28 نومبر 2026

فوزیہ کلثوم رانا


اسلام آباد

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور مانسہرہ سے سابق رکن صوبائی اسمبلی سردار ظہور احمد نے کہا کہ ہزارہ کوئی الگ نسل یا قو نہیں بلکہ مختلف زبانیں بولنے والی برادریوں کا خطہ ہے۔ ان کے مطابق ہزارہ صوبے کا مطالبہ لسانی نہیں بلکہ انتظامی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم پر مبنی ہے۔

وائس پی کے ڈاٹ نیٹ کے آڈینس بیسڈ پروگرام ’اسپاٹ لائٹ‘ میں ہزارہ صوبہ کے قیام کے موضوع پر میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سردار ظہور کا کہنا تھا کہ ہزارہ صوبے کے حامی سیاسی نمائندوں نے کہا ہے کہ الگ صوبے کے قیام سے علاقے میں انتظامی سہولتیں، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور ترقی کے مواقع بہتر ہو سکتے ہیں جبکہ مخالفین کا مؤقف ہے کہ نئے صوبے بنانے کے بجائے مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے اور موجودہ نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔

عاصمہ جہانگیر ڈائیلاگ کے تحت یہ پروگرام ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں منعقد ہوا جس میں سردار ظہور کے علاوہ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما صدق شیدائی اور ایبٹ آباد پریس کلب کے صدر سردار نوید عالم نے بھی شرکت کی۔

اس مباحثے کا موضوع تھا ’کیا ہزارہ کو الگ صوبہ بنایا جانا چاہیے؟‘۔ میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ سیاسی نمائندوں اور مقامی رہنماؤں نے ہزارہ صوبے کے قیام، انتظامی اختیارات، وسائل کی تقسیم، بلدیاتی نظام، صوبائی خودمختاری اور نئے صوبوں کے اخراجات پر گفتگو کی، جبکہ یونیورسٹی کے طلبہ نے ان سے مختلف سوالات بھی کیے۔

مباحثے کے آغاز میں منیزے جہانگیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں ہزارہ کو الگ صوبہ بنانے کے حوالے سے متعدد قراردادیں منظور ہو چکی ہیں، تاہم عوامی نیشنل پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام اس مطالبے سے اختلاف کرتی ہیں۔ انہوں نے ایبٹ آباد اور ہری پور کو اسلام آباد میں شامل کرنے کی وفاقی سطح پر سامنے آنے والی تجویز کا بھی حوالہ دیا، جسے خیبر پختونخوا اسمبلی مسترد کر چکی ہے۔

ہزارہ صوبے کی مخالفت کیوں؟

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما صدیق شیدائی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کا نام ایک پارلیمانی جدوجہد کے نتیجے میں تبدیل ہوا تھا، تاہم ہزارہ میں اس نام کی تبدیلی کے خلاف احتجاج کے دوران پشتون طلبہ اور دیگر افراد کے ساتھ نامناسب رویے اور تشدد کے واقعات بھی سامنے آئے۔

ان کے مطابق ہزارہ میں پشتون، ہندکو، گوجری اور دیگر زبانیں بولنے والی برادریاں آباد ہیں، اس لیے صوبے کے نام اور شناخت کے معاملے کو لسانی بنیادوں پر نہیں دیکھنا چاہیے۔

منیزے جہانگیر نے سوال کیا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں ہزارہ صوبے کے حق میں متعدد قراردادیں منظور ہونے کے باوجود اے این پی اس مطالبے کی مخالفت کیوں کرتی ہے؟

صدیق شیدائی نے جواب دیا کہ حالیہ قرارداد پر اسمبلی کے تمام ارکان نے حصہ نہیں لیا تھا اور ان کے مطابق صرف سولہ ارکان نے کارروائی میں حصہ لیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ نئے صوبوں کی بحث کس سیاسی قوت کی جانب سے آگے بڑھائی جا رہی ہے اور کیا اس کے پیچھے عوامی مطالبہ موجود ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبے عوام کی مرضی سے بننے چاہئیں، نہ کہ کسی دوسرے ادارے یا اسٹیبلشمنٹ کی خواہش کے مطابق۔ انہوں نے ایبٹ آباد اور ہری پور سے ماضی میں وزرائے اعلیٰ، گورنر اور اہم حکومتی شخصیات کے سامنے آنے کا حوالہ دیتے ہوئے ان علاقوں کو پسماندہ قرار دینے کے دعووں پر بھی سوال اٹھایا۔

