14 نومبر 2026
اسلام آباد (فوزیہ کلثوم رانا)
پاکستان میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کے حوالے سے جاری بحث کے دوران بچوں، قانون سازوں، ڈیجیٹل حقوق کے ماہرین اور بچوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے اداروں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ بچوں کو سوشل میڈیا سے مکمل طور پر دور رکھنے کے بجائے انہیں محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنے، سوشل میڈیا کمپنیوں کو جواب دہ بنانے اور مؤثر قوانین و ضابطہ کاری کی ضرورت ہے۔
اس اہم موضوع پر وائس پی کے ڈاٹ نیٹ (Voicepk.net) کے پروگرام ’’اسپاٹ لائٹ‘‘ کے تحت اسلام آباد کے ایک نجی اسکول میں خصوصی مباحثے کا انعقاد کیا گیا، جس کی میزبانی معروف صحافی اور پروگرام کی میزبان منیزے جہانگیر نے کی۔ مباحثے میں 14 سے 16 سال کی عمر کے طلبہ نے شرکت کی، جبکہ مجموعی طور پر ڈیڑھ سو کے قریب بچوں کی موجودگی میں انہیں اپنی رائے کے اظہار اور پالیسی سازوں سے براہ راست سوالات کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔
مباحثے کا بنیادی موضوع یہ تھا کہ آیا 16 سال سے کم عمر بچوں کو سوشل میڈیا استعمال کرنے کی اجازت ہونی چاہیے یا نہیں۔ اس موقع پر بچوں سے مباحثے سے قبل اور بعد میں آن لائن پولنگ کے ذریعے ان کی رائے بھی حاصل کی گئی۔
مباحثے میں نیشنل کمیشن آن دی رائٹس آف چائلڈ (NCRC) کی چیئرپرسن عائشہ رضا فاروق، مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان، ڈیجیٹل حقوق کے کارکن اور بولو بھی کے ڈائریکٹر اسامہ خلجی، جبکہ بچوں کے تحفظ اور صحت کے شعبے میں کام کرنے والی محقق اور پہچان کی ڈائریکٹر پروگرامز ڈاکٹر مہک نعیم نے شرکت کی۔
میزبان منیزے جہانگیر نے گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کی بحث پہلے سینیٹ اور بعد ازاں پنجاب اسمبلی تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جولائی 2025 میں سینیٹ میں سینیٹر سرمد علی اور سینیٹر مسرور احسن کی جانب سے اس معاملے پر بحث کا آغاز ہوا، جبکہ بعد ازاں پنجاب اسمبلی میں بھی اس حوالے سے قرارداد منظور کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ جب بچوں سے متعلق پالیسیاں اور قوانین بنائے جا رہے ہوں تو ان بچوں کی رائے کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا جن کی زندگیوں پر ان فیصلوں کے براہ راست اثرات مرتب ہوں گے۔
منیزے جہانگیر نے اقوام متحدہ کے کنونشن برائے حقوقِ اطفال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان 1990 میں اس کنونشن پر دستخط کر چکا ہے، جس کے تحت بچوں کو آزادی اظہار، معلومات تک رسائی، تفریح اور دیگر بنیادی حقوق حاصل ہیں۔ اصل سوال یہ ہے کہ بچوں کے تحفظ اور ان کے بنیادی حقوق کے درمیان توازن کیسے قائم کیا جائے۔
مکمل پابندی کے بجائے مؤثر ضابطہ کاری کی حمایت
عائشہ رضا فاروق نے واضح کیا کہ نیشنل کمیشن آن دی رائٹس آف چائلڈ 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا پر مکمل پابندی کی حمایت نہیں کرتا، تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو مزید ضابطے میں لانے کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے دوسرے مؤثر طریقے بھی موجود ہیں اور پاکستان کو دوسرے ممالک کے ماڈلز کی نقل کرنے کے بجائے اپنی زمینی حقیقتوں اور ادارہ جاتی صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسی بنانی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بچوں کے سوشل میڈیا استعمال، اس کے مثبت اور منفی اثرات، آن لائن ہراسانی اور دیگر خطرات کے حوالے سے ایک جامع قومی تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ پالیسی سازوں کو مستند شواہد کی بنیاد پر فیصلے کرنے میں مدد مل سکے۔
عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کی زیادہ ذمہ داری ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز پر عائد ہونی چاہیے۔ پلیٹ فارمز پر بچوں کو ان کی عمر کے مطابق مواد دکھایا جائے، نقصان دہ مواد فوری طور پر ہٹایا جائے اور آن لائن جرائم میں ملوث افراد کو جواب دہ بنایا جائے۔
