21 نومبر 2026

فوزیہ کلثوم رانا


کراچی

سابق وفاقی وزیر خزانہ اور عوام پاکستان پارٹی کے سیکریٹری جنرل مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ گزشتہ 18 برسوں میں کسی بھی حکومت یا سیاسی جماعت، چاہے وہ پیپلز پارٹی ہو، مسلم لیگ (ن) یا پی ٹی آئی، نے اختیارات کی حقیقی معنوں میں نچلی سطح تک منتقلی (ڈیولوشن) نہیں کی۔ ان کے مطابق این ایف سی کے ذریعے ملنے والے فنڈز اور خودمختاری نے وزرائے اعلیٰ کو بادشاہ بنا دیا ہے۔

وائس پی کے ڈاٹ نیٹ کے آڈینس بیسڈ پروگرام ’اسپاٹ لائٹ‘ میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے موضوع پر میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عام شہری ٹوتھ پیسٹ، صابن اور ڈبے کے دودھ پر 18 فیصد ٹیکس ادا کرتا ہے، جس میں سے تقریباً 60 پیسے وفاق کو جبکہ باقی صوبوں کو جاتے ہیں، لیکن عوام کو سہولیات کے بجائے حکومتی اخراجات اور مرسیڈیز گاڑیاں نظر آتی ہیں۔

یہ پروگرام سینٹر فار ایکسیلنس ان جرنلزم (سی ای جے)، آئی بی اے کراچی میں منعقد ہوا، جس میں مفتاح اسماعیل کے علاوہ معروف ماہرِ معاشیات اور سابق مشیر حکومتِ سندھ ڈاکٹر قیصر بنگالی، جامعہ کراچی کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کی اسسٹنٹ پروفیسر اور ڈائریکٹر پروگرام آن ساؤتھ ایشیا اسٹڈیز ڈاکٹر نوشین واسع، اور سابق وفاقی سیکریٹری خزانہ و تجارت اور سابق چیف سیکریٹری گلگت بلتستان یونس ڈھاگا نے شرکت کی۔ پروگرام میں آئی بی اے کے طلبہ نے بھی کھل کر سوالات کیے اور اپنی آراء کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر قیصر بنگالی نے مفتاح اسماعیل کے اس مؤقف سے اختلاف کیا کہ موجودہ نظام میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے راستہ نکالنا دانشوروں، ماہرینِ تعلیم، سیاست دانوں اور سول سرونٹس کی ذمہ داری ہے۔

تاریخی پس منظر بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر قیصر بنگالی نے کہا کہ پاکستان کے قیام کے بعد پہلی کابینہ کے اجلاس میں کراچی کو سندھ سے الگ کرنے کی بات ہوئی اور اس حوالے سے فیصلہ بھی کیا گیا، جبکہ سندھ اسمبلی نے اس فیصلے کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کی تھی اور اس وقت کے وزیر اعلیٰ ایوب کھوڑو کو ہٹا دیا گیا تھا۔

ان کے مطابق جب سندھ میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی یا محمود آباد میں کچرا اٹھانے جیسے مسائل کی بات ہوتی ہے تو دوسری جانب یہ خدشہ پیدا کیا جاتا ہے کہ کراچی کو سندھ سے الگ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی سیاسی و فکری قیادت نے کبھی دوسری جانب جا کر یہ یقین دہانی نہیں کرائی کہ وہ سندھ کو تقسیم کرنا یا کراچی کو الگ کرنا نہیں چاہتی، بلکہ دھمکی آمیز زبان استعمال کی گئی اور ماضی میں فوجی آمریتوں کا ساتھ بھی دیا گیا، جس سے شدید بداعتمادی پیدا ہوئی۔

میزبان منیزے جہانگیر کے اس سوال پر کہ سندھ اسمبلی کی حالیہ قرارداد کے باوجود وہ کیوں سمجھتے ہیں کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ہی حل نہیں، مفتاح اسماعیل نے کہا کہ کاش سندھ اسمبلی کی قرارداد متفقہ ہوتی اور اس میں یہ بھی واضح کیا جاتا کہ صوبہ برقرار رہے گا، لیکن اختیارات مؤثر انداز میں نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں گے۔