ہزارہ کی تاریخی جدوجہد اور سیاسی جماعتوں کا مؤقف

ایبٹ آباد پریس کلب کے صدر سردار نوید عالم نے کہا کہ ہزارہ صوبے کا مطالبہ نیا نہیں بلکہ اس کی تاریخی بنیادیں انیس سو چھیالس کے ریفرنڈم تک جاتی ہیں۔ ان کے مطابق ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کے منشور میں بھی ہزارہ صوبے کا ذکر موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہزارہ کے عوام انتظامی سہولتوں اور وسائل کی منصفانہ تقسیم چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد، ہری پور اور مانسہرہ میں تعلیمی و ترقیاتی سہولتیں موجود ہونے کے باوجود پورے خطے کی ضروریات پوری نہیں ہوئیں اور علاقے کو میڈیکل یونیورسٹی، انجینئرنگ یونیورسٹی اور خواتین کی یونیورسٹی سمیت مزید تعلیمی سہولتوں کی ضرورت ہے۔

نوید عالم نے کہا کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان اپنے جلسوں میں ہزارہ صوبے کی حمایت کرتے رہے ہیں اور یہ مطالبہ پارٹی کے منشور میں بھی شامل ہے۔

منیزے جہانگیر نے سوال کیا کہ اگر تحریک انصاف کے اندر اس معاملے پر اختلافات موجود ہیں اور بعض ارکان قرارداد کی مخالفت کرتے ہیں تو پارٹی کی اصل پالیسی کیا ہے؟

نوید عالم نے جواب دیا کہ پارٹی کا منشور اس معاملے میں واضح دستاویز ہے اور عمران خان کی موجودگی یا عدم موجودگی سے منشور کی حیثیت تبدیل نہیں ہوتی۔

ایبٹ آباد اور ہری پور کو اسلام آباد میں شامل کرنے کی تجویز

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق رکن خیبر پختونخوا اسمبلی سردار ظہور احمد سے پوچھا گیا کہ ایبٹ آباد اور ہری پور کو اسلام آباد میں شامل کرنے کی تجویز کہاں سے آئی اور کیا یہ مقامی عوام کا مطالبہ ہے؟

انہوں نے کہا کہ یہ عوامی مطالبہ نہیں ہے اور ہزارہ کے عوام کوہستان سے ہری پور تک پورے خطے کو ایک صوبے کی صورت میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق مختلف اوقات میں کوہستان کو گلگت بلتستان یا دیگر علاقوں کے ساتھ شامل کرنے کی تجاویز بھی سامنے آتی رہی ہیں، لیکن ہزارہ کے سیاسی نمائندوں کا مشترکہ مؤقف ہے کہ پورا ہزارہ ڈویژن ایک انتظامی اکائی ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تحریک کی قیادت سردار یوسف کر رہے ہیں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے مقامی کارکن بھی اس مؤقف کی حمایت کرتے ہیں۔

منیزے جہانگیر نے سوال کیا کہ اگر صرف ایبٹ آباد اور ہری پور کو اسلام آباد میں شامل کیا جائے تو باقی ہزارہ ڈویژن کا کیا بنے گا؟ سردار ظہور احمد نے جواب دیا کہ ایسا کوئی حل قابل قبول نہیں جس میں ہزارہ کے علاقے تقسیم ہوں۔

اباسین ڈویژن کا مطالبہ

مباحثے میں بٹگرام اور کوہستان کے علاقوں میں اباسین ڈویژن بنانے کی تجویز بھی زیر بحث آئی۔

صدیق شیدائی نے کہا کہ بٹگرام اور کوہستان میں اباسین ڈویژن کی حمایت موجود ہے اور مختلف سیاسی جماعتیں اس مطالبے کے ساتھ کھڑی ہیں۔ ان کے مطابق کوہستان کے عوام جرگوں کے ذریعے اپنے انتظامی مسائل اور الگ شناخت کے مطالبات بھی اٹھاتے رہے ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ اگر ایبٹ آباد اور ہری پور کو الگ انتظامی حیثیت دی جا سکتی ہے تو کوہستان کے عوام کے مطالبات کو کیوں نظرانداز کیا جائے؟ ان کا کہنا تھا کہ ہزارہ کے بعض علاقوں میں ترقی اور ملازمتوں کی تقسیم کے حوالے سے شکایات بھی موجود ہیں۔