انہوں نے سائبر بُلنگ، گرومنگ اور آن لائن بلیک میلنگ جیسے خطرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو ایسا ماحول فراہم کرنا ضروری ہے جہاں وہ کسی بھی مسئلے کی صورت میں اپنے والدین، اساتذہ اور متعلقہ اداروں سے بلا خوف رجوع کر سکیں۔
بچوں کے آن لائن تحفظ کے لیے موجودہ نظام میں خامیوں کی نشاندہی
ڈاکٹر مہک نعیم نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں بچوں کے لیے سوشل میڈیا پر پابندی کے تجربات کے باوجود وہاں بھی محفوظ ڈیجیٹل ماحول کی تشکیل، قانونی فریم ورک اور اداروں کی استعداد کار بہتر بنانے پر کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی قوانین اور ادارے موجود ہیں، جن میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA)، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) اور سوشل میڈیا ریگولیشن سے متعلق ادارے شامل ہیں، تاہم اصل ضرورت ان اداروں کو مؤثر بنانے، ان کے وسائل اور انسانی صلاحیتوں میں اضافے اور رپورٹنگ کے نظام کو بہتر بنانے کی ہے۔
ڈاکٹر مہک نعیم نے کہا کہ بچوں کو آن لائن ہراسانی کا سامنا کن پلیٹ فارمز پر زیادہ ہوتا ہے، اس حوالے سے تحقیق میں اسنیپ چیٹ اور واٹس ایپ جیسے پلیٹ فارمز بھی سامنے آئے ہیں۔ ایسے میں صرف چند سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی لگانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر پاکستان میں رپورٹنگ کا نظام، متعلقہ اداروں کی استعداد اور قانونی عمل درآمد مضبوط نہیں تو ترقی یافتہ ممالک کی پابندیوں کو یہاں اسی طرح نافذ کرنے کے نتائج کیسے حاصل کیے جا سکتے ہیں؟
ان کے مطابق بچوں کے تحفظ کے لیے ایک کثیرالجہتی حکمت عملی درکار ہے، جس میں ڈیجیٹل خواندگی، والدین کی تربیت، اسکولوں کا کردار، اداروں کی استعداد کار اور قوانین میں ضروری ترامیم شامل ہوں۔
سوشل میڈیا کمپنیوں کا بنیادی مقصد منافع ہے، بچوں کا تحفظ نہیں: سینیٹر افنان اللہ خان
سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان نے کہا کہ سوشل میڈیا کمپنیوں کا بنیادی مقصد منافع کمانا ہے، بچوں کا تحفظ ان کی اولین ترجیح نہیں۔ میٹا، گوگل، اسنیپ چیٹ اور دیگر ڈیجیٹل کمپنیوں کے کاروباری ماڈلز کو سمجھنا ضروری ہے کیونکہ ان کے پلیٹ فارمز ایسے الگورتھمز کے ذریعے کام کرتے ہیں جو صارفین کو زیادہ سے زیادہ وقت تک اپنی جانب متوجہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بچوں میں مخصوص گیمز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے استعمال کی عادت بعض اوقات لت کی شکل اختیار کر لیتی ہے، اس لیے بچوں کو آن لائن خطرات اور ڈیجیٹل کمپنیوں کے کاروباری مفادات سے محفوظ رکھنا ضروری ہے۔
سینیٹر افنان اللہ خان نے بچوں کے لیے غیر نگرانی شدہ سوشل میڈیا رسائی محدود کرنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ والدین بچوں کے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا استعمال کے اوقات مقرر کر سکتے ہیں اور اس حوالے سے نگرانی کا نظام قائم کر سکتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے صرف ایک اقدام کافی نہیں بلکہ قانون، والدین کی نگرانی اور معاشرتی ذمہ داری کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
بچوں کے ڈیٹا اور جعلی اکاؤنٹس کے حوالے سے اہم سوالات
مباحثے کے دوران طالب علم حمزہ ندیم نے سینیٹر افنان اللہ خان سے ایک اہم سوال کیا کہ اگر بچوں کے لیے الگ اکاؤنٹس بنائے جاتے ہیں تو اس بات کو کیسے یقینی بنایا جائے گا کہ کوئی بالغ شخص جعلی شناخت کے ذریعے بچوں کے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل نہ کر سکے؟
انہوں نے ڈیٹا پرائیویسی کے حوالے سے بھی سوال اٹھایا کہ بچوں کی عمر کی تصدیق کے لیے اگر ذاتی معلومات جمع کی جاتی ہیں تو اس بات کی کیا ضمانت ہوگی کہ ان معلومات کا غیر ضروری استعمال نہیں ہوگا اور بچوں کی نجی زندگی متاثر نہیں ہوگی؟
