07 نومبر 2026
رپورٹ: محمّد دانیال
پشاور:
خیبرپختونخوا کے ہزاروں سرکاری اسکولوں کی خستہ حال عمارتیں طلبہ اور اساتذہ کی زندگیوں کے لیے خطرہ بن چکی ہیں۔ پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی عمارت گرنے سے تیس سے زائد طلبہ اور ایک خاتون ٹیچر جاں بحق ہو گئے۔ اس سانحے کے بعد محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے سروے میں صوبے کے 4 ہزار 49 سرکاری اسکولوں کی عمارتیں خستہ حال قرار دی گئی ہیں۔ ابتدائی تخمینے کے مطابق ان کی تعمیرِ نو اور مرمت پر 16 ارب 20 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
محکمہ تعلیم کے اعدادوشمار کے مطابق ان عمارتوں میں 8 ہزار 88 کلاس رومز، 2 ہزار 949 گروپ لیٹرینز اور 48 امتحانی ہالز بھی تعمیر یا مرمت کے متقاضی ہیں۔
سوالات صرف نجی اسکولوں تک محدود نہیں
دیر کالونی کے واقعے نے نہ صرف نجی اسکولوں کی عمارتوں کی نگرانی بلکہ سرکاری تعلیمی اداروں کی مجموعی حالت پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔ سروے کے مطابق سب سے زیادہ خستہ حال عمارتیں سوات (488)، پشاور (454)، مردان (350)، ہری پور (332) اور لوئر دیر (271) میں ہیں۔ ایبٹ آباد میں 245، چارسدہ میں 174، کوہاٹ میں 168 اور اپر دیر میں 161 اسکولوں کو مرمت اور بحالی کی ضرورت ہے۔ *(بحوالہ: ڈان)
محکمہ تعلیم کی ہدایات
سانحے کے بعد محکمہ تعلیم نے سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کے حفاظتی جائزے کے لیے متعدد ہدایات جاری کیں:
پندرہ اکتوبر کو محکمہ مواصلات و تعمیرات (C&W) سے کہا گیا کہ ہر ضلع میں ماہر انجینئرز پر مشتمل تکنیکی ٹیمیں بنائی جائیں۔ ان ٹیموں کو چھتوں، دیواروں، ستونوں، بنیادوں، سیڑھیوں اور عمارت کے دیگر حصوں کے معائنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ عمارتوں کو “محفوظ”، “مرمت کے متقاضی” اور “ممکنہ طور پر غیر محفوظ” کیٹیگریز میں تقسیم کرنے اور خطرناک عمارتوں سے متعلق ضلعی انتظامیہ کو فوری آگاہ کرنے کا حکم دیا گیا۔
– اٹھارہ اکتوبر کو واضح کیا گیا کہ غیر محفوظ قرار پانے والی عمارتوں میں تدریسی سرگرمیاں فوری معطل کی جائیں اور طلبہ کو قریبی محفوظ اسکولوں یا کسی مناسب مقام پر منتقل کیا جائے۔ ضروری مرمت اور متعلقہ تکنیکی ادارے سے فٹنس سرٹیفکیٹ ملنے کے بعد ہی تدریس بحال ہو سکے گی۔ ضلعی حکام سے معائنوں، کلاسز کی معطلی، طلبہ کی منتقلی اور اصلاحی اقدامات پر ضلع وار رپورٹ بھی طلب کی گئی۔
یکم نومبر کو تمام ضلعی تعلیمی افسران کو ہدایت کی گئی کہ خطرناک عمارتوں یا ان کے غیر محفوظ حصوں میں زیرتعلیم بچوں کو فوری طور پر محفوظ جگہ منتقل کیا جائے۔ طلبہ کو اسی اسکول کے محفوظ حصوں، قریبی سرکاری اسکولوں یا ضرورت پڑنے پر کرائے کی عمارتوں میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔ اگر عمارت کا صرف ایک حصہ خطرناک ہو تو پورے اسکول کے بجائے صرف اسی حصے کو خالی کرا کے سیل کیا جائے گا۔
پشاور میں انتظامیہ کی کارروائیاں
دیر کالونی سانحے کے بعد پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کی عمارتوں کا معائنہ شروع کیا۔ ان کارروائیوں میں محکمہ تعلیم، ریسکیو 1122، محکمہ مواصلات و تعمیرات اور پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے اہلکار شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر کے مطابق ضلعی انتظامیہ غیر محفوظ اور غیر قانونی طور پر قائم تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جہاں عمارت خستہ حال یا بچوں کے لیے خطرناک پائی گئی، وہاں اسے سیل کرنے سمیت ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “انتظامیہ کی کوشش ہے کہ اسکولوں میں زیرتعلیم بچوں کی حفاظت یقینی بنائی جائے اور کسی بھی ادارے کو بچوں کی زندگی خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہ دی جائے۔”