دوسری جانب ہزارہ صوبے کے حامی نمائندوں نے واضح کیا کہ ان کا مطالبہ پورے ہزارہ ڈویژن کو ایک صوبہ بنانے کا ہے، نہ کہ کسی مخصوص علاقے کو الگ کرنے کا۔

کیا نئے صوبے گورننس بہتر کر سکتے ہیں؟

ایک طالبہ نے سوال کیا کہ پاکستان کا بنیادی مسئلہ صوبوں کی تعداد نہیں بلکہ اچھی حکمرانی ہے، تو موجودہ صوبوں میں گورننس بہتر بنانے کے بجائے نئے صوبوں کی بحث کیوں کی جا رہی ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہزارہ کے شہریوں کو ایک معمولی سرکاری دستخط کے لیے بھی پشاور یا اسلام آباد جانا پڑتا ہے۔

منیزے جہانگیر نے سوال کو آگے بڑھاتے ہوئے پوچھا کہ مقامی حکومتوں کو بااختیار کیوں نہیں بنایا جاتا؟

سردار ظہور احمد نے جواب دیا کہ ماضی میں تعلیمی بورڈ کے معاملات کے لیے بھی طلبہ کو پشاور جانا پڑتا تھا اور نئے انتظامی یونٹس بننے سے سرکاری سہولتیں عوام کے قریب آ سکتی ہیں۔

صدیق شیدائی نے کہا کہ کوہستان سے پشاور کا سفر طویل ضرور ہے، لیکن مانسہرہ اور ایبٹ آباد سے پشاور کا فاصلہ نسبتاً کم ہے۔ ان کے مطابق اصل ضرورت مقامی حکومتوں کو مضبوط اور بااختیار بنانے کی ہے۔

بلدیاتی نظام کیوں کمزور ہوا؟

منیزے جہانگیر نے سوال کیا کہ جب ملک میں بلدیاتی نظام مؤثر انداز میں کام نہیں کر رہا تو نئے صوبے بنانے سے گورننس کیسے بہتر ہو گی؟

سردار نوید عالم نے کہا کہ دو ہزار ایک میں جنرل پرویز مشرف کے دور میں متعارف کرایا گیا بلدیاتی نظام پاکستان کی تاریخ کے بہتر نظاموں میں سے ایک تھا، تاہم بعد میں میں تبدیلیوں کے ذریعے مقامی نمائندوں کے اختیارات اور فنڈز محدود ہوتے گئے۔ ان کے مطابق دو ہزار بائیس میں منتخب ہونے والے ویلج کونسل چیئرمین اور تحصیل میئرز کو ترقیاتی فنڈز بھی فراہم نہیں کیے گئے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے بھی کہا کہ آئین کے مطابق بلدیاتی اداروں کو فعال ہونا چاہیے اور انہیں ترقیاتی معاملات میں مؤثر اختیارات ملنے چاہئیں۔ منیزے جہانگیر نے ان سے سوال کیا کہ اگر مسلم لیگ ن بلدیاتی نظام کی حمایت کرتی ہے تو پنجاب میں اسے مؤثر کیوں نہیں بنایا جاتا؟

بنیادی مسائل اور نئے صوبوں کے قیام کا فائدہ

مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے طالب علم عبداللہ نیاز نے سیاسی نمائندوں سے سوال کیا کہ پاکستان میں حکومتیں بدلتی رہتی ہیں، سیاسی عدم استحکام برقرار ہے اور ہر جماعت دوسری جماعت پر کرپشن اور دھاندلی کے الزامات لگاتی ہے۔ ایسے حالات میں نئے صوبے بنانے سے کیا عوام کے مسائل حل ہو جائیں گے؟