سینیٹر افنان اللہ خان نے جواب میں کہا کہ پاکستان میں ڈیٹا کو مقامی ڈیٹا سینٹرز میں محفوظ کرنے اور اس کے انتظام کے حوالے سے قانونی اور پالیسی سطح پر کام جاری ہے۔ ان کے مطابق عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو پاکستان میں ڈیٹا محفوظ کرنے کے تقاضوں پر تحفظات ہیں۔
انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ بچوں کے اکاؤنٹس کی عمر کی تصدیق ایک بڑا چیلنج ہے اور صرف صارف کی جانب سے اپنی عمر بتا دینا کافی نہیں ہوگا۔
عائشہ رضا فاروق نے بتایا کہ میٹا کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں مصنوعی ذہانت کی مدد سے عمر کی شناخت کے مختلف طریقوں پر بھی غور کیا جا رہا ہے، تاہم چہرے کی شناخت اور عمر کی تصدیق کے نظام کے حوالے سے رازداری کے خدشات کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔
بچوں نے پوچھا: مجرموں کو سزا دینے کے بجائے بچوں پر پابندی کیوں؟
مباحثے کا سب سے اہم حصہ اس وقت سامنے آیا جب طالب علم طلحہ ابوبکر نے سوال اٹھایا کہ آن لائن جرائم کرنے والوں کو جواب دہ بنانے کے بجائے بچوں کی سوشل میڈیا تک رسائی محدود کیوں کی جا رہی ہے؟
انہوں نے سوال کیا کہ جب ریاست کے پاس سائبر نگرانی، آئی پی ٹریسنگ اور دیگر تکنیکی ذرائع موجود ہیں تو ان کا استعمال مجرموں کی شناخت اور انہیں سزا دینے کے لیے کیوں نہیں کیا جاتا؟
ان کے سوال پر شرکا نے بھرپور تالیاں بجائیں۔
عائشہ رضا فاروق نے اس موقف سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو سزا دینے کے بجائے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور آن لائن جرائم میں ملوث افراد کو جواب دہ بنانا چاہیے۔ نقصان دہ مواد کو ہٹانے، جرائم کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی اور پلیٹ فارمز کے الگورتھمز کو محفوظ بنانے کی ضرورت ہے۔
اسامہ خلجی نے کہا کہ اگر سوشل میڈیا پر پابندی لگائی جاتی ہے تو اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ متاثرہ بچوں ہی کو ان کے ڈیجیٹل حقوق سے محروم کیا جائے گا، جبکہ اصل ذمہ دار یعنی جرائم کرنے والے افراد اور پلیٹ فارمز جواب دہی سے بچ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کے لیے سوشل میڈیا پر پابندی دراصل ریاست کی ذمہ داری کو بچوں پر منتقل کرنے کے مترادف ہے۔ ریاست کو چاہیے کہ وہ مجرموں اور نقصان دہ سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کرے، نہ کہ بچوں کو ہی ڈیجیٹل دنیا سے باہر کر دے۔
بچوں کو ڈیجیٹل دنیا سے دور نہیں بلکہ اس کے لیے تیار کرنا ہوگا
ڈاکٹر مہک نعیم نے اسامہ خلجی کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ مکمل پابندی ایک محدود اور غیر مؤثر حکمت عملی ہے، کیونکہ اس سے بچوں کے تحفظ کی تمام تر ذمہ داری خود بچوں پر آ جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو ڈیجیٹل لٹریسی سکھانے کے ساتھ والدین اور اساتذہ کو بھی تربیت دینا ضروری ہے تاکہ وہ بچوں کی آن لائن سرگرمیوں اور خطرات کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔
ان کے مطابق اسکولوں کو ایسا محفوظ ماحول فراہم کرنا چاہیے جہاں بچے سائبر بُلنگ، ہراسانی یا بلیک میلنگ کی صورت میں بلا خوف اپنی شکایت درج کرا سکیں اور انہیں متعلقہ اداروں تک رسائی فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے قوانین میں موجود خامیوں کو دور کرنے اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کیے جانے والے نقصان دہ مواد کے حوالے سے بھی قانونی اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔
سوشل میڈیا بچوں کو دنیا کے مسائل سے آگاہ کرنے کا ذریعہ بھی ہے
مباحثے میں ایک طالبہ ہنزلا علی نے اہم سوال اٹھایا کہ اگر بچوں کو سوشل میڈیا سے دور رکھا جائے تو انہیں دنیا میں ہونے والے اہم واقعات، صنفی عدم مساوات اور طویل عرصے سے جاری انسانی المیوں کے بارے میں معلومات کیسے حاصل ہوں گی؟
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے بہت سے بچے دنیا بھر کے مسائل اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ ہوتے ہیں۔
