09 نومبر 2026

رپورٹ: شوکت کو رائی،

کراچی


پاکستان کی ہندو برادری نے دیوالی کا تہوار روایتی جوش و خروش سے منایا۔ کراچی میں کئی مقامات پر تقریبات ہوئیں، جن میں پوجا، چراغاں، پٹاخے اور مٹھائیاں شامل تھیں۔ برادری کو عدم تحفظ کے احساس اور کئی دیگر مسائل کا سامنا ضرور ہے، مگر لوگوں نے اس خوشی کے موقع پر تمام رسومات ادا کیں اور خوب لطف اٹھایا۔ مسلم برادری اور سرکاری عہدیداروں نے بھی تقریبات میں شرکت کی۔

حکومتِ سندھ کا پیغام

وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی شام سندر اڈوانی نے ملک اور دنیا بھر کی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا، “میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان میں آج پوری ہندو کمیونٹی بڑے جوش و جذبے کے ساتھ اپنا تہوار منا رہی ہے۔ اس میں کوئی تشویش کی بات نہیں۔ چھوٹے موٹے واقعات کبھی ہو جاتے ہیں، لیکن امن و امان حکومت کے مکمل کنٹرول میں ہے۔”

“پاکستان میں ایسا ماحول ملنا خوشی کی بات ہے”

تقریبات میں شریک افراد کے لیے یہ دن خوشی اور میل جول کا موقع تھا۔ انجیلا اوچانی نے کہا، “بہت مزہ آ رہا ہے۔ خوشی ہے کہ پاکستان میں ہمیں یہ ماحول مل رہا ہے۔ ہم دیوالی بہت اچھے سے مناتے ہیں، پٹاخے جلاتے ہیں، سب مل جل کر یہاں آتے ہیں اور مٹھائیاں کھاتے ہیں۔”

اِشمیت کمار کے مطابق اب دیوالی منانے کا انداز بدل چکا ہے۔ “یہ دیوالی پہلے سے بہت مختلف ہے۔ پہلے اتنا کچھ نہیں ہوتا تھا، اب بہت کچھ ہے۔ بچے مل کر زیادہ پٹاخے جلاتے ہیں۔ بڑے پہلے گھروں میں جا کر ملتے تھے، اب ہم سب مندر میں آتے ہیں اور یہیں سب سے ملاقات ہو جاتی ہے۔”

رام سوامی مندر میں مرکزی تقریب

شہر کی سب سے بڑی تقریب رام سوامی مندر میں ہوئی، جہاں لوگوں نے عبادت کی اور پٹاخے جلا کر دیوالی منائی۔ بھومی کے نزدیک دیوالی محض ایک تہوار نہیں، اس کا ایک پیغام بھی ہے۔ “دیوالی ایک خوبصورت تہوار ہے جو امن، سچائی اور زندگی کی علامت ہے۔ ہم مٹھائیاں کھاتے ہیں، ایک دوسرے سے ملتے ہیں اور پٹاخے جلاتے ہیں۔ یہاں بہت اچھا اور پُرسکون ماحول ہے۔”

افتساح نے بتایا کہ ان کے لیے اس دن کا مطلب کیا ہے، “دیوالی میں ہم مٹھائیاں کھاتے ہیں، سب سے ملتے ہیں، پٹاخے جلاتے ہیں اور بہت خوشی سے ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارتے ہیں۔”

جب ان سے پوچھا گیا کہ عبادت اور پٹاخوں کے دوران کوئی خوف تو محسوس نہیں ہوتا، تو عقیدت مندوں نے بتایا کہ ماحول خوشگوار ہے۔

بھگوان رام کی واپسی کی خوشی

عقیدت مندوں کے مطابق دیوالی کی بنیاد ایک دیرینہ عقیدے پر ہے۔ اقصیٰ نے کہا، “ہمارے بھگوان رام چودہ سال کا بن باس پورا کر کے واپس آئے تھے۔ ہم ان کی آمد کی خوشی میں دیوالی مناتے ہیں۔ ہمیں بہت اچھا لگتا ہے۔”

گھروں میں تیاریاں

دیوی نے بتایا کہ تہوار کی تیاریاں کئی دن پہلے شروع ہو جاتی ہیں۔ “گھر میں پوجا تھی، اس کی تیاری کی۔ سب کے کپڑے پریس کر کے رکھے۔ اب ہم مندر آئے ہیں، یہاں بھگوان کو ارپن کریں گے، پرساد لیں گے اور پٹاخے جلائیں گے۔ سب پٹاخے پھوڑ رہے ہیں، بہت خوشی کا ماحول ہے۔ میرا فیورٹ تہوار دیوالی ہی ہے۔ بہت رونق ہوتی ہے، ہم مندر میں آ کر سب مل کر مناتے ہیں۔”

مسلم برادری کی یکجہتی

تقریبات میں مسلم برادری کے افراد بھی شریک ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی شرکت کا مقصد ہندو برادری کو یہ احساس دلانا ہے کہ وہ اکیلے نہیں ہیں۔ دیوالی کے لیے خصوصی بازار بھی لگایا گیا۔

مطالبات

ہندو برادری کے افراد کا کہنا ہے کہ انہیں ایک نہیں، کئی مسائل درپیش ہیں اور ان کے حل کے لیے انہیں حکومت کی حمایت درکار ہے۔ ان کے مطابق اقلیتوں کے تحفظ کے لیے جو قوانین بنائے گئے ہیں، ان پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، اور اس کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں کا تعاون ضروری ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here