05 نومبر 2026
رپورٹ: سید ضیاء آغا
کوئٹہ
کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے تین صحافیوں، صحافی آغا عبید،مقبول جعفر اور ثناء اچکزئی، کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے پیکا ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے ہیں اور اطلاعات کے مطابق ان کے گھروں پر چھاپے بھی مارے گئے ہیں۔ اس کارروائی پر صحافتی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کسی بھی صحافی کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
مقدمے میں نامزد صحافی آغا عبید کا کہنا ہے کہ انہیں ایف آئی آر سے پہلے کوئی نوٹس نہیں دیا گیا۔ ان کے مطابق اس کارروائی کی وجہ ان کا حالیہ وی لاگ ہے، جس میں انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس سے متعلق شہر میں گردش کرنے والی قیاس آرائیوں اور اپنے ذرائع سے ملنے والی معلومات کا ذکر کیا تھا۔
“اکتوبر کی 29 اور 30 تاریخ کو شہر میں مختلف قیاس آرائیاں گردش کر رہی تھیں۔ اس کے بعد آٹھ سے نو ذرائع نے مجھے مختلف معلومات فراہم کیں،” آغا عبید نے بتایا۔ “میں نے اکتوبر کی 31 تاریخ کو چار منٹ کا وی لاگ کیا۔ اس کے تقریباً آدھے گھنٹے بعد این سی سی آئی اے نے میرے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کر دی، اور اگلے روز میرے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔”
“کارروائی انتقامی ہے”
مقدمے میں نامزد ایک اور صحافی مقبول جعفر، جو بلوچستان امیج نیوز سے وابستہ ہیں، نے اس کارروائی کو انتقامی قرار دیتے ہوئے حکومت اور این سی سی آئی اے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا الزام ہے کہ این سی سی آئی اے میں تعینات بعض اہلکار اس سے قبل کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور ماضی میں ان پر آئین اور قانون کی خلاف ورزیوں سمیت سنگین الزامات لگتے رہے ہیں۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایجنسی کے بعض افسران کو حکومتی شخصیات کی سرپرستی حاصل ہے۔
“اگر کسی صحافی سے کوئی غلطی ہوئی ہے تو قانونی طریقہ کار کے تحت اسے نوٹس جاری کیا جانا چاہیے،” مقبول جعفر نے کہا۔ “مگر ہمارے ساتھ ایسا سلوک کیا جا رہا ہے جیسے ہم صحافی نہیں بلکہ دہشت گرد ہوں۔”
انہوں نے الزام عائد کیا کہ راتوں رات گھروں پر چھاپے مارے جاتے ہیں، صحافیوں کو زد و کوب کیا جاتا ہے اور گھروں میں خواتین کو ہراساں کیا جاتا ہے، جبکہ بعض کارروائیوں میں لیڈی کانسٹیبل بھی موجود نہیں ہوتیں۔
خبر درست ہے تو یونین صحافیوں کے ساتھ کھڑی ہوگی: منظور بلوچ
بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر منظور بلوچ کے مطابق یونین نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی اپنے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق تحقیقات شروع کر دی ہیں اور نامزد صحافیوں سے رابطہ کر کے ان کا مؤقف اور حقائق معلوم کیے جا رہے ہیں۔
“صحافی جب کوئی خبر دیتے ہیں تو ان کے پاس اس کے شواہد اور متعلقہ معلومات ہونی چاہئیں، جو عدالت میں بھی پیش کی جا سکیں،” منظور بلوچ نے کہا۔ “اگر نامزد صحافی اپنی خبر اور مؤقف پر قائم رہتے ہیں تو یونین ان کے ساتھ کھڑی ہوگی اور ضرورت پڑنے پر این سی سی آئی اے تک ان کا ساتھ دے گی۔ تاہم اگر تحقیقات میں کوئی دوسرا معاملہ سامنے آتا ہے تو اسے بھی اسی کے مطابق دیکھا جائے گا۔”
بلوچستان ہائی کورٹ کے سینئر وکیل عبدالحکیم زرین نے بھی اس واقعے پر تشویش ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ “اس واقعے کے خلاف متعلقہ حکام کے خلاف آئینی درخواست دائر کی جا سکتی ہے۔”
مقدمات جعلی خبروں پر درج کیے گیے: شاہد رند
وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاونِ خصوصی شاہد رند نے تصدیق کی کہ تینوں افراد کے خلاف مقدمات این سی سی آئی اے کے ذریعے درج کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق جعلی خبروں کا پھیلاؤ حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ “حکومت کو فیک نیوز کے خلاف قانونی کارروائی کا حق حاصل ہے،” شاہد رند نے کہا۔ “جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے قانونی کارروائی ضروری ہے۔”
این سی سی آئی اے ان مقدمات کے حوالے سے رابطے کی کوشش کی گئی مگر جواب موصول نہیں ہوا۔ یاد رہے کہ این سی سی آئی اے کی جانب سے صحافیوں کو نوٹس جاری کیے جانے کے واقعات اس سے قبل بھی سامنے آ چکے ہیں۔ انسانی حقوق کے کارکنان اور صحافتی حلقے پاکستان میں آزادیِ اظہارِ رائے پر بڑھتی ہوئی پابندیوں پر تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ رپورٹرز وِدآؤٹ بارڈرز (RSF) کے 2026 کے ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں پاکستان 180 ممالک میں سے 153ویں نمبر پر ہے۔