اب تک ضلعی انتظامیہ 13 نجی اسکولوں کی عمارتوں کو خستہ حال اور خطرناک قرار دے کر ان کی انتظامیہ کو عمارتیں فوری خالی کرنے کے نوٹس جاری کر چکی ہے۔ حکام کے مطابق ان اسکولوں کے طلبہ کو محفوظ عمارتوں میں منتقل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
معاملہ پشاور ہائی کورٹ میں
اسکولوں کی عمارتوں کی حفاظت کا معاملہ پشاور ہائی کورٹ بھی پہنچ گیا ہے۔ پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور وکیل عثمان عالم کی جانب سے دائر درخواستوں میں درج ذیل استدعا کی گئی ہے کہ سانحے کی شفاف تحقیقات کرائیں جائیں اور جاں بحق بچوں اور خاتون ٹیچر کے لواحقین کو شہداء پیکیج کے مساوی معاوضہ دیا جاۓ۔ اسکے علاوہ زخمی طلبہ کا مفت علاج اور مناسب مالی امداد کی جائے۔ عدلت سے درخواست کی گئی کہ حادثے کی وجوہات اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے عدالتی کمیشن
قائم کیا جائے اور صوبے کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں کی عمارتوں اور فائر سیفٹی کا جامع آڈٹ کیا جائے۔ غیر محفوظ عمارتوں میں تدریس کی روک تھام کی جاۓ
اور اسکولوں کے لیے لازمی حفاظتی معیار اور محفوظ اسکول پالیسی کی تشکیل کی جاۓ۔
بار ایسوسی ایشن کے صدر امین الرحمٰن ایڈووکیٹ نے کہا کہ بار نے جاں بحق بچوں کے لواحقین کے لیے شہداء پیکیج کے مساوی معاوضے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کے مطابق عدالت سے یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ صوبے بھر کے سرکاری اور نجی اسکولوں کی عمارتوں کا سروے کرایا جائے، غیر محفوظ عمارتوں کی نشاندہی ہو اور بچوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس فرح جمشید پر مشتمل بینچ نے 22 اکتوبر کو ابتدائی سماعت کے بعد صوبائی حکومت اور متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کیا۔ سماعت کے دوران امین الرحمٰن اور وکیل فواد جان نے مؤقف اختیار کیا کہ نجی اسکولوں کی عمارتوں کی رجسٹریشن، تعمیراتی منظوری اور حفاظتی معائنے کے نظام میں موجود خامیوں کی تحقیقات ضروری ہیں۔
عوامی تعاون کی اپیل
گورنر خیبرپختونخوا کی مشاورتی کونسل کے مشیر مولانا طیب قریشی کا کہنا ہے کہ اسکولوں اور دیگر عمارتوں کی حفاظت صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں، عوام کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق شہریوں کو چاہیے کہ خستہ حال یا غیر محفوظ اسکولوں اور عمارتوں کی نشاندہی کریں تاکہ متعلقہ حکام بروقت کارروائی کر سکیں۔
انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ایسے تعلیمی اداروں میں نہ بھیجیں جہاں ان کی جان و سلامتی کو خطرہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی سطح پر خطرناک عمارتوں کے خلاف اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ایسی جگہوں کو، چاہے وہ اسکول ہوں یا دیگر عمارتیں، بند یا سیل کیا جا رہا ہے۔
اصل چیلنج: وسائل
حکومت کی جانب سے حفاظتی معائنوں، غیر محفوظ عمارتوں کو خالی کرانے، طلبہ کی منتقلی اور حفاظتی ضوابط پر عمل درآمد کی ہدایات تو جاری ہو چکی ہیں، تاہم سروے میں سامنے آنے والے 4 ہزار 49 خستہ حال اسکولوں کی تعمیرِ نو اور مرمت کے لیے درکار 16 ارب 20 کروڑ روپے کا انتظام ایک بڑا چیلنج ہے۔
اب اہم سوال یہ ہے کہ خطرناک قرار دی گئی عمارتوں سے بچوں کی فوری منتقلی کے ساتھ ساتھ ان اسکولوں کی مستقل تعمیرِ نو اور مرمت کب شروع ہوگی، تاکہ تعلیمی ادارے بچوں کے لیے محفوظ مقامات بن سکیں، نہ کہ ان کی زندگیوں کے لیے خطرہ۔