ڈاکٹر نوشین واسع نے کہا کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اسی صورت ممکن ہے جب اس کے ساتھ آئینی ترامیم کی جائیں اور مقامی حکومتوں کے اداروں کو بااختیار بنایا جائے۔ وفاق، صوبوں اور لوکل گورنمنٹس کے تین درجوں کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکز کی ذمہ داری دفاع، تجارت اور خارجہ پالیسی ہے، صوبوں کا کام علاقائی ترقی ہے، جبکہ لوکل گورنمنٹس بنیادی طور پر میونسپل خدمات فراہم کرتی ہیں، جو شہریوں کی روزمرہ زندگی آسان بناتی ہیں، تاہم علاقائی ترقی میں ان کا کردار محدود ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محض یہ کہنا کہ ڈیولوشن ہی حل ہے یا نئے صوبوں کی بات کیے بغیر اس بحث کو آگے بڑھانا خوش فہمی ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ گورننس کی ناکامی کی وجوہات کیا ہیں۔ ان کے مطابق گورننس کی بنیاد عوامی شرکت، رائے کی شمولیت، جوابدہی اور شفافیت ہے، جو مرکزی سطح پر نظر نہیں آتی۔

سابق وفاقی سیکریٹری یونس ڈھاگا نے کہا کہ ’انتظامی یونٹس‘ کی اصطلاح دراصل صوبوں کے نام پر ان کی تقسیم کی بحث کو مختلف انداز میں پیش کرنے کی کوشش ہے، کیونکہ آئین کے تحت کسی صوبے کو تقسیم کرنے کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے، جو عملی طور پر انتہائی مشکل ہے۔ اسی لیے ایسے انتظامی یونٹس کی بات کی جا رہی ہے جو صوبوں کو تقسیم کیے بغیر انتظامی طور پر بااختیار ہوں۔

انہوں نے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے معاملے پر مفتاح اسماعیل اور ڈاکٹر قیصر بنگالی دونوں سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے کا مؤثر کام فوجی ادوار میں ہوا، خصوصاً 1960 کی دہائی اور 2000 میں مشرف دور کے ضلعی حکومتوں کے نظام میں۔

اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے یونس ڈھاگا نے کہا کہ 1960 کی دہائی میں شرح خواندگی 20 فیصد سے بڑھ کر دس سال میں 30 فیصد ہوئی، جبکہ اگلے 30 برسوں میں صرف 10 فیصد اضافہ ہوا اور شرح 40 فیصد تک پہنچی۔ ان کے مطابق 2000 میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے بعد شرح خواندگی 40 فیصد سے بڑھ کر 57 فیصد تک پہنچ گئی، تاہم گزشتہ 18 برسوں میں سندھ میں یہ کم ہو کر 50 فیصد رہ گئی ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مشرف دور میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے نظام کو بھی ختم کرنے کا عمل پرویز الٰہی اور ارباب رحیم نے ان کے جانے سے پہلے ہی شروع کر دیا تھا۔ ان کے مطابق صوبوں اور مقامی حکومتوں کے درمیان بنیادی نوعیت کا تصادم موجود ہے، جس کے حل کے لیے وفاقی آئین میں یہ تحفظ ہونا چاہیے کہ جس طرح صوبائی حکومت کو نہیں ہٹایا جا سکتا، اسی طرح مقامی حکومت کو بھی اپنی مدت سے پہلے ختم نہ کیا جا سکے۔

ڈاکٹر نوشین واسع نے کہا کہ 18ویں ترمیم میں آرٹیکل 140۔اے کے تحت مقامی حکومتوں کے حوالے سے صرف ایک شق شامل کی گئی، لیکن اس کے نفاذ کا طریقہ کار واضح نہیں کیا گیا۔ انہوں نے چارٹر آف ڈیموکریسی کے آرٹیکل 10 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں مقامی حکومتوں کے انتخابات الیکشن کمیشن کے ذریعے کرانے اور عام انتخابات کے تین ماہ کے اندر لوکل باڈیز انتخابات منعقد کرنے کا واضح خاکہ موجود ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آئین میں تبدیلی کے بغیر صرف نئے صوبے یا انتظامی یونٹس بنائے گئے تو اختیارات دوسرے درجے  پر مرکوز ہو جائیں گے اور انہیں حقیقی معنوں میں نچلی سطح تک منتقل نہیں کیا جا سکے گا۔

