07 نومبر 2026

فوزیہ کلثوم رانا

لاہور


پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس پی ایف یو جےکے سیکرٹری جنرل ارشد انصاری نے کہا ہے کہ صحافیوں اور صحافت کو مشکلات سے نکالنے کے لیے مشترکہ جدوجہد ہی واحد حل ہے، لیکن صحافتی تنظیموں کی تقسیم اور متعدد یونینز کے قیام نے اجتماعی طاقت کو کمزور کر دیا ہے۔

وائس پی کے ڈاٹ نیٹ کے آڈینس بیسڈ پروگرام ’اسپاٹ لائٹ‘ میں آزادی صحافت کے لیے یونینز کے کردار پر میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ارشد انصاری کا مزید کہنا تھا کہ اگر صحافی ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو جائیں اور ماضی کی مزاحمتی تحریکوں کے جذبے کو دوبارہ زندہ کریں تو آج بھی اپنے حقوق کے لیے مؤثر جدوجہد ممکن ہے۔

اس پروگرام کا انعقاد لاہور پریس کلب میں کیا گیا، جس میں ارشد انصاری کے علاوہ سینئر صحافی اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سابق سیکرٹری جنرل ناصر زیدی، سینئر صحافی اور کالم نگار سہیل وڑائچ اور روزنامہ ڈان کے کوئٹہ بیورو چیف سلیم شاہد نے شرکت کی۔

اس بحث کو سننے کے لیے صحافیوں، نوجوان میڈیا ورکرز، خواتین، وکلا اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

صحافتی تنظیموں کی تقسیم اور کارکنوں کی معاشی مشکلات

ارشد انصاری کا کہنا تھا کہ آج صحافت کا منظرنامہ تبدیل ہو چکا ہے۔ اخبارات سے الیکٹرانک میڈیا اور پھر ڈیجیٹل و سوشل میڈیا تک ہونے والی تبدیلی نے صحافتی تنظیموں کے روایتی ڈھانچے کو متاثر کیا ہے۔

انہوں نے صحافیوں کی معاشی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب کسی کارکن کے گھر میں چولہا نہیں جل رہا، بچوں کی ضروریات پوری نہیں ہو رہیں اور میڈیا ادارے روزانہ کی بنیاد پر ملازمین کو فارغ کر رہے ہیں تو ایسے حالات میں مزاحمتی سیاست میں حصہ لینا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج صرف تنظیمیں ہی نہیں بلکہ کارکنوں کی اجتماعی قوت بھی کمزور ہوئی ہے، کیونکہ بہت سے صحافی یونین کی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے اس خوف کے باعث گریز کرتے ہیں کہ کہیں ان کی ملازمت ختم نہ ہو جائے۔

کنٹریکٹ سسٹم نے ٹریڈ یونینز کی بنیادیں کمزور کر دیں، ناصر زیدی

بحث میں حصہ لیتے ہوئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سابق سیکرٹری جنرل ناصر زیدی کا کہنا تھا کہ کنٹریکٹ اور تھرڈ پارٹی نظام نے ٹریڈ یونینز کی بنیادیں کمزور کر دی ہیں۔

ناصر زیدی کے مطابق ماضی میں مستقل ملازمتیں عام تھیں اور ویج بورڈ سمیت لیبر قوانین کے تحت کارکنوں کے حقوق کا تحفظ ممکن تھا، لیکن بعد میں کنٹریکٹ سسٹم اور پھر تھرڈ پارٹی کنٹریکٹ سسٹم متعارف کرایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ بعض معاہدوں میں ملازمین سے ایسی شرائط تسلیم کروائی جاتی ہیں جن کے تحت وہ ٹریڈ یونین کا حصہ نہیں بن سکتے اور انہیں ویج بورڈ ایوارڈ کے فوائد بھی حاصل نہیں ہوتے۔

انہوں نے جنگ گروپ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ 1977 میں ادارے میں تقریباً 2800 مستقل ملازمین تھے، جبکہ کنٹریکٹ ملازمین کی تعداد تقریباً 200 تھی۔ ان کے مطابق موجودہ صورتحال میں مستقل ملازمین کی تعداد کم ہو کر تقریباً 150 رہ گئی ہے، جبکہ کنٹریکٹ اور تھرڈ پارٹی ملازمین کی تعداد 1500 کے قریب پہنچ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس تبدیلی نے یونینز کی اجتماعی سودے بازی کی قوت کو شدید متاثر کیا ہے

