیم، حاشر احسن اور شوکت کورائی
لاہور، اسلام آباد، کراچی
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کی کال پر تین نومبر دو ہزار سات کی ایمرجنسی، پیکا قانون اور ملک میں آزادیٔ صحافت و آزادیٔ اظہار کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے خلاف آج کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک بھر کے پریس کلبوں کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور یومِ سیاہ منایا گیا۔
پاکستان کی سیاسی و آئینی تاریخ میں تین نومبر کا دن ایک سیاہ باب کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ سن دو ہزار سات میں اس روز اس وقت کے صدر اور آرمی چیف جنرل پرویز مشرف نے آئینِ پاکستان معطل کر کے ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کی تھی۔
اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب کے باہر مختلف صحافتی تنظیموں کے نمائندے بڑی تعداد میں جمع ہوئے۔ مظاہرین نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں اور ہاتھوں میں ایسے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مشرف کے غیر آئینی اقدامات کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے تین نومبر کے اقدام کی شدید مذمت کی اور آزادیٔ اظہارِ رائے اور آئین کی بالادستی پر حملے کو ناقابلِ قبول قرار دیا۔
پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، سینئر صحافی مظہر عباس، ناصر زیدی اور دیگر مقررین نے کہا کہ تین نومبر دو ہزار سات کو نہ صرف اعلیٰ عدلیہ پر شب خون مارا گیا بلکہ آزاد میڈیا پر سنسرشپ عائد کر کے جمہوریت کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی گئی۔
لاہور پریس کلب میں صحافیوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں شہر کی صحافی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرے سے پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل ارشد انصاری، پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے صدر نعیم حنیف اور جنرل سیکرٹری قمر زمان بٹ نے خطاب کیا۔ مقررین نے صحافیوں کے خلاف پیکا قانون کے تحت ہونے والی کارروائیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ایسے اقدامات آزادیٔ صحافت اور آزادیٔ اظہار کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے ملک میں آزادیٔ اظہار کی موجودہ صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر لاہور پریس کلب میں سیاہ پرچم لہرائے گئے۔
وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد انصاری نے کہا کہ پاکستان میں آزادیٔ صحافت کی صورتحال انتہائی سنگین ہے۔ ان کے مطابق صحافیوں کو تنخواہوں میں کٹوتیوں، چینلز سے جبری برطرفیوں اور پیکا جیسے “کالے قوانین” کا سامنا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پیکا کے خلاف اور صحافتی آزادیوں کے لیے ملک گیر احتجاج کیا جائے گا اور لانگ مارچ کی صورت میں اسلام آباد کا رخ کیا جائے گا۔
پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری قمر بھٹی نے کہا کہ مشرف دور کی ایمرجنسی آزادیٔ صحافت کے لیے سیاہ دور تھی اور موجودہ صورتحال بھی اس سے مختلف نہیں، کیونکہ آج بھی صحافی ویسی ہی پابندیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔
کراچی پریس کلب میں پی ایف یو جے کی کال پر ہونے والے احتجاج میں کراچی یونین آف جرنلسٹس، آل پاکستان نیوزپیپر ایمپلائز کنفیڈریشن، نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن، ٹریڈ یونینز کنفیڈریشن، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی)، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیبر ایجوکیشن اینڈ ریسرچ، سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، ایمنڈ اور کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر طاہر اے خان نے وائس پی کے سے گفتگو میں کہا کہ مشرف دور میں میڈیا پر پابندیاں لگا کر کئی چینلز بند کر دیے گئے تھے۔ اس کے خلاف ملک بھر میں صحافیوں نے احتجاج کیا اور صرف کراچی سے سیکڑوں صحافی گرفتار ہوئے۔ ان کے بقول صحافیوں کی جدوجہد کے نتیجے میں ایمرجنسی واپس لینا پڑی، بالآخر جنرل مشرف کو اقتدار چھوڑنا پڑا اور نئی حکومت نے تمام چینلز بحال کر دیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صحافیوں کی جدوجہد اور کامیابی کا دن ہے، اور یہ دن اس عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ آزادیٔ صحافت اور آزادیٔ اظہار پر کسی قسم کی پابندی برداشت نہیں کی جائے گی۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری لیاقت کشمیری نے کہا کہ تین نومبر دو ہزار سات کو ایمرجنسی کے نفاذ، ججوں کی گرفتاریوں اور میڈیا پر پابندیوں کے خلاف آج ملک بھر میں یومِ سیاہ منایا جا رہا ہے اور احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دو ہزار سات جیسے حالات آج بھی موجود ہیں۔ ان کے مطابق ملک کے کئی علاقوں میں میڈیا کی رسائی محدود ہے، خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ ہے، جبکہ آزاد کشمیر میں پانچ ماہ سے میڈیا، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا تک رسائی متاثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف یو جے آئین و قانون کی بالادستی، آزادیٔ صحافت اور بنیادی انسانی حقوق کے لیے ماضی کی طرح آج بھی جدوجہد جاری رکھے گی۔
مظاہرین نے صحافیوں کو درپیش موجودہ مشکلات کے خاتمے کا بھی مطالبہ کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو جبری برطرفیوں سمیت دیگر مسائل کا آج بھی سامنا ہے، حکمران ان مسائل کا فوری ازالہ کریں۔ صحافتی رہنماؤں نے عزم کا اعادہ کیا کہ صحافتی برادری نے ماضی میں بھی آمرانہ اقدامات کا مردانہ وار مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی آئین و قانون کی حکمرانی اور آزادیٔ صحافت کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