01 اگست 2025
تحریر
اعتزاز ابراہیم
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سریاب میں قمبرانی روڈ کے قریب کلی بنگلزئی سے بدھ کے روز دو کمسن بچیوں کی بوری بند لاشیں برآمد ہوئیں، جنہیں مبینہ طور پر سانس بند کرکے قتل کیا گیا۔ واقعے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق جاں بحق بچیوں کی شناخت 3 سالہ بی بی میرب اور 5 سالہ بی بی یسرا کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں بچیاں اپنی والدہ کے ہمراہ اپنے نانا کے گھر میں مقیم تھیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بچیوں کے والدین میں دو سال قبل علیحدگی ہو چکی تھی، جس کے بعد خاندانی فیصلے کے تحت بچیوں کو ماں کے پاس رکھا گیا جبکہ والد کو ہفتے میں ایک روز بچیوں کو اپنے ہمراہ لے جانے کی اجازت دی گئی تھی۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ چار روز قبل بچیوں کا چھوٹا چچا انہیں لینے کے لیے نانا کے گھر آیا، اور بتایا کہ گھر میں شادی ہے، اس لیے بچیاں دو تین روز تک ان کے پاس رہیں گی۔ تاہم، چار روز گزرنے کے باوجود بچیاں واپس نہ آئیں۔ بعد ازاں، دونوں کی لاشیں بوریوں میں بند حالت میں ملیں۔
لاشوں کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض نے دونوں بچیوں کا پوسٹ مارٹم کیا۔ ابتدائی رپورٹ میں تصدیق ہوئی ہے کہ بچیوں کو دم گھونٹ کر قتل کیا گیا۔ بی بی میرب کی عمر تین سال جبکہ بی بی یسرا کی عمر پانچ سال تھی۔ دونوں کی لاشیں بوریوں میں بند تھیں۔
سریاب پولیس نے مقدمہ درج کرکے کیس کو سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے۔
واقعے کی ایف آئی آر کوئٹہ کے تھانہ سریاب میں پولیس کی مدعیت میں درج کی گئی ہے، جس میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 302 (قتل) شامل کی گئی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق، پولیس کو اطلاع ملنے پر کلی بنگلزئی کے علاقے میں واقع ایک زیرِ تعمیر مکان میں کارروائی کی گئی، جہاں دو پلاسٹک کے تھیلوں سے شدید بدبو آ رہی تھی۔ تھیلے چیک کرنے پر دونوں کمسن بچیوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق، بچیوں کے نام پانچ سالہ بی بی یسرا اور تین سالہ بی بی میرب معلوم ہوئے۔ مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
ادھر وائس پی کے کی ٹیم نے سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ سے کیس میں اب تک ہونے والی تحقیقات، کسی ممکنہ ملزم کی گرفتاری کی معلومات حاصل کرنے کے لیے رابطہ کیا، تاہم ادارے کی جانب سے معلومات فراہم کرنے سے انکار کر دیا گیا۔
دوسری جانب، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ واقع کا نوٹس لیتے ہوئے اس پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے آئی جی پولیس کو ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کی ہدایت جاری کی ہے اور مقدمہ کو سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ کے سپرد کر دیا گیا ہے۔
میڈیا کو جاری بیان میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ایسے سفاک واقعات پورے معاشرے کے ضمیر کو جھنجھوڑتے ہیں، اور حکومت متاثرہ خاندانوں کو مکمل انصاف فراہم کرے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، اور امن کے قیام کے لیے عوام قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھرپور تعاون کریں۔
نیوز سٹوری کو مزید اپڈیٹ کیا گیا ہے ۔