ناصر زیدی نے مزید کہا کہ آزادی اظہار کے خلاف پابندیاں صرف حکومتوں کی جانب سے نہیں لگائی جاتیں بلکہ ریاستی اور غیر ریاستی عناصر سمیت مختلف قوتیں صحافتی تنظیموں کی مزاحمت کو کمزور کرنے میں کردار ادا کرتی رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر آنے والی حکومت نے کسی نہ کسی شکل میں سنسرشپ کو بطور ہتھیار استعمال کیا ہے۔ صحافیوں کی جدوجہد کا بنیادی مقصد ہمیشہ آزادی اظہار اور کارکنوں کے حقوق کا تحفظ رہا ہے۔

سرمایہ دارانہ نظام میں ٹریڈ یونینز کی گنجائش نہیں، سہیل وڑائچ

تاہم سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے اس مؤقف سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ دارانہ نظام میں ٹریڈ یونینز کی کوئی گنجائش نہیں، اس لیے صحافیوں کو اپنی حکمت عملی تبدیل کرنا ہوگی، کیونکہ اب یونینز پہلے جیسی مؤثر نہیں رہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یونینز کے مقابلے میں اب پریس کلبز زیادہ مضبوط ہو گئے ہیں، لیکن پریس کلب بنیادی طور پر سماجی کلب ہیں اور ان سے صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے زیادہ توقعات وابستہ نہیں کی جا سکتیں۔

اس موقع پر منیزے جہانگیر نے سوال اٹھایا کہ آخر یونینز کے مقابلے میں پریس کلب زیادہ مضبوط کیوں ہو گئے ہیں؟

اس کا جواب دیتے ہوئے سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ معاشرہ تمام شعبوں کے باہمی تعاون سے چلتا ہے۔ اگر ملک میں نہ سیاست ہو اور نہ عدلیہ آزاد ہو تو ایسے حالات میں یونینز کیسے کام کر سکتی ہیں؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ سچ بکتا ہے اور لوگ سچ سننا چاہتے ہیں۔ ایک دور میں پاکستان کا میڈیا سچ کی دوڑ میں شامل تھا، لیکن پابندیوں اور سنسرشپ کے باعث اب میڈیا میں جھوٹ کی دوڑ لگی ہوئی ہے۔

سوشل میڈیا نے صحافت کی تعریف اور یونینز کے کردار کو تبدیل کر دیا

مباحثے کے دوران منیزے جہانگیر نے ایک اہم سوال اٹھایا کہ جب میڈیا کا بڑا حصہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی طرف منتقل ہو رہا ہے اور نوجوان نسل اپنی خبریں سوشل میڈیا سے حاصل کر رہی ہے تو کیا روایتی صحافتی یونینز نئے ڈیجیٹل صحافیوں کو اپنی نمائندگی میں شامل کرنے کے لیے تیار ہیں؟

سہیل وڑائچ نے اس سوال کو موجودہ دور کا ایک اہم اور سلگتا ہوا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا اس وقت ابلاغ کے میدان میں سرفہرست آ چکا ہے اور اسے نظرانداز کرنا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ صحافی کی تعریف اور اس پیشے سے وابستہ افراد کے لیے قواعد و ضوابط نئے حالات کے مطابق طے کرنے ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کو تسلیم کیے بغیر صحافتی اداروں اور تنظیموں کا مستقبل ممکن نہیں۔