یونس ڈھاگا نے کہا کہ صوبے خود اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہیں کریں گے، اس لیے لوکل گورنمنٹس کو وفاق کی طرح آئین میں الگ باب، اختیارات کی واضح تقسیم اور علیحدہ انتخابات دیے جانے چاہئیں، جبکہ صوبوں کا مقامی حکومتوں پر کنٹرول ختم ہونا چاہیے۔

انہوں نے سندھ کے رائٹ بینک کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے دوران وہاں مہینوں پانی کھڑا رہتا ہے اور رائٹ بینک آؤٹ فال ڈرین 18 برسوں میں مکمل نہیں ہو سکی۔ ان کے مطابق اگر وہاں مقامی حکومت ہوتی تو وہ نکاسی آب اور مقامی معیشت سے متعلق مسائل پر کام کرتی۔

مفتاح اسماعیل نے تجویز دی کہ اگر آئین میں آرٹیکل 140۔اے کے ساتھ 140۔بی، 140۔سی، 140۔ڈی اور 140۔ای شامل کرکے ڈویژنز اور لوکل گورنمنٹس کے اختیارات و ذمہ داریاں واضح کی جائیں اور صوبائی مالیاتی کمیشن (پی ایف سی) کے ذریعے فنڈز کی منتقلی کا نظام بنایا جائے تو آدھا مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔

لاہور ڈویژن اور لیہ کا موازنہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال لاہور ڈویژن میں فی کس خرچ 13 ہزار 240 روپے جبکہ لیہ میں 460 روپے رہا، جو ناانصافی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ انتخابات شفاف ہونے چاہئیں، میئر کے براہ راست انتخابات کرائے جائیں اور نئے میئر کے انتخاب تک سابق میئر کو عہدے سے نہ ہٹایا جائے۔

مفتاح اسماعیل کے مطابق اصل مقصد شہریوں اور عوام کو بااختیار بنانا ہے تاکہ محمود آباد کے لوگ خود فیصلہ کر سکیں کہ ان کے اسکولوں، کچرے اور سڑکوں کے مسائل کیسے حل کیے جائیں، نہ کہ وفاق یا صوبے ان معاملات پر فیصلہ کریں۔

انہوں نے تجویز دی کہ دفاع، خارجہ پالیسی اور بین الاقوامی تجارت وفاق کے پاس رہیں، بین الصوبائی اور صوبوں کے اندر سڑکیں، ماحولیات، جنگلات اور معدنیات صوبوں کے پاس ہوں، جبکہ تعلیم اور صحت جیسے شعبوں کے اختیارات منطقی انداز میں ڈویژن یا ضلع کی سطح پر تقسیم کیے جائیں۔

ڈاکٹر قیصر بنگالی نے واضح کیا کہ صوبائی مالیاتی کمیشن کے فارمولے پہلے ہی بنائے جا چکے ہیں اور سندھ و خیبر پختونخوا میں نافذ بھی رہے ہیں، اس لیے فارمولا بنانا مشکل نہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر یہ کہا جاتا ہے کہ صوبے اختیارات منتقل نہیں کریں گے اور اس کے لیے آئین میں ترمیم ضروری ہے، تو آئینی ترمیم بھی انہی اسمبلیوں کے ذریعے ہوتی ہے جہاں صوبوں کے نمائندے بیٹھے ہیں۔