اس سوال پر سینیٹر افنان اللہ خان نے کہا کہ ریاست کے پاس لامحدود وسائل نہیں ہوتے اور بچوں کے تحفظ میں والدین، معاشرے اور ریاست سب کی ذمہ داری شامل ہے۔
تاہم اسامہ خلجی نے اس موقف سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کو اپنے شہریوں، بالخصوص بچوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جب سیاسی عزم موجود ہو تو ریاست اپنے وسائل بروئے کار لا کر شہریوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کر سکتی ہے۔
اسامہ خلجی کے مطابق اگر ملک کی نصف سے زیادہ آبادی بچوں اور نوجوانوں پر مشتمل ہے تو ریاستی نظام بھی بچوں کی ضروریات اور حقوق کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نظام کو بچوں کے لیے سازگار اور بچوں کے حقوق پر مبنی ہونا چاہیے۔
ایک طالبہ کا سوال: پابندی کے بجائے سوشل میڈیا کو محفوظ کیوں نہیں بنایا جاتا؟
مومنہ فرخ نامی طالبہ نے بھی ایک اہم سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بحث کا مرکز یہ نہیں ہونا چاہیے کہ 16 سال سے کم عمر بچوں کو سوشل میڈیا استعمال کرنے کی اجازت دی جائے یا نہیں، بلکہ اصل سوال یہ ہونا چاہیے کہ سوشل میڈیا کو بچوں کے لیے محفوظ کیسے بنایا جا سکتا ہے؟
عائشہ رضا فاروق نے جواب میں کہا کہ یہی اس پوری بحث کا بنیادی نکتہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بچوں کو آن لائن خطرات سے بچانے کے لیے عمر کے مطابق مواد، نقصان دہ مواد کی فوری روک تھام، مجرموں کے خلاف کارروائی اور مؤثر شکایتی نظام ضروری ہے۔
انہوں نے بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی بچے کی کوئی نجی یا قابل اعتراض تصویر غلطی سے کسی دوسرے شخص کے ساتھ شیئر ہو جائے اور وہ شخص اسے بلیک میل یا ہراساں کرے تو بچے خاموش نہ رہیں۔
ان کے مطابق حکومت پاکستان نے میٹا کے تعاون سے ’’ٹیک اٹ ڈاؤن‘‘ پورٹل بھی متعارف کرایا ہے، جہاں بچوں سمیت متاثرہ افراد میٹا کے پلیٹ فارمز پر موجود نقصان دہ تصاویر یا مواد کو ہٹانے کے لیے رازداری کے ساتھ درخواست دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو اپنے والدین اور اساتذہ سے ایسے معاملات شیئر کرنے چاہییں، کیونکہ غلطی ہو جانے کی صورت میں خاموشی اختیار کرنا مزید خطرات پیدا کر سکتا ہے۔
پول کے نتائج میں 78 فیصد بچوں نے سوشل میڈیا کے حق میں رائے دی
مباحثے کے اختتام پر منیزے جہانگیر نے طلبہ کے سامنے دونوں پولز کے نتائج پیش کیے۔
مباحثے سے قبل ہونے والی پولنگ میں 78 فیصد بچوں نے 16 سال سے کم عمر بچوں کو سوشل میڈیا استعمال کرنے کی اجازت دینے کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ 22 فیصد نے اس کی مخالفت کی۔
مباحثے کے بعد ہونے والی پولنگ میں بھی 78 فیصد بچوں نے سوشل میڈیا تک رسائی کی حمایت کی، جبکہ 21 فیصد نے مخالفت میں ووٹ دیا۔
منیزے جہانگیر نے کہا کہ ان نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ بچوں کی اکثریت سوشل میڈیا تک رسائی برقرار رکھنے کے حق میں ہے، تاہم وہ اس بات سے بھی آگاہ ہیں کہ اس کے استعمال کو محفوظ بنانے کے لیے مؤثر ضابطہ کاری ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مباحثے کا سب سے اہم پہلو یہ تھا کہ قانون سازوں اور پالیسی سازوں نے بچوں کی رائے براہ راست سنی اور بچوں کو بھی اپنے سوالات اور خدشات پیش کرنے کا موقع ملا۔
مباحثے کے شرکا نے مجموعی طور پر اس امر پر زور دیا کہ بچوں کے تحفظ کے نام پر ان کے بنیادی حقوق، معلومات تک رسائی اور آزادی اظہار کو محدود کرنے کے بجائے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو جواب دہ بنایا جائے، آن لائن جرائم کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے اور والدین، تعلیمی اداروں اور ریاست کے درمیان مربوط حکمت عملی تشکیل دی جائے۔
مباحثے کا بنیادی پیغام یہی تھا کہ بچوں کو ڈیجیٹل دنیا سے مکمل طور پر الگ کرنا مسئلے کا مستقل حل نہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں محفوظ، ذمہ دارانہ اور بااختیار انداز میں ڈیجیٹل دنیا کا حصہ بنایا جائے۔