06 نومبر 2026

رپورٹ: فرحان طارق، مظفرآباد


پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے شہر راولاکوٹ میں کالعدم جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (جیک) کے گزشتہ 153 روز سے جاری دھرنوں کے دوران جمعرات کی صبح مظاہرین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق ان واقعات میں تین افراد کی ہلاکت اور ایک درجن سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، تاہم ان کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔

جیک کے یہ دھرنے گزشتہ پانچ ماہ سے جاری ہیں۔ ان کا آغاز 5 جون کو اس وقت ہوا تھا جب پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی حکومت نے جیک کو ممنوعہ قرار دینے کے ساتھ اس کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف کارروائی شروع کی تھی۔

5 اور 6 جون کی درمیانی شب راولاکوٹ سے تقریباً آٹھ کلومیٹر دور کھائی گلہ کے مقام پر جیک کے رہنما عمر نذیر کشمیری پر نقاب پوش افراد کے حملے میں وہ زخمی جبکہ ان کے ساتھی شازیب حبیب ہلاک ہو گئے تھے۔ شازیب حبیب کی ہلاکت کے بعد جیک کے کارکنوں نے ان کی میت سی ایم ایچ راولاکوٹ کے باہر رکھ کر احتجاج شروع کیا، جو بعد ازاں مختلف مقامات پر دھرنوں کی شکل اختیار کر گیا۔

جمعرات کی صبح راولاکوٹ کے بس ٹرمینل، ڈی چوک اور دیگر مقامات پر جاری دھرنوں کے اطراف پولیس اور مظاہرین کے درمیان کشیدگی اور جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔

جیک کے کارکنوں کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے متیالمرہ بس ٹرمینل، ڈی چوک اور دیگر دھرنا مقامات کی جانب پیش قدمی کی اور بعض مقامات پر پوزیشنیں سنبھال لیں۔

جیک کے کور ممبر عمر نذیر کشمیری نے دعویٰ کیا کہ دھرنا مقامات کو چاروں اطراف سے گھیر لیا گیا اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔

ان کے بقول، ’’جنگی حالات ہم پر مسلط کر دیے گئے ہیں اور گزشتہ دو، تین گھنٹوں سے ڈرون حملے کیے جا رہے ہیں۔‘‘

تاہم ڈرون حملوں سے متعلق ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی اور پولیس کے جاری کردہ بیان میں بھی ایسے کسی واقعے کی تصدیق نہیں کی گئی۔

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر پولیس کے ترجمان، ڈی آئی جی پونچھ ریجن، کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 5 نومبر کو راولاکوٹ بس ٹرمینل کے قریب عوامی راستوں پر قائم ’’غیر قانونی رکاوٹیں‘‘ ہٹانے اور شہریوں کی آمد و رفت بحال کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ضروری اقدامات کیے۔

پولیس کے مطابق اس دوران مظاہرین میں شامل بعض مسلح افراد نے پولیس پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کی۔

پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار زخمی ہوئے، جبکہ دوسری جانب بعض مسلح افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ وہی مقام ہے جہاں کچھ روز قبل ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ضلع سدھنوتی محمد اکرم کو دورانِ سفر روک کر حبسِ بے جا میں رکھا گیا تھا۔

پولیس نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات کو ’’بے بنیاد اور گمراہ کن پروپیگنڈا‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ من گھڑت افواہوں کا مقصد عوام میں خوف و ہراس پیدا کرکے صورتِ حال کو مزید کشیدہ کرنا ہے۔

مقامی صحافی اجمل شاہین کے مطابق جمعرات کی صبح نو بجے تک ڈی چوک کے اطراف تین افراد کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ ان کے مطابق صبح تقریباً چھ بجے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بس ٹرمینل اور ڈی چوک کی جانب پیش قدمی کے بعد علاقے میں کشیدگی کی اطلاعات سامنے آئیں۔

اجمل شاہین کے مطابق مبینہ طور پر ہلاک ہونے والوں میں احتشام یونس ، عاطف جرجیس اور عادل رشید شامل ہیں،۔ ان کے مطابق ایک درجن سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

تاہم ہلاکتوں، زخمیوں کی تعداد اور ان واقعات کی نوعیت کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔

مقامی صحافی اجمل شاہین کے مطابق بس ٹرمینل کے اطراف موبائل سروس متاثر ہے، جس کے باعث علاقے میں موجود افراد سے رابطہ کرنے اور صورتِ حال کی آزادانہ تصدیق کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ان کے مطابق علاقے سے متضاد اطلاعات موصول ہو رہی ہیں اور متاثرہ مقامات تک رسائی بھی ممکن نہیں۔

دوسری جانب کمشنر پونچھ سردار وحید نے وائس پی کے سے گفتگو میں کہا کہ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز کا کوئی اہلکار زخمی نہیں ہوا۔ تاہم انہوں نے شہریوں کی ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی۔

کمشنر پونچھ کے مطابق کسی زخمی شہری کو ہسپتال نہیں لایا گیا، اس لیے وہ شہریوں کے زخمی یا ہلاک ہونے کی تصدیق نہیں کر سکتے۔

مقامی سرکاری ہسپتال سے جب ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد معلومات کے لئے رابطہ کیا گیا لیکن ہسپتال انتظامیہ نے کوئی جواب نہیں دیا

پونچھ ڈویژن میں گزشتہ پانچ ماہ سے موبائل انٹرنیٹ سروس معطل ہونے کے باعث شہریوں، مقامی صحافیوں اور دیگر ذرائع ابلاغ کو بھی صورتِ حال کی بروقت اور آزادانہ تصدیق میں مشکلات کا سامنا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here