پریس کلب نہیں، ٹریڈ یونینز ہی صحافیوں کے معاشی حقوق کا تحفظ کر سکتی ہیں

اس کے بعد شرکا کو مہمان مقررین سے سوال و جواب کا موقع فراہم کیا گیا۔ لاہور پریس کلب کے سابق سیکرٹری اور سینئر صحافی زاہد عابد نے اس مؤقف سے اختلاف کیا کہ پریس کلب صحافتی یونینز کے مقابلے میں زیادہ مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے معاشی حقوق، ملازمتوں کے تحفظ اور برطرفیوں کے خلاف جدوجہد کے لیے صرف ٹریڈ یونینز ہی مؤثر پلیٹ فارم فراہم کر سکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا مالکان اور حکومتیں دونوں مضبوط ٹریڈ یونینز نہیں چاہتیں، کیونکہ کمزور تنظیموں کے باعث کارکنوں کے بڑے مسائل پس منظر میں چلے جاتے ہیں اور انہیں چھوٹی چھوٹی سہولتوں کے ذریعے مطمئن کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ برطرف صحافیوں کی بحالی اور واجبات کے حصول کے لیے متعلقہ قانونی فورمز، عدالتوں اور صنعتی تعلقات کے اداروں سے رجوع کرنا ضروری ہے۔

سیاسی جماعتیں اپوزیشن میں آزادی صحافت کی حامی، اقتدار میں پابندیاں کیوں؟

مباحثے کے دوران روزنامہ دی نیوز سے وابستہ صحافی شیر علی نے ایک اہم سوال اٹھایا کہ سیاسی جماعتیں اپوزیشن میں رہتے ہوئے آزادی صحافت اور آزادی اظہار کی حمایت کرتی ہیں، لیکن اقتدار میں آنے کے بعد اکثر صحافیوں کے خلاف اقدامات کرتی ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ ایسے تجربات کے بعد صحافتی یونینز اپنی جدوجہد کو کس طرح ازسرنو منظم کریں اور اپنے کھوئے ہوئے حقوق کیسے حاصل کریں؟

سہیل وڑائچ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جمہوریت، آزادی اظہار اور انسانی حقوق ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق کسی ایک شعبے میں آزادی، دیگر شعبوں کی آزادی کے بغیر ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں اپنی غلطیوں سے سیکھنے اور اصلاح کی گنجائش موجود ہوتی ہے۔ سیاسی جماعتوں کے مختلف ادوار میں صحافیوں کے ساتھ رویے بھی مختلف رہے ہیں، لیکن جمہوری نظام کا تسلسل ضروری ہے تاکہ ادارے اور سیاسی قوتیں اپنی غلطیوں سے سبق سیکھ سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار کے لیے جدوجہد کو جمہوریت، آزاد عدلیہ اور پارلیمنٹ کی مضبوطی سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ یہ تمام ادارے ایک دوسرے کے حقوق اور آزادیوں کی ضمانت بنتے ہیں۔

موجودہ حالات میں صحافیوں کی جدوجہد پہلے سے زیادہ ضروری ہے، ارشد انصاری

سینئر صحافی عارف میاں نے سوال اٹھایا کہ اگر ملک میں جمہوریت اور عدلیہ آزاد ہوں تو پھر جدوجہد کی ضرورت کیوں باقی رہ جاتی ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ اصل جدوجہد کی ضرورت تو اسی وقت پیش آتی ہے جب جمہوریت اور عدلیہ آزاد نہ ہوں۔

اس سوال کا جواب دیتے ہوئے ارشد انصاری نے کہا کہ آج میڈیا کو جن حالات کا سامنا ہے، ماضی میں ایسے حالات کبھی نہیں دیکھے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں صحافیوں کو اپنے حقوق کے لیے جدوجہد مزید تیز کرنا ہوگی۔

مباحثے کے بعد صحافتی یونینز پر عوامی اعتماد میں کمی

اس مباحثے سے پہلے اور بعد میں شرکا نے ایک آن لائن پول میں بھی حصہ لیا، جس میں سوال کیا گیا تھا کہ کیا صحافتی یونینز پاکستان کی صحافت کو بحران سے نکال سکتی ہیں؟

مباحثے سے پہلے 56 فیصد شرکا نے اس سوال کا جواب ہاں میں دیا، جبکہ 44 فیصد نے نہیں میں جواب دیا۔

تاہم مباحثے کے بعد سامنے آنے والے نتائج میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آئی۔ 73 فیصد شرکا نے اس سوال کا جواب نہیں میں دیا، جبکہ صرف 27 فیصد نے ہاں میں جواب دیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here