ساتویں قومی مالیاتی کمیشن کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے 16 اجلاس پانچ ماہ تک خوشگوار ماحول میں ہوئے اور ان کا مقصد سیاسی و مالی عدم توازن درست کرنا تھا۔ انہوں نے اپنی تجاویز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ این ایف سی فنڈز کا ایک حصہ شرح خواندگی بڑھانے جیسے سماجی اہداف سے منسلک کیا جا سکتا ہے، جبکہ قابل تقسیم محاصل کو براہ راست اور بالواسطہ ٹیکسوں میں تقسیم کرکے وفاق کو براہ راست ٹیکسوں کا 80 فیصد اور بالواسطہ ٹیکسوں کا 20 فیصد دیا جائے تاکہ وفاق براہ راست ٹیکسوں کی وصولی پر توجہ دے۔

انہوں نے نویں این ایف سی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وفاق نے 7 فیصد اضافی حصہ مانگا تو پنجاب کی اس وقت کی وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا نے سخت مخالفت کی، کیونکہ ہر 100 روپے کی کمی میں پنجاب کو 52 روپے جبکہ بلوچستان کو 9 روپے کا نقصان ہوتا۔ ان کے مطابق اصل مسئلہ وفاقی حکومت کا ’پریڈیٹری ایٹی ٹیوڈ‘ اور بداعتمادی ہے، یعنی یہ خدشہ کہ ایک آئینی ترمیم کی آڑ میں دوسری ترمیم لا کر صوبوں کو کمزور یا تقسیم کیا جا سکتا ہے۔

میزبان منیزے جہانگیر نے سوال کیا کہ جب ملک میں جنگ، ایران جنگ، بلوچستان کی صورتحال اور کشمیر کا محاذ موجود ہے، تو اختیارات کی تقسیم اور نئے انتظامی یونٹس کی بحث اچانک کیوں شروع ہوئی، جبکہ عوام کی جانب سے اس حوالے سے کوئی احتجاج یا مطالبہ بھی سامنے نہیں آیا؟

اس سوال کے جواب میں ڈاکٹر نوشین واسع نے کہا کہ مرکز ماضی میں بھی صوبائی حکومتوں کو بائی پاس کرنے کے لیے مقامی حکومتوں کو استعمال کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منظرنامہ تبدیل ہو رہا ہے، معدنیات اور سیکیورٹی سے متعلق معاہدے ہو رہے ہیں۔

ریکو ڈک کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے صوبائی مؤقف اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد 5.9 ارب ڈالر کا جرمانہ عائد ہوا، جس کے بعد عدالت سے باہر طے پانے والے معاہدے میں بیرک گولڈ اور حکومت کے درمیان 50، 50 فیصد حصے کی تقسیم ہوئی، جس میں بلوچستان کا حصہ 25 فیصد طے پایا، جبکہ منصوبے پر کام 2028 میں شروع ہونا ہے۔

ان کے مطابق جب طاقتور حلقوں کو لگتا ہے کہ صوبائی حکومتیں معاہدوں یا فیصلوں میں رکاوٹ بن سکتی ہیں، تو اختیارات کم کرنے یا انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کی بحث شروع کرنے کے لیے وقت کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

منیزے جہانگیر نے سوال کیا کہ کراچی میں کنٹونمنٹ بورڈز اور دیگر اداروں کے تحت دو مختلف نظام چل رہے ہیں، تو پھر شہر کا لندن اور نیویارک سے موازنہ کیوں کیا جاتا ہے؟

یونس ڈھاگا نے جواب میں کہا کہ کنٹونمنٹس کا مسئلہ واقعی موجود ہے، تاہم کراچی کا صرف 15 سے 20 فیصد حصہ کنٹونمنٹ بورڈز کے پاس ہے، جبکہ تقریباً 80 فیصد حصہ صوبائی حکومت یا مقامی حکومتوں کے زیر انتظام ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بحث میں اکثر صوبوں کو ولن اور مقامی حکومتوں کو بوری بند لاشوں سے جوڑ کر پیش کیا جاتا ہے، جبکہ صوبے اتنے مضبوط ہو چکے ہیں کہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم میں بھی ان کے مفادات کو نقصان نہیں پہنچا۔

یونس ڈھاگا نے آکٹرائے اور ضلع ٹیکس (او زیڈ ٹی) کے خاتمے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 1999 میں صنعت کاروں کی شکایت پر سیلز ٹیکس بڑھا کر مقامی حکومتوں کو رقم دینے کا وعدہ کیا گیا، بعد میں مشرف دور میں اسے جی ایس ٹی کا چھٹا حصہ (1/6) مقرر کیا گیا، جبکہ ساتویں این ایف سی میں یہ رقم قابل تقسیم محاصل میں شامل کر دی گئی، جس کے نتیجے میں کراچی کو آج بھی اس کا حصہ نہیں مل رہا۔

انہوں نے وفاق کو کنگال قرار دینے کے بیانیے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ وفاق اور صوبوں دونوں کے اخراجات تیزی سے بڑھ رہے ہیں، جن کا بوجھ ٹیکس دہندگان اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ صوبوں کے پاس اتنے پیسے ہیں کہ طیاروں اور گاڑیوں کی خریداری کی باتیں ہوتی ہیں، جبکہ 40 سے 50 فیصد بچے اسکولوں سے باہر ہیں اور صحت و تعلیم کی صورتحال خراب ہے۔

ایک طالب علم نے سوال کیا کہ سندھ ملک کی 66 فیصد گیس، بجلی اور تیل پیدا کرتا ہے، تو کیا صوبہ اپنے استعمال، صنعتوں اور عوام کی ضروریات پوری کرنے کے بعد باقی وسائل وفاق کو دے سکتا ہے؟

جواب میں یونس ڈھاگا نے اسے ’رائٹ آف فرسٹ یوز‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد معاملات صوبائی، وفاقی اور مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے درمیان تقسیم ہوئے، جن میں بجلی بھی شامل ہے۔ بھارت کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں بجلی کا شعبہ صوبوں کے پاس ہے، جبکہ پاکستان میں بھی اگر صوبے آگے بڑھیں تو تھر کول، نیوکلیئر، ونڈ کوریڈور اور خیبر پختونخوا میں ہائیڈل بجلی سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

ان کے مطابق اس کے لیے ضروری ہے کہ وفاق صرف خسارے والی ڈسکوز دینے کے بجائے پورا توانائی نظام، جس میں بجلی کی پیداوار، ترسیل، تقسیم اور گیس شامل ہیں، صوبوں کو منتقل کرے۔

ایک اور طالب علم نے سوال کیا کہ اگر پیپلز پارٹی کو سندھ میں موجودہ اپوزیشن کے باوجود ایسی صورتحال کا سامنا ہے، تو صوبے کی تقسیم یا نئے صوبے کی صورت میں سندھ کا کیا بنے گا؟

مفتاح اسماعیل نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے لوگوں کو بعض اوقات لگتا ہے کہ دیہی سندھ کی صورتحال شاید بہتر ہو، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ دیہی سندھ میں روزگار، کاروبار اور بنیادی ڈھانچے کی شدید کمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اصل مسئلہ شفاف انتخابات ہیں۔ اگر انتخابات صاف اور شفاف ہوں تو نئے لوگ اور مختلف جماعتیں سامنے آئیں گی، چاہے ملک میں کتنے ہی صوبے کیوں نہ بن جائیں۔

ایک اور طالب علم نے کہا کہ دیہی علاقوں میں انتخابات کے دوران بعض ووٹرز کو اپنے ایم این اے کا نام تک معلوم نہیں ہوتا۔

مفتاح اسماعیل نے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شہری علاقوں کے لوگوں کا دیہی عوام کو کم سمجھنا غلط رویہ ہے۔ ان کے مطابق غریب اور کم پڑھے لکھے ووٹرز بھی ووٹ کی اہمیت اور امیدواروں سے واقف ہوتے ہیں، تاہم بعض اوقات لوگ مجبوریوں کے تحت فیصلے کرتے ہیں۔ اگر امیدوار حلقے میں وقت گزاریں اور عوام کے لیے کام کریں تو لوگ انہیں ضرور ووٹ دیتے ہیں۔

انہوں نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ بعض رہنما برسوں کراچی میں رہتے ہیں اور انتخابات کے آخری مہینوں میں اپنے حلقوں کا رخ کرتے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here