11 نومبر 2026
رپورٹ: اسلام گل
خیبر:
ضلع خیبر کی وادی تیراہ کے علاقے آدم خیل سے تعلق رکھنے والے پچاس سالہ محمد امین دس ماہ کے طویل انتظار کے بعد امیدوں اور خدشات کے ساتھ اپنے گھر لوٹ رہے ہیں۔ مقصد اپنے مکان کی مرمت اور کھیتوں میں تیار فصل کی کٹائی ہے۔
حکام ان کی گاڑی پر خصوصی ٹوکن چسپاں کر رہے ہیں تاکہ راستے میں سیکیورٹی چیک پوسٹوں پر انہیں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔ اسی گاڑی میں گاؤں کے پندرہ دیگر افراد بھی سوار ہیں۔
محمد امین واپسی کی اجازت پر خوش ہیں، مگر ان کے دل میں شکوے بھی ہیں۔ وہ کہتے ہیں، “ماشاء اللہ ہم واپس گھر جا رہے ہیں، اور اللہ دوبارہ ایسی تکلیف سے بچائے جو 2013 میں اور اب ہم نے سہی۔ حکومت نے مدد کے جو وعدے کیے تھے، انہیں پورا کرے۔ ہمارا بڑا نقصان ہو چکا ہے۔” ان کے مطابق گزشتہ دس ماہ میں ان کا سب کچھ ضائع ہو گیا اور گھر کو بھی خاصا نقصان پہنچا ہے۔
“اکیلے واپس جانا مشکل ہوگا”
واپس جانے والے دیگر افراد کا کہنا ہے کہ صرف ایک فرد کی واپسی سے گھروں کی مرمت اور فصلوں کی کٹائی ممکن نہیں۔ محمد امین کے الفاظ میں: “اکیلے واپس جا کر بڑا مشکل ہوگا۔ پورے خاندان کی واپسی کی اجازت ہونی چاہیے تھی۔” ان کا مطالبہ ہے کہ متاثرہ خاندانوں کے تمام افراد کو اپنے علاقوں میں جانے دیا جائے۔
دو ماہ کا وعدہ، دس ماہ کا انتظار
رواں سال جنوری کے اوائل میں وادی تیراہ میں بدامنی اور ممکنہ فوجی آپریشن کے خدشے کے پیشِ نظر ہزاروں خاندانوں نے شدید سردی میں دوسری بار نقل مکانی کی تھی۔ مقامی عمائدین کی 24 رکنی کمیٹی اور حکومت کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت واپسی کا عمل دو ماہ بعد شروع ہونا تھا۔ واپسی کی کئی تاریخیں مقرر ہوئیں، مگر دس ماہ بعد اب جا کر ہر خاندان کے صرف ایک فرد کو گھر کی مرمت اور فصلوں کی کٹائی کے لیے جانے کی اجازت ملی ہے۔ یہ پورا عمل تاحال کسی باقاعدہ سرکاری نوٹیفکیشن کے بغیر جاری ہے۔
کمیٹی میں آدم خیل قبیلے کی نمائندگی کرنے والے محمد ہارون خان واپس جانے والوں کی سہولت کے لیے قائم مرکز میں موجود تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر خاندان سے ایک فرد کو بھیجنے کا مطالبہ مقامی لوگوں نے خود کیا تھا، کیونکہ آئندہ چند روز میں شدید برف باری متوقع ہے اور اس سے پہلے وہ اپنے خالی مکانات کی مرمت اور تیار فصلوں کی کٹائی کرنا چاہتے ہیں۔
مستقل واپسی کے بارے میں ان کا کہنا تھا، “مستقل واپسی کے لیے ہمیں دو مہینے کا وقت دیا گیا تھا، اسی انتظار میں دس مہینے گزر گئے۔” انہوں نے بتایا کہ کمیٹی حکام کے ساتھ ہر ملاقات میں یہی مطالبہ کرتی ہے کہ بے گھر افراد کی پُرامن واپسی کے لیے ضروری انتظامات کیے جائیں، مگر تاحال کوئی واضح لائحہ عمل سامنے نہیں آیا۔
معاہدہ جو منظرِ عام پر نہیں آیا
وادی تیراہ پشاور سے تقریباً 130 کلومیٹر مغرب میں واقع ایک دور افتادہ علاقہ ہے۔ جنوری میں نقل مکانی کرنے والے لوگوں نے خیبر کے میدانی علاقوں، پشاور اور نوشہرہ میں رہائش اختیار کی۔
یہ سارا عمل مقامی عمائدین کی 24 رکنی کمیٹی، ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی حکام کے درمیان 30 سے زائد نکات پر مشتمل ایک معاہدے کے تحت طے پایا، جو اب تک عام نہیں کیا گیا۔ معاہدے میں یہ شقیں شامل تھیں:
نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کی رجسٹریشن
– گاڑیوں کا کرایہ
– فی خاندان دو لاکھ 40 ہزار روپے کی یکمشت مالی معاونت
– دو ماہ تک ماہانہ 50 ہزار روپے کی ادائیگی
– دو ماہ بعد خاندانوں کی گھروں کو واپسی
ان نکات پر عمل درآمد کے بارے میں متعدد شکایات سامنے آئیں جو تاحال حل نہیں ہوئیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق اب تک 22 ہزار 710 خاندانوں کو گاڑیوں کے کرائے اور مالی معاونت دی جا چکی ہے، تاہم متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن اور مالی معاونت کے مسائل اب بھی برقرار ہیں۔
چھ قبائل، روزانہ 600 افراد
ضلعی حکام کے مطابق واپسی مقامی آبادی کے مطالبے پر شروع کی گئی ہے۔ آفریدی قبیلے کی چھ ذیلی شاخوں، یعنی برقمبر خیل، شلوبر قمبر خیل، ملک دین خیل، ذخہ خیل، کمر خیل اور آدم خیل، میں سے ہر ایک کے سو افراد کو روزانہ، یعنی مجموعی طور پر 600 افراد کو، واپس بھیجا جا رہا ہے۔ فہرستوں کی 24 رکنی کمیٹی سے تصدیق کے بعد مراکز میں ٹوکن جاری کیے جاتے ہیں، جن کی بنیاد پر لوگ اپنے گھروں کا سفر کر سکتے ہیں۔
پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ نے اس مقصد کے لیے دو مراکز قائم کیے ہیں۔ ایک باڑہ بازار سے تقریباً 18 کلومیٹر مغرب میں تیراہ کی مرکزی شاہراہ پر نوائے کمر میں ہے، اور دوسرا باڑہ سے تقریباً 45 کلومیٹر دور پائندہ چینہ میں۔
“نوٹیفکیشن نہیں، اس لیے معاونت ممکن نہیں”
واپس جانے والوں کا کہنا ہے کہ انہیں ٹوکن کے سوا حکومت کی جانب سے کوئی مالی یا دیگر معاونت نہیں مل رہی۔ کیمپ انچارج اور تحصیلدار داؤد آفریدی کے مطابق واپسی کا عمل مقامی لوگوں کے مطالبے پر شروع کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے، “مقامی عوام کا زور دار مطالبہ تھا کہ وہ اپنے گھروں کو واپس جانا چاہتے ہیں۔ اس عمل کا کوئی باقاعدہ نوٹیفکیشن نہیں ہے، جس کی وجہ سے ان کی معاونت ممکن نہیں۔”
انہوں نے واضح کیا کہ یہ عارضی واپسی ہے، تاکہ لوگ اپنے گھروں کی مرمت اور حفاظت کر سکیں۔ مستقل واپسی کا عمل شروع ہونے پر حکومت ہر خاندان کو ممکنہ معاونت فراہم کرے گی۔
تاجر برادری بھی پریشان
وادی تیراہ کی تاجر برادری بھی واپسی کے لیے منظم طریقہ کار نہ ہونے پر پریشان ہے۔ وادی تیراہ تاجر یونین کے صدر شیر افگن خان آفریدی کے مطابق ضلعی حکام نے یقین دہانی کرائی تھی کہ عام خاندانوں سے پہلے تاجروں کو بھیجا جائے گا، مگر گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر خیبر سے ملاقات میں معلوم ہوا کہ اس بارے میں کوئی واضح لائحہ عمل طے ہی نہیں ہوا۔ ملاقات میں فیصلہ ہوا کہ آئندہ تین سے چار روز میں تاجروں کی واپسی شروع کر دی جائے گی، لیکن تجارتی سامان لے جانے کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا۔
شیر افگن خان کا کہنا ہے، “تجارتی سامان لے جانے کے حوالے سے کوئی باقاعدہ لائحہ عمل طے نہیں کیا گیا۔ پہلے جو تاجر ٹرک میں سامان لے جاتا تھا، اب وہ پک اپ گاڑی میں لے جائے گا۔ ہم تاجروں کی کوشش ہے کہ جو لوگ واپس جا رہے ہیں، ان کی ضروریاتِ زندگی پوری کر سکیں۔”
ان کے مطابق تاجروں کے پاس کاروبار دوبارہ شروع کرنے کے وسائل نہیں ہیں۔