سردار ظہور احمد نے جواب دیا کہ پہلے آئین پر عمل درآمد، بنیادی حقوق کا تحفظ اور اداروں کو سیاسی مداخلت سے آزاد کرنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق جب ادارے مضبوط ہوں گے تو نظام بھی بہتر ہو گا۔

نئے صوبوں کے اخراجات کیسے پورے ہوں گے؟

ایک طالب علم نے سوال اٹھایا کہ نئے صوبے بنانے کے لیے اسمبلیاں، سیکریٹریٹ، سرکاری عمارتیں، عملہ اور انتظامی ڈھانچہ درکار ہوگا۔ جب موجودہ نظام ہی مالی مشکلات کا شکار ہے تو نئے صوبوں کے اخراجات کیسے پورے کیے جائیں گے؟

سردار نوید عالم اور سردار ظہور احمد نے جواب دیا کہ موجودہ انفراسٹرکچر، ڈسٹرکٹ کونسلز اور ٹاؤن کونسلز کو استعمال کیا جا سکتا ہے اور نئے صوبوں کے قیام کے لیے بہت زیادہ اضافی اخراجات کی ضرورت نہیں ہو گی۔ ان کے مطابق موجودہ وسائل کو منصفانہ طور پر تقسیم کرنے سے ہر ضلع کو اس کی آبادی اور ضروریات کے مطابق ترقیاتی وسائل مل سکتے ہیں۔

صدیق شیدائی نے اس مؤقف پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر سابقہ فاٹا کے لیے سیکریٹریٹ قائم کرنے کے باوجود مطلوبہ وسائل فراہم نہیں کیے جا سکے تو نئے صوبوں کا انتظام کیسے چلایا جائے گا؟ ان کے مطابق محض انتظامی یونٹ بنا دینا مسائل کا جادوئی حل نہیں ہے۔

ہزارہ کے ترقیاتی منصوبوں پر سوالات

میڈیا اور کمیونیکیشن اسٹڈیز کی طالبہ ہادیہ نے سوال کیا کہ اگر ہزارہ صوبہ بن بھی جائے تو اس سے عوام کو کیا فوائد حاصل ہوں گے اور کیا نئے صوبے کے لیے کوئی واضح ترقیاتی حکمت عملی موجود ہے؟

صدیق شیدائی نے جواب میں ایبٹ آباد کے ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا حوالہ دیا، جس کی لاگت ان کے مطابق ایک ارب روپے سے بڑھ کر ساڑھے تین ارب روپے تک پہنچ گئی، جبکہ ٹھنڈیانی روڈ کا منصوبہ بھی تاخیر کا شکار ہے اور اس کی لاگت ڈیڑھ ارب روپے سے بڑھ کر ساڑھے پانچ ارب روپے تک پہنچ گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پشاور میں بیٹھ کر پورے ہزارہ کے ترقیاتی مسائل حل نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے صوبے کے قیام سے مقامی سطح پر یونیورسٹیاں، تعلیمی کورسز اور دیگر سہولتیں فراہم کی جا سکیں گی، جس سے طلبہ کو ایف ایس سی کے بعد تعلیم کے لیے اسلام آباد، لاہور اور کراچی جانے کی ضرورت کم ہو سکتی ہے۔

ایک طالبہ نے اے این پی کے رہنما سے سوال کیا کہ اگر ایبٹ آباد اور ہری پور کو ترقی یافتہ قرار دیا جاتا ہے تو ایسے کون سے ترقیاتی منصوبے ہیں جن سے باقی ہزارہ کے عوام بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں؟

صدیق شیدائی نے جواب دیا کہ ایبٹ آباد کا موازنہ کوہستان، بٹگرام اور تورغر سے کیا جائے تو ترقی کے واضح فرق کا اندازہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض علاقوں میں روزانہ صرف دو گھنٹے بجلی دستیاب ہوتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ماضی میں ہزارہ کے کئی وزرا صوبائی حکومتوں میں شامل رہے، اس لیے ان علاقوں کے مسائل حل کرنے کی ذمہ داری بھی انہی نمائندوں پر عائد ہوتی ہے۔

ہزارہ صوبے کا مطالبہ لسانی بنیادوں پر ہے؟

قانون کے طالب علم محمد نوید فرید نے اے این پی کے رہنما سے سوال کیا کہ سابق صوبہ سرحد کا نام خیبر پختونخوا رکھنے کے بعد ہزارہ صوبے کی تحریک کو لسانی تناظر میں کیوں دیکھا گیا؟

صدیق شیدائی نے جواب دیا کہ ایبٹ آباد اور ہری پور سے طویل عرصے تک اہم سیاسی شخصیات اقتدار میں رہیں، اس لیے انہیں دیگر علاقوں کی پسماندگی کا جواب دینا چاہیے۔

طالبہ صبغہ سلیم نے سوال کیا کہ اگر چھوٹے انتظامی یونٹس بنانے کا مقصد بہتر چیک اینڈ بیلنس ہے تو بڑے صوبوں اور وفاقی حکومت کو کون جواب دہ بنائے گا؟

سردار ظہور احمد اور سردار نوید عالم نے جواب دیا کہ قومی اسمبلی میں تمام علاقوں کی نمائندگی موجود ہے اور پارلیمان بڑے انتظامی یونٹس کی نگرانی کر سکتی ہے۔ ان کے مطابق چھوٹے یونٹس سے عوامی نمائندگی اور وسائل کی تقسیم بہتر ہو سکتی ہے۔

ہزارہ صوبے کے حوالے سے وفاقی سطح پر پیش رفت

طالب علم سلمان حیدر نے مسلم لیگ ن کے نمائندے سے پوچھا کہ ہزارہ صوبے کے حوالے سے اسمبلیوں میں قراردادیں منظور ہونے کے بعد وفاقی سطح پر کیا پیش رفت ہوئی اور اس پر وفاقی حکومت کا کیا ردعمل تھا؟

سردار ظہور احمد نے کہا کہ ان کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی میں قرارداد تین مرتبہ منظور ہو چکی ہے، قومی اسمبلی میں بھی معاملہ اٹھایا گیا اور متعلقہ بل قائمہ کمیٹی میں زیر بحث ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ملک میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے حوالے سے قانون سازی آگے بڑھے گی تو ہزارہ کے مطالبے کو بھی اس میں شامل کیا جانا چاہیے۔

مباحثے کے دوران منیزے جہانگیر نے سوال کیا کہ جب آئین میں نئے صوبے بنانے کا واضح طریقہ موجود ہے تو پھر ریفرنڈم کی ضرورت کیوں پیش کی جا رہی ہے؟

انہوں نے آئین کے آرٹیکل دو سو انتالیس کی ذیلی شق چار کا حوالہ دیتے ہوئے وضاحت کی کہ کسی صوبے کی حدود میں تبدیلی کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی منظوری ضروری ہے۔

سردار ظہور نے جواب دیا کہ وہ ریفرنڈم کے حق میں ہیں کیونکہ عوام کی رائے کو بنیادی اہمیت حاصل ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق نئے صوبوں کے معاملے پر ملک بھر میں عوامی رائے لی جا سکتی ہے۔

مباحثے سے پہلے اور بعد کے نتائج

پروگرام کے دوران طلبہ و طالبات سے کیو آر کوڈ کے ذریعے دو سوالات پر رائے لی گئی: کیا ہزارہ کو الگ صوبہ بنایا جانا چاہیے؟ اور کیا ہری پور اور ایبٹ آباد کو اسلام آباد میں ضم کر دینا چاہیے؟

مباحثے سے پہلےچونسٹھ فیصد شرکا نے ہزارہ کو الگ صوبہ بنانے کے حق میں رائے دی تھی جبکہ چھتیس فیصد نے مخالفت کی تھی۔ مباحثے کے بعد ہزارہ صوبے کے حق میں رائے دینے والوں کی شرح کم ہو کر تریپن فیصد رہ گئی جبکہ تقریباً سینتالیس فیصد شرکا نے مخالفت کی۔

دوسرے سوال پر مباحثے سے پہلے پچھتر فیصد شرکا نے ہری پور اور ایبٹ آباد کو اسلام آباد میں ضم کرنے کی مخالفت کی تھی جبکہ پچیس فیصد نے حمایت کی تھی۔ مباحثے کے بعد مخالفت بڑھ کر تقریباً ستاسی فیصد ہو گئی جبکہ حمایت کرنے والوں کی شرح تیرہ فیصد رہ